Updated: June 24, 2026, 12:19 PM IST
|
Agency
| New Delhi
نیوزی لینڈ کی جیت میں امیلیا کیر کی شاندار گیندبازی اور ایزی شارپ کی ذمہ دارانہ بلے بازی کا اہم کرداررہا۔
نیوزی لینڈ کی بلے باز ایزی شارپ-تصویر:آئی این این
نیوزی لینڈ ویمنس کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنس ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں اسکاٹ لینڈ کو۶؍وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔نیوزی لینڈ کی جیت میں امیلیا کیر کی شاندار بولنگ اور ایزی شارپ کی ذمہ دارانہ نصف سنچری نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
اسکاٹ لینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ۲۰؍اوورز میں۷؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۳۱؍ر ن بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے۱۸ء۲؍ اوورز میں۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔امیلیا کیر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے۱۷؍ رن دے کر۳؍کھلا ڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایزی شارپ نے۶۲؍ رن کی بہترین اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔ ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پاور پلے کے اختتام پر اس کا اسکور۳۱؍ رن پر۳؍ وکٹ تھا۔ تاہم ایزی شارپ اور بروک ہیلیڈے نے چوتھے وکٹ کیلئے۱۰۱؍ رن کی ناقابلِ تسخیر شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔اسکاٹ لینڈ کی گیندبازی نے ابتدائی اوورز میں دباؤ ضرور برقرار رکھا لیکن کم مجموعے کے باعث وہ نیوزی لینڈ کو فتح سے نہ روک سکی۔ اس دوران اسکاٹ لینڈ کی فیلڈنگ میں بھی چند اہم مواقع ضائع ہوئے، جن کا خمیازہ ٹیم کو شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔یہ نیوزی لینڈ کی ۴؍میچوں میں دوسری کامیابی ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس فتح کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے کی اپنی امیدیں روشن کر لی ہیں۔