۴۰؍ کروڑ کی بدعنوانی کا الزام، رام پور میں ڈی ایم کے عہدہ پر رہتے ہوئے سماجوادی لیڈر کو۱۰۰؍ سے زائد مقدمات میں ماخوذ کروایا تھا۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 1:55 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow
۴۰؍ کروڑ کی بدعنوانی کا الزام، رام پور میں ڈی ایم کے عہدہ پر رہتے ہوئے سماجوادی لیڈر کو۱۰۰؍ سے زائد مقدمات میں ماخوذ کروایا تھا۔
رام پور میں جس ضلع مجسٹریٹ کے دور میں سماجوادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان کے خلاف ۱۰۰؍ سے زائد مقدمات درج کئے گئے تھے، وہ افسر اب خود ۴۰؍ کروڑ کی بدعنوانی کے معاملے میں پھنستا نظر آرہاہے۔ آئی اے ایس افسر آنجنے کمار سنگھ پر الزام عائد ہورہا ہے کہ انہوں نے مرادآباد ڈویژن کے کمشنر کی حیثیت سے رامپور کی تقریباً ۴۰؍ کروڑ روپے مالیت کی سرکاری زمین ایک کاروباری کے نام منتقل کر دی۔ آنجنے کمار نے رامپور کے سابق رکن اسمبلی اعظم خان اور ان کی یونیورسٹی کے خلاف کارروائی کی تھی جس کے بعد انہیں ترقی دیکر مرادآباد ڈویژن کا کمشنر بنایا گیا اور ملازمت میں ۷؍ مرتبہ توسیع کی گئی ۔ وہ تقریباً چھ برس تک اس عہدے پر فائز رہے۔ فی الحال وہ دہلی میں سکم ہاؤس میں او ایس ڈی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
آنجنے کمار کے دور میں مراد آباد کمشنر عدالت سے جاری ایک حکم پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ الزام ہے کہ رام پور کی سرکاری زمین کو ایک نجی کاروباری کے حق میں ’قابل منتقلی زمین‘ قرار دینے کا راستہ کھولا گیا۔
مرادآباد میں کمشنر کی حیثیت سے دیاگیا فیصلہ
یہ معاملہ رام پور ضلع کی صدر تحصیل کے سرائے دروازہ علاقے میں واقع زمین سے متعلق ہے جس کی موجودہ قیمت تقریباً ۴۰؍کروڑ روپے ہے۔ ریونیو ریکارڈ کے مطابق یہ زمین ’نان زیڈ اے ‘زمرہ ۱۵؍ میں سرکاری جائیداد کے طور پر درج تھی یعنی ایسی زمین جو زمینداری کے خاتمے کے قانون کے عام دائرۂ کار میں شامل نہیں ہوتی۔ تاجر ڈاکٹر محمود علی خاں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ۶؍ اپریل ۲۰۱۹ءکو وجاہت علی رضوی سے یہ زمین خریدی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے زمین پر تعمیراتی کام شروع کرنے کی کوشش کی لیکن انتظامیہ نے روک لگا دی۔ انہوں نے زمین پر اپنے حقوق تسلیم کرانے کیلئے ایس ڈی ایم رام پور کی عدالت سے رجوع کیا۔ ۱۶؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو ایس ڈی ایم عدالت نے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے زمین کو ریاستی حکومت کی ملکیت قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: کشمیر کے کولگام میں دہشت گردانہ حملہ، سی آر پی ایف کیمپ پر فائرنگ، ۳؍ جوان زخمی
اس فیصلے کے خلاف انہوں نے مراد آباد کمشنر عدالت میں اپیل داخل کی۔ کمشنر عدالت نے ایس ڈی ایم کے فیصلے کو پلٹتے ہوئے تاجر کو ’انتقالی بھومیدھر ‘قرار دے دیا یعنی ایسا زمیندار جو مقررہ قانونی شرائط کے تحت اپنی زمین کسی دوسرے شخص کو فروخت، منتقل یا وراثت میں دے سکتا ہے۔ اُس وقت آنجنے کمار سنگھ مراد آباد کے کمشنر تھے۔ ڈاکٹر محمود علی خان کمشنر عدالت کے حکم کی نقل لے کر رام پور کلکٹریٹ پہنچے اور’ بھولیکھ پورٹل‘ پر اپنا نام درج کرانے کی کارروائی شروع کرانا چاہی۔ ریونیو حکام نے ریکارڈ کی جانچ کی تو زمین سرکاری جائیداد کے طور پر درج ملی۔ اس کے بعد نام درج کرنے کی کارروائی روک دی گئی اور مزید جانچ شروع ہوئی۔اس معاملے میں ۱۵؍ جون ۲۰۱۲ء کے حکومتی حکم نامے کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
کیا کمشنر کا حکم قانونی طور پر درست تھا؟
اس حکم نامے کا تعلق شہری علاقوں کی’ نان زیڈ اے‘ زمین کو نجی ملکیت میں تبدیل کرنے سے متعلق قانونی پابندیوں سے ہے۔اس پورے معاملہ میں اب سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کیا کمشنر عدالت کا ۲۰۲۴ء کا حکم قانونی طور پر درست تھا؟ کیا سرکاری زمین کو نجی شخص کے حق میں ’انتقالی بھومیدھر‘ قرار دیا جا سکتا تھا؟ اور کیا اس معاملے میں کسی افسر کی انتظامی یا قانونی ذمہ داری بنتی ہے؟فی الحال ریونیو ریکارڈ، عدالتی حکم اور زمین کی اصل ملکیت سے متعلق قانونی پہلوؤں کی جانچ اہم ہے۔ معاملے میں کسی افسر کے خلاف بدعنوانی ثابت ہونے یا حتمی سزا کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔یہ معاملہ صرف۴۰؍ کروڑ روپئے کی زمین کا نہیں بلکہ سرکاری جائیداد کے تحفظ اور ریونیو عدالتوں کے اختیارات سے بھی جڑا ہوا ہے۔