نازیہ الٰہی خان کے خلاف پولیس کمشنرنے۴۸؍ گھنٹے میں کارروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی ۔
نازیہ الٰہی کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا منظر۔تصویر:آئی این این
شانِ رسالتمابؐ میں گستاخی کی جسارت کرنے والی دریدہ دہن نازیہ الٰہی خان نام کی خاتون کے خلاف پائیدھونی پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ۔ایف آئی آر پیر کی دیر رات میں درج کی گئی اوراس کی کاپی اس وقت پولیس اسٹیشن میں موجود مولانااعجاز کشمیری اور وفد کے دیگر ذمہ داران کو مہیا کرائی گئی ۔دریدہ دہنی کا ثبوت دیتے ہوئے شان ِ رسالتمآب ؐ میں گستاخی کی مذمو م جرأت کرنے والی نازیہ الٰہی خان کے خلاف درج ایف آئی آر میں متعدد دفعات عائد کی گئی ہیں۔
اس تعلق سےسنیچرکو جب رضااکیڈمی کے سربراہ محمدسعید نوری ،مولانا اعجاز احمد کشمیری اوردیگر اشخاص نے پولیس میں تحریری شکایت کرنے کے بعد پولیس کمشنر دیوین بھارتی سے بات چیت کی تھی تو پولیس کمشنر نے۴۸؍ گھنٹے کے اندر ایف آئی آر درج کرنے کا وعدہ کیا تھا ،حسب وعدہ ایف آئی آر درج کی گئی ۔ اس پرمحمد سعید نوری اور معین میاں نےفون کرکے شکریہ ادا کیا۔
یادر ہے کہ اس خاتون نے اپنی بدترین گھٹیا بیان بازی میں آقائے کریم ؐ اورام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کے تعلق سے ایسی بیہودگی کی ہے کہ ان جملوں کو نقل بھی نہیں کیا جاسکتا۔ایف آئی آر درج کرانے والوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس ملعون کی گرفتاری عمل میںآئے گی اورقانون کے تحت اس کوایسی سخت سزا ملے گی کہ وہ پھر اس طرح کی بیہودگی کی ہمت نہیں کرسکے گی ۔