• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: حدود کا جواز دے کرتدفین سے انکار، احتجاج کے بعد خاتون کی تدفین ممکن ہوسکی

Updated: November 12, 2026, 12:54 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

کسی انسان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے  بھی اگر اہل خانہ کو گھنٹوں دربدر بھٹکنا پڑے تو یہ صورتحال شہری انتظامیہ کے دعوؤں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر کئی سوالات کھڑے کرتی ہے۔

Family members and local residents protesting after being denied permission for burial. Photo: INN
تدفین کی اجازت نہ ملنے پر اہل خانہ اور مقامی افراد احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

کسی انسان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لئے  بھی اگر اہل خانہ کو گھنٹوں دربدر بھٹکنا پڑے تو یہ صورتحال شہری انتظامیہ کے دعوؤں اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر کئی سوالات کھڑے کرتی ہے۔ موہنے  میں پیش آنے والا ایک ایسا ہی واقعہ اس وقت شدید کشیدگی کا سبب بن گیاجب وسیم النساء قاضی کے انتقال کے بعد ان کی تدفین کیلئے دو مختلف قبرستانوں میں جگہ دینے سے انکار کردیا گیا۔ نتیجتاً اہل خانہ کو تقریباً ۱۰؍ گھنٹے تک جدوجہد اور احتجاج کرنا پڑا۔ بالآخر کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی)کی جانب سے قبرستان کے دیرینہ مسئلہ کو حل کرنے کے لیے ضروری کارروائی کرنے کی تحریری یقین دہانی کے بعد معاملہ ختم ہوا اور کلیان مغرب کے ٹیکڑی قبرستان میں مرحومہ کی تدفین عمل میں آئی۔

تدفین سے اسلئے انکار کیا گیا

وسیم النساء قاضی گزشتہ چند دنوں سے کوما میں تھیں۔منگل کی صبح ان کا انتقال ہوگیا جس کے بعد اہل خانہ نے تدفین کی تیاریاں شروع کیں۔سب سے پہلے میت کو شہاڈ کے قبرستان لے جایا گیا تاہم وہاں یہ کہتے ہوئے تدفین کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیا کہ مرحومہ متعلقہ حدود میں رہائش پزیر نہیں تھیں۔اس کے بعد اہل خانہ میت لے کر کلیان مغرب کے ٹیکڑی قبرستان پہنچے لیکن وہاں بھی حدود کا حوالہ دے کر تدفین کی اجازت نہیں دی گئی۔ یکے بعد دیگرے ۲؍ قبرستانوں سے انکار کے بعد اہل خانہ شدید پریشانی اوربے بسی کا شکار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھئے: ممبئی، نوی ممبئی، تھانے، بھیونڈی، پنویل اور میرابھائندر میں آگ ہی آگ

میت میونسپل کمشنر کی رہائش گاہ لے جانے کی کوشش

تدفین کی اجازت نہ ملنے پر مشتعل اہل خانہ نے میت کو براہِ راست میونسپل کمشنر کی رہائش گاہ پر لے جانے کا فیصلہ کیا۔تاہم پولیس نے پریم آٹو میں ہی انہیں روک دیا جس کے بعد وہاں کشیدگی پیدا ہوگئی۔صورتِ حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اہل خانہ، پولیس افسران، سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں اور میونسپل انتظامیہ کے درمیان بات چیت شروع ہوئی۔تقریباً ۳؍ گھنٹے تک جاری رہنے والی اس گفتگو میں موہنے کے شہریوں کے لئے  مستقل قبرستان فراہم کرنے کامطالبہ زور دار انداز میں اٹھایا گیا۔دراصل موہنے کے شہریوں کے لیے ٹٹوالا میں قبرستان کی جگہ مختص کی گئی تھی لیکن مقامی شہریوں کا الزام ہے کہ اس اراضی پر زمین مافیا نے قبضہ کرلیا ہے۔ اس مبینہ قبضے کے باعث علاقے کے مسلمانوں کومیتوں کی تدفین کیلئے شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قبرستان جیسی بنیادی ضرورت کے لیے بھی انہیں دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے لیکن وہاں بھی علاقائی حدود کا حوالہ دے کر تدفین سے انکار کردیا جاتا ہے۔طویل گفت و شنید کے بعد کے ڈی ایم سی انتظامیہ نے قبرستان کے مسئلہ پر جلد ہی ایک میٹنگ منعقد کرکے ضروری کارروائی کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی۔اس یقین دہانی کے بعد اہلِ خانہ نے اپنا احتجاج واپس لے لیا اور بالآخر کلیان مغرب کے ٹیکڑی قبرستان میں وسیم النساء قاضی کی تدفین عمل میں آئی۔اس واقعہ نے ایک مرتبہ پھر موہنے میں قبرستان کی عدم دستیابی اور ٹٹوالا میں مختص قبرستان کی زمین پر مبینہ قبضے کے مسئلہ کو اجاگر کردیا ہے۔شہریوں کے درمیان یہ سوال شدت سے اٹھ رہا ہے کہ آخر قبرستان کی زمین پر مبینہ غیر قانونی قبضہ کب ختم ہوگا؟ موہنے کے شہریوں کو مستقل قبرستان کی سہولت کب فراہم کی جائے گی؟ کیا میونسپل انتظامیہ کی تحریری یقین دہانی کے بعد اس دیرینہ مسئلہ کا کوئی مستقل حل نکل سکے گا یا شہریوں کو آئندہ بھی اپنے پیاروں کی آخری رسومات کے لیے اسی طرح دربدر بھٹکنا پڑے گا؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK