Inquilab Logo

چھپرہ میں آرجےڈی اور بی جےپی حامیوں کے درمیان فائرنگ ،۲؍ کی موت

Updated: May 22, 2024, 12:32 PM IST | Shamsher Alam / Agency | New Delhi

۲؍ملزمین گرفتار،۲؍ دنوں کیلئے انٹر نیٹ بند، آر جے ڈی نے واقعہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا، امیش کشواہا نے واقعہ کیلئے روہنی اچاریہ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

There is a police arrangement at the spot in Chhapra. Photo: INN
چھپرہ میں جائےوقوع پرپولیس کا بندوبست ہے۔ تصویر : آئی این این

بہار کے اس شہر میں یہاں انتخابات کے دوران شروع ہونے والا تصادم دوسرے دن منگل کو بھی جاری رہا۔ منگل کی صبح آر جے ڈی اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان ٹائون تھانہ حلقہ کے بھیکاری ٹھاکر چوک کے نزدیک خونیں تصادم شروع ہو گیاجس میں ایک طرف سے کی گئی فائرنگ میں ۲؍ افراد کی موت ہو گئی جبکہ مزید ایک شخص شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ فائرنگ میں چندن رائے نامی شخص کی موت ہوگئی جس کے گھر والوں نے بی جےپی لیڈررماکانت سنگھ سولنکی اوران کے بھائی اوماکانت سنگھ سولنکی پر گولی چلانے کا الزام لگایا ہے۔ دوسرے نوجوان کی موت پی ایم سی ایچ لےجانے کے دوران راستے میں ہوئی۔ دوسری موت کی اطلاع ملنے کے بعدحالات مزید کشیدہ ہو گئے۔ دوسرے شخص کی موت کی انتظامیہ کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی۔ مقامی باشندوں کے مطابق منگل کی صبح بی جے پی کے حامیوں کی طرف سے فائرنگ کی جس میں تین افراد کو گولی لگ گئی۔ گولی لگنے سے چندن رائے نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ مقامی باشندوں کے مطابق چندن رائے کے سر میں  گولی لگی تھی۔ دوسرے زخمی کی پٹنہ جانے کے دوران راستے میں موت ہو گئی، جس کی انتظامیہ کی طرف سے فی الحال تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ حادثہ کے بعد پورا علا قہ پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہو گیا ہے۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کو سونپ دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: دہلی میں شدید گرمی،۳۰؍ جون تک اسکولیں بند رکھنےکی ہدایت

واضح رہےکہ گزشتہ روز ووٹنگ کےمرحلے میں ووٹنگ کے متعلق معلومات حاصل کرنے آر جے ڈی امیدوار روہنی اچاریہ ٹائون تھانہ حلقہ کے تلپا میں واقع بوتھ نمبر۳۱۸؍ اور ۳۱۹؍ پر پہنچی تھیں، ان کی آمدپرہنگامہ مچ گیا تھا ا ور مخالف پارٹی کے کارکنوں پر بوتھ پر قبضہ کرنے کاالزام لگایا تھا۔ پولیس اورروہنی اچاریہ کے سمجھانے پرمعاملہ سلجھ گیاتھا اور پُر امن ووٹنگ ہوئی تھی لیکن منگل کو اس معاملے پر ۲؍پارٹیوں کے کا رکنان پھرمتصادم ہوگئےایک پارٹی کی جانب سے فائرنگ تک کی گئی۔ اس معاملے میں جے ڈی یو کے ریاستی صدرامیش کشواہاکا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ افسروں سے بات ہوئی ہے۔ معاملے کی جانچ جاری ہے، قصورواروں کو بخشا نہیں جائیگا، انہوں نے واقعے کیلئے روہنی اچاریہ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK