گوا میں بھیانک آتشزدگی کےبعد بی ایم سی کی ایماء پرفائربریگیڈ کا اقدام۔ خلاف ورزی پرسخت کارروائی کا انتباہ۔
گوا کے نائٹ کلب میں بھیانک آتشزدگی کے سبب ۲۵؍ افراد کی موت ہوگئی۔ تصویر:آئی این این
گوا کے ایک نائٹ کلب میں بھیانک آتشزدگی جس میں تقریباً ۲۵؍ جانیں تلف ہوئی ہیں ، کے بعد عروس البلاد ممبئی میں واقع ہوٹلوں، پب، کلب اور ریسٹورنٹ میں فائر سیفٹی کے قواعد کو عملی طور پر اپنایا گیا ہے یا نہیں ، اس بات کا پتہ لگانے کیلئے بی ایم سی نے ۲؍ دن خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس مہم میں فائر بریگیڈ کا عملہ کلیدی رول ادا کرتے ہوئے شہر اور مضافات کے ہوٹلوں، کلب، ریسٹورنٹ اور پب کا جائزہ لے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی بھی کرے گا ۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )کی اس ضمن میں فراہم کردہ اطلاع کے مطابق گوا کے پب میں ہونے والے دلدوز حادثہ کے بعد ۲۲؍ اور ۲۸؍ دسمبر کو ہوٹلوں ، پب ، کلب اور ریسٹورنٹ میں فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔بی ایم سی کے بقول گزشتہ سال بھی اس طرح کی مہم چلائی گئی تھی اور شہر کے ۷۳۱؍ ہوٹلوں ، پب، کلب اور ریسٹورنٹ کا جائزہ لیا گیا تھا ۔ ان میں ۱۲؍ اسٹیبلشمنٹ ایسے تھے جنہوںنے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کی تھی ۔ ان کے خلاف نہ صرف کارروائی کی گئی بلکہ لاکھوں روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیاتھا۔
اس ضمن میں فائر بریگیڈ نے بتایا کہ ہوٹل ، پب ، ریسٹورنٹ چلانے والوں کو فائر سیفٹی قوانین کے مطابق سب سے پہلے آگ لگنے پر لوگوں کی حفاظت کے انتظامات کرنا ، آگ بجھانے کے آلات کا موجود ہونا ،آگ لگنے کی صورت میں متاثرین کو بچانے کے لئے ایمرجنسی دروازہ ہونا اور دیگر قواعد پر عمل کرنا لازمی ہے ۔ فائر بریگیڈ کے بقول خصوصی مہم کے دوران فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل ، پب اور ریسٹورنٹ کے خلاف نہ صرف کارروائی کی جائے گی بلکہ بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ لائسنس بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے۔