Inquilab Logo Happiest Places to Work

کشمیر سے ممبئی کیلئے پہلی چیری پارسل ٹرین روانہ، باغبانی کے شعبے میں تاریخی پیش رفت

Updated: June 02, 2025, 11:56 AM IST | Agency | Jammu

۲۴؍ ٹن چیری لے کر پارسل ٹرین ممبئی روانہ۔ ریاست کی زرعی و باغبانی معیشت کے لئے ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

جموں و کشمیر کے کٹرا ریلوے اسٹیشن سے سنیچر کو۲۴؍ ٹن چیری لے کر ایک پارسل ٹرین ممبئی کے لئے روانہ ہوئی، جو کہ ریاست کی زرعی و باغبانی معیشت کے لئے ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے اس اقدام کو ایک انقلابی آغاز قرار دیا ہے جو پھلوں کی بر وقت ترسیل اور لاگت میں کمی کو یقینی بنائے گا۔
 یہ ٹرین۳۰؍ گھنٹوں کے اندر ممبئی کے باندرہ ٹرمینس پہنچے گی۔ ابتدائی طور پر اس ٹرین کو۳؍ جون کو روانہ ہونا تھا، تاہم چیری کے مزید دو پارسل بک ہونے کی وجہ سے روانگی کی تاریخ کو۳۱؍ مئی ۲۰۲۵ءکر دیا گیا۔
 شمالی ریلوے کے سینئر ڈویژنل کمرشیل منیجر، اوچت سنگھل نے بتایا کہ ’’ یہ دن جموں ڈویژن کے لئے  تاریخی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ پہلی بار چیری جیسا نازک پھل کٹرا سے براہ راست ممبئی بھیجا جا رہا ہے۔ اس پہل کے لئے  ریلوے حکام، پھل فروش اسوسی ایشنز اور محکمۂ باغبانی کے مابین کئی ماہ تک مشاورت جاری رہی۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ  اگلے  چند دنوں میں کٹرا اور جموں سے چیری کی مزید لوڈنگ کے لئے ۲؍ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:خوردنی تیل پر درآمدی ڈیوٹی میں تخفیف

فروٹ اسوسی ایشن سری نگر کے ایک سینئر عہدیدار، جو چیری کی لوڈنگ کی نگرانی کے لئے کٹرا پہنچے تھے، نے کہا کہ ’’ یہ شمالی ریلوے کی طرف سے ایک بہترین اقدام ہے کیونکہ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ مال برداری کے اخراجات بھی کم ہوں گے۔‘‘
 انہوں نے کہا کہ چیری وادیٔ کشمیر سے ٹرکوں میں لائی گئی اور کٹرا اسٹیشن پر ٹرین میں لوڈ کی گئی۔ ہمیں امید ہے کہ جلد ہی کشمیر کو براہ راست ملک کے ریلوے نیٹ ورک سے جوڑ دیا جائے گا تاکہ وادی میں ہی مختلف اسٹیشنوں سے لوڈنگ ممکن ہو سکے، جس سے باغبانوں کو مزید راحت ملے گی۔
 انہوں  نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ ’’ ریل سروس کو وادیٔ کشمیر سے جلد از جلد شروع کیا جائے کیونکہ پٹریاں تو کافی عرصے سے تیار ہیں۔ اس سے پہلے ہم امرتسر سے پارسل ٹرین بُک کرتے تھے، لیکن اب پہلی بار کٹرا سے چیری ممبئی روانہ کی گئی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی کو رواں ماہ کے آغاز میں کٹرا سے سری نگر تک براہ راست ریل سروس کا افتتاح کرنا تھا، لیکن خراب موسم کے باعث یہ تقریب ملتوی کر دی گئی۔ ابھی تک اس کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK