سائن پرتیکشا نگر میں آتشزدگی میں گیس سلنڈر پھٹے ،کئی جھوپڑے خاکستر ۔میرابھائندر میں پٹاخوں سےآگ لگنے کے ۱۲۹؍ جبکہ پنویل میں ۲۴؍ گھنٹے میں ۲۸؍ واقعات۔ ۳؍گودام اور ۳؍ ہاتھ گاڑیاں تباہ۔ لاکھوں روپے کا نقصان۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 12:54 PM IST | Shahab Ansari / Waseem Patel / Sajid Mahmood Sheikh | Mumbai
سائن پرتیکشا نگر میں آتشزدگی میں گیس سلنڈر پھٹے ،کئی جھوپڑے خاکستر ۔میرابھائندر میں پٹاخوں سےآگ لگنے کے ۱۲۹؍ جبکہ پنویل میں ۲۴؍ گھنٹے میں ۲۸؍ واقعات۔ ۳؍گودام اور ۳؍ ہاتھ گاڑیاں تباہ۔ لاکھوں روپے کا نقصان۔
دیوالی میں ’ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن(ایم ایم آر) میں آتشزدگی کے واقعات کا سلسلہ جاری رہا۔ منگل کی شب تقریباً ۱۱؍ بجے وڈالا کے پرتیکشا نگر میں ایسی ہی بھیانک آگ لگی جیسی اتوار کی رات کو ڈونگری میں لگی تھی۔ پرتیکشا نگر کی آتشزدگی میں تقریباً ۳؍ سے ۴؍ گیس سلنڈر پھٹے ہیں جبکہ اے ایس پٹھان نامی ایک فائرمین بھی زخمی ہوگیا ہے۔ اس دوران منگل کو جنوبی ممبئی میں منترالیہ کے قریب ریاستی وزیر گنیش نائک کے بنگلے کے اے سی میں آگ لگ گئی جسے فوری طورپربجھا دیا گیا۔
سائن پرتیکشا نگر میں جھوپڑے خاکستر
منگل کی شب لگنے والی آگ نے پرتیکشا نگر میں واقع پولیس کوارٹرس میں ایل ۵؍ بلڈنگ کے قریب چند جھوپڑوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے وہ خاکستر ہوگئے۔ ان جھوپڑوں میں رکھے رسوئی گیس سلنڈروں میں دھماکے ہوئے جو دور تک سنائی دیئے اور شعلے بھی کافی دور تک نظر آئے۔ تاہم فائر بریگیڈ نے اسے ’لیول ایک‘ یعنی چھوٹی آگ قرار دیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک بی ایم سی یا فائر بریگیڈ نے آگ لگنے کی وجہ اور پھٹنے والے گیس سلنڈروں کی صحیح تعداد کی تصدیق نہیں کی تھی۔ اس آگ کو رات تقریباً ڈیڑھ بجے تک بجھا دیا گیا تھا لیکن احتیاطاً پانی ڈالنے کی کارروائی بعد میں بھی کئی گھنٹوں تک جاری تھی۔آگ بجھانے کی کوشش میں زخمی ہونے والے فائر مین اے ایس پٹھان کو علاج کیلئے سائن اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
گنیش نائک کے بنگلے میں آتشزدگی
منگل کو صبح تقریباً ساڑھے ۱۱؍ بجے بی جے پی لیڈر، ریاستی وزیر برائے جنگلات اور نوی ممبئی کے علاقے ایرولی کےرکن اسمبلی گنیش نائک کے منترالیہ کے سامنے واقع ’پَوَن گڑھ‘ بنگلے کے اےسی میںاچانک آگ لگ گئی ۔ فائر بریگیڈ عملہ نے ایک گھنٹے میں اس آگ کو بھی بجھا دیا لیکن آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تھی۔
۲۴؍ گھنٹے میں آگ لگنے کے ۱۴۲؍ واقعات
یاد رہے کہ ۸؍ نومبر کو ۲۴؍ گھنٹوں میں آتشزدگی کے ۱۴۲؍ واقعات رونما ہوئے تھے جن میں سے ۱۳۷؍ واقعات دیوالی کے پٹاخوں کی وجہ سے پیش آئے تھے۔ ان باتوں کے پیش نظر ممبئی اور تھانے میں پٹاخہ راکٹ اور اس جیسے اڑنے والے پٹاخوں کو جلانے پر عبوری پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تھانے میں منڈپ کے گودام میں آگ لگ گئی
بدھ کی صبح تھانے میں منڈپ کی سجاوٹ کا سامان رکھنے کے ایک گودام میں آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ریجنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے سربراہ یاسین تڑوی نے بتایا کہ ایمرجنسی سروسیز کو رات ۲؍ بجکر۲؍ منٹ پر کال موصول ہوئی کہ کلوا علاقے کے کھارے گاؤں میں ایک میدان پر بنے۲۵؍ فٹ بائی ۲۰؍ فٹ کے شیڈ میں آگ لگ گئی ہے جسے منڈپ کی سجاوٹ کا سامان رکھنے کیلئے گودام کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔آتشزدگی سے لکڑی کا سامان، قالین، سجاوٹ کا سامان اور گودام کا ڈھانچہ جل کر تباہ ہو گیا۔ فائر بریگیڈ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا عملہ فوری طور پروہاں پہنچا اور آگ پر قابو پا لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔اسی طرح بدھ کی صبح واگلے اسٹیٹ میں واقع کسن نگر نمبر ایک کی سبزی منڈی میں آگ لگنے سے ۳؍ ہاتھ گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئیں۔ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔واگلے فائر اسٹیشن کے مطابق ان ۳؍ہاتھ گاڑیوں (ریڑھیاں) میں سے ۲؍ سبزی اور ایک دیوالی کا سامان بیچنےکیلئے استعمال ہوتی تھیں۔ فائر بریگیڈ نے وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔
پٹاخوں سے پنویل میں لاکھوں روپے کا نقصان
منگل کی صبح سے بدھ کی صبح تک فائر بریگیڈ اور پولیس کافی مصروف رہی کیونکہ پنویل اور اس کے قریب کے علاقوںمیں پٹاخوں سے۲۸؍حادثات ہوئے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ سے ملی اطلاع کے مطابق کوڑاکرکٹ کے ڈھیر، گودام، بلڈنگوں میں اور گالوں میں پٹاخوں سے آگ لگ گئی۔ سائی نگرسے قریب کامٹی ہاؤس بلڈنگ کی ایک بالکنی میں پٹاخہ گرا جس سے وہاں موجود صوفے پوری طرح سے جل گئے۔ خوش قسمتی سے وہاں موجود ۴؍ افراد محفوظ رہے۔ اسی طرح کلمبو لی کے سیکٹر۳۰؍ میں ۲؍ گوداموں میں آگ لگ گئی جس سے وہاں رکھا تمام سامان خاکستر ہوگیا۔ اسی طرح کامو ٹھے کے سیکٹر۳۶؍ میں پٹاخہ سے ایک گالا جہاں فرنیچر بنانے کا سامان رکھا ہوا تھا، پوری طرح سے جل کر خاک ہوگیا۔اسی طرح تلوجہ کے فیز- ون میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک گالے کے علاوہ کوٹھاری گاؤں اور نامچی گاؤں میں۵؍ گالے اور گودام میں آگ لگ گئی جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو ا۔ اسی طرح دیگر جگہوں پر بھی آتشزدگی کے واقعات ہوئے۔خوش قسمتی سے ان تمام واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حادثات کے پیش نظر لوگ پٹاخے پھوڑنے کےرہنما اصول بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
میرا بھائندر میں آتش بازی آفت بن گئی
دیوالی پر آتش بازی میرا بھائندر کیلئے آفت ثابت ہوئی۔ گزشتہ ۲؍ دن میں شہر کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے۱۲۹؍ واقعات ہوئے۔ مانڈوی پاڑہ کی جھوپڑ پٹی میں آتشزدگی سے ۵؍ جھوپڑیاں جل گئیں، ایس ایم ہائی اسکول کا ایک کلاس روم اور پلانٹ پریسر میں شادی کے منڈپ کا سامان بھی خاکستر ہو گیا۔ فائر بریگیڈ کے مطابق اتوار کی رات کنکیا میں۳۰ ، کلپنا چاولہ مرکز میں۲۷ ، سلور پارک میں۱۹، پینکر پاڑہ میں۱۵ ، نوگھر میں۱۴؍ اور اتن میں۲؍ واقعات ہوئے۔ فائر آفیسر پرکاش بوراڈے نے بتایا کہ ایک ہی رات میں اتنی بڑی تعداد میں واقعات سے محکمہ پر شدید دباؤ پڑا۔ دوسری طرف پٹاخوں سے فضائی آلودگی بھی خطرناک حد تک بڑھ گئی۔ اتوار کو شہر کا اے کیو آئی۴۰۰؍ سے تجاوز کر گیا جس سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری پیش آئی۔
ممنوعہ پٹاخہ راکٹ جلانے پر کیس درج
دریں اثناء پابندی کے باوجودپٹاخہ راکٹ جلانے پر کاشی گاؤں پولیس نے کارروائی کی ہے۔گزشتہ رات تقریباً ایک بجے میرا روڈ مشرق کے جے پی بینک روڈ پر۲۸؍ سالہ آدتیہ راج اروند گپتا کوپٹاخہ راکٹ جلاتے ہوئے پایا گیاجس پر بی این ایس کی دفعہ۲۲۳؍ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ۵۱؍ کے تحت کیس درج کرلیا گیا ہے۔ سینئر پولیس افسر گنپت پنگلے نے بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور دیگر تھانوں میں بھی اسی نوعیت کے کیس درج ہوئے ہیں۔
بھیونڈی اور نوی ممبئی میں حادثات
منگل کی صبح سویرے بھیونڈی کے لاہوٹی کمپاؤنڈ میں واقع کباڑ کے ایک گودام میں بھیانک آگ لگ گئی جو بعد میں پھیل کر ایک پاور لوم فیکٹری تک پہنچ گئی۔مقامی افراد اور مزدوروں نے مشینری، کپڑا بنانے کا خام مال اور دیگر سامان محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ۔ تاہم فیکٹری جل کر راکھ ہو گئی۔اس بارے میں ایک میونسپل افسر نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد فائربریگیڈ نے وہاں پہنچ کر سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اسی طرح نوی ممبئی کے تلاولی علاقے میں لکڑی کے ایک گودام میں دوپہر تقریباً ۲؍بجے آگ لگ گئی۔ڈیڑھ گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ اسی طرح منگل کو تربھے ڈمپنگ گراؤنڈ میں آگ لگ گئی تھی۔