اہم پیش رفت۔ میٹرو ۵؍ کی تمام ٹرینوں کی جانچ، معائنہ، دیکھ ریکھ اور پارکنگ کشیلی میں واقع کار شیڈ میں ہوگی۔
۲۷؍ہیکڑ اراضی پر پھیلے ڈپو میں میٹرو ٹرین کھڑی ہیں۔ تصویر: آئی این این
’ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی‘ (ایم ایم آر ڈی اے) نے تھانے۔ بھیونڈی۔کلیان روٹ پر زیر تعمیر پروجیکٹ میں اہم پیش رفت کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا ہے کہ منگل ۱۷؍ نومبر کو میٹرو لائن ۵؍ پر چلائی جانے والی پہلی میٹرو ٹرین ان کے کشیلی میں واقع کار شیڈ میں پہنچ گئی ہے۔
ایم ایم آر ڈی اے نے پہلی ٹرین اس ڈپو میں پہنچنے کو اہم پیش رفت اس بنیاد پر قرار دیا ہے کہ اس ڈپو میں میٹرو ۵؍ پر چلائی جانے والی تمام ٹرینوں کو پارک کیا جائے گا اور یہیں پر ان ٹرینوں کی جانچ، معائنہ اور دیکھ ریکھ بھی انجام دی جائے گی۔
اگرچہ اس ڈپو کی تعمیر ابھی صد فی صد مکمل نہیں ہوئی ہے تاہم یہاں ٹرینوں کو لانے، ان کے ڈبوں کو اتارنے چڑھانے اور ابتدائی جانچ کا عبوری انتظام پہلے مکمل کرلیا گیا ہے۔
یہ ڈپو ۲۷؍ ہیکڑ اراضی پر پھیلا ہوا ہے جس میں میٹرو کی ۳۰؍ ٹرینوں کو پارک کرنے کی گنجائش ہوگی۔ یہاں ٹرینوں کی جانچ کےلئے۵؍ لائنیں، ورک شاپ کی ۴؍ لائنیں، جانچ کیلئے مختص ایک علیٰحدہ ٹریک اور ٹرین کو دھونے کا انتظام ہوگا۔ یہ کار شیڈ اس لئے بھی اہم ہے کہ میٹرو ۵؍ پر چلانے کیلئے تمام ٹرینوں کو یہیں پر تیار رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ میٹرو ۵؍ تھانے سے بھیونڈی اور بھیونڈی سے کلیان تک ۲۴ء۹۰؍ کلو میٹر پر محیط لائن ہوگی۔ یہ اونچائی پر تعمیر کئے گئے ٹریک پر چلائی جائے گی جس پر ۱۵؍ اسٹیشن ہوں گے۔ اس پر مجوزہ اسٹیشنوں کے نام بالکم ناکہ، کشیلی، کالہیر، پورنا، انجور پھاٹا، دھامنکر ناکہ، بھیونڈی، گوپال نگر، ٹیمگھر، راجنولی، گووے گائوں، کون گائوں، لال چوکی، کلیان اسٹیشن اور کلیان اے پی ایم سی ہیں۔ اس لائن پر وڈالا سے کاسروڑولی کے درمیان زیر تعمیر میٹرو لائن ۴؍ اور کلیان سے تلوجہ کے درمیان مجوزہ میٹرو لائن ۱۲؍ اور سینٹرل ریلوے لائن پر آمدورفت کا انتظام رکھا جائے گا۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ اس لائن کے شروع ہونے سے متذکرہ علاقوں میں آمدورفت کیلئے درکار وقت موجودہ وقفہ سے ۵۰؍ سے ۷۵؍ فیصد تک گھٹ جائے گا۔