• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آرٹی ای داخلے کی معاوضہ کی رقم نہ ملنے سےاسکول انتظامیہ پریشان

Updated: November 14, 2026, 12:52 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

رواں تعلیمی سال کا نصف حصہ گزرنےکےباوجود حکومت نے معاوضہ کی رقم ادا نہیں کی، اسکولوں کو مالی منصوبہ بندی میں دشواری کاسامنا، فنڈ جاری نہ کرنے کی صورت میں احتجاج کرنے کاانتباہ۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

آرٹی ای ایڈمیشن کیلئے حکومت کی جانب سے نجی انگریزی میڈیم اسکولوں کو ملنے والا معاوضہ ششماہی امتحان ختم ہونے کے باوجود نہیں ملا ہے جس کی وجہ سے ان اسکولوں کو شدیدمالی پریشانیوں سے گزرنا پڑ رہا ہے ۔ اس رقم کی جلد ادائیگی نہ کرنے پر ان اسکولوں نے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ 

آر ٹی ای کے تحت داخلہ لینے والے طلبہ کی فیس کی رقم حکومت کی جانب سے اسکولوں کو ادا کی جاتی ہے،  رواں تعلیمی سال کا تقریباً نصف حصہ گزر جانے کے باوجود پرائیویٹ انگلش میڈیم اسکولوں کو معاوضے کی رقم نہیں ملی ہے ۔ ایک طرف ۲۵؍فیصد سیٹوں پر مفت داخلہ دینے کی ذمہ داری اسکولوں پر ڈالی گئی ہے اور دوسری طرف ان کی واجب الادا رقم سالہا سال سے زیر التواء رکھی جا رہی ہے ، جس پر ان اسکولوں کی اسوسی ایشن کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ اس تعلق سے ریاست پر کروڑوں روپے واجب الادا ہیں۔

واضح رہے کہ آر ٹی ای کے تحت ریاست کے انگلش میڈیم پرائیویٹ اسکولوں میں ۲۵؍ فیصد سیٹیں سماجی اور معاشی طور پر کمزور طبقات کے طلبہ کیلئے مختص ہیں ۔ متعلقہ اسکول ان نشستوں پر داخلہ لینے والے طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرنے کی ذمہ دار ہیں ۔ اس کے بدلے میں حکومت ان طلبہ کی فیس اسکولوں کوادا کرنے کی ذمہ دار ہے لیکن اس رقم کی ادائیگی وقت پر نہ ہونے سے اسکولوں کو اپنا خرچ اپنے مالی وسائل سے پورا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: دیوالی کے موقع پر ممنوعہ پٹاخے پھوڑنے والے ۸۲؍افراد کیخلاف ایف آئی آر

مذکورہ رقم کے نہ ملنے سے اسکول اساتذہ کی تنخواہوں، اسکولوں کے روزانہ کے انتظامات، بجلی کے بلوں، تعلیمی مواد اور دیگر انتظامی اخراجات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ، وہیں حکومت کی جانب سے ملنے والی رقم کی ادائیگی میں تاخیر سے ان اداروں کو مالی پریشانی کا سامنا ہے۔ 

قابل ذکر بات یہ ہے کہ داخلہ کا عمل مکمل ہونے کے بعد طلبہ کی تعلیم جاری رہتی ہے لیکن اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ اس کیلئے حکومت سے ملنے والی رقم کب ملے گی۔ اس سے ادارے کے منتظمین کیلئے مالی منصوبہ بندی کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔اسکول کے پرنسپلوں کی شکایت ہے کہ ہر سال آر ٹی ای فیس کی واپسی کا معاملہ سامنے آنے کے باوجود محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ محض وعدوں اور انتظامی طریقہ کار کے نام پر معاوضے میں تاخیر کرنے کے بجائے فوری ایکشن لے اور پوری بقایا رقم ادا کرے۔

احتجاج کا انتباہ:گورننگ باڈیز نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ سرمائی اجلاس میں آر ٹی ای فیس کی واپسی کیلئےمعقول فنڈز دستیاب کرائے جائیں اور یہ کہ زیر التواء رقم فوری طور پر اسکولوں کے کھاتوں میں جمع کرائی جائے۔ بصورت دیگر تنظیموں نے انتباہ دیا ہے کہ انہیں حکومت کے خلاف احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK