۱۴؍سال کے ۲۳۰؍بچے بھی اس بیماری کی زد میں، بروقت تشخیص اور علاج کے لیے عوامی بیداری پر زور۔
EPAPER
Updated: November 18, 2026, 11:05 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
۱۴؍سال کے ۲۳۰؍بچے بھی اس بیماری کی زد میں، بروقت تشخیص اور علاج کے لیے عوامی بیداری پر زور۔
شہر میں تپِ دق (ٹی بی) کے ۲؍ہزار ۸۳۹؍فعال مریضوں میں خواتین کی تعداد مردوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ محکمۂ تپ دق کے اعداد و شمار کے مطابق شہر میں اس وقتایک ہزار۶۰۳؍ خواتین اور ایک ہزار ۲۳۶؍ مرد اس بیماری سے متاثر ہیں جبکہ ۱۴؍ سال تک کی عمر کے ۲۳۰؍ بچے بھی مریضوں میں شامل ہیں۔ خواتین میں مردوں کے مقابلے میں ۳۶۷؍ زیادہ مریضوں کی موجودگی نے بیماری کی روک تھام اور بروقت تشخیص کے لئے خصوصی توجہ کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔
اسی سلسلے میں گزشتہ روز ٹی بی ڈپارٹمنٹ کی انچارج ڈاکٹر بشریٰ سید نے محکمۂ ٹی بی کے کارکنان اور’ ڈاکٹر فور یو‘ کے اراکین کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی۔ اس میں سال کے اختتام تک مقررہ اہداف کی تکمیل، مریضوں کی تشخیص میں تیزی لانے اور علاج سے دور رہنے والے افراد کو طبی نظام سے جوڑنے پر زور دیا گیا۔
ڈاکٹر بشریٰ سید نے ہدایت دی کہ سال کے آخری مرحلے میں تشخیص کا عمل کمزور نہیں پڑنا چاہیے اور جو افراد جانچ یا علاج سے گریز کررہے ہیں، انہیں سمجھا بجھا کر تشخیص اور باقاعدہ دوا لینے پر آمادہ کیا جائے۔ انہوں نے ٹی بی کے مریضوں کی مدد کے لئے’ نکشے متر‘ بنانے کی مہم کو بھی تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کارپوریٹروں اور صاحبِ ثروت افراد سے رابطہ کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے’ ڈاکٹر فور یو‘ کے ضلعی کوآرڈینیٹر سید محمد سعد اور تنظیم کے اراکین کی کارکردگی کو سراہا۔
ڈاکٹر بشریٰ سید نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹی بی کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں چھپانے یا نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طبی معائنہ کرائیں۔ طبی و سماجی خدمات انجام دینے والی تنظیم’ ڈاکٹر فور یو‘ کے ضلعی کوآرڈینیٹر سید محمد سعد نے کہا کہ خواتین اور کم عمر بچوں میں بیماری کی علامات کو نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ سماجی جھجک اور بیماری چھپانے کی وجہ سے تشخیص میں تاخیر ہوتی ہے، جس سے مرض سنگین اور علاج طویل ہوسکتا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ٹی بی کی علامات ظاہر ہونے پر محکمۂ صحت یا’ ڈاکٹر فور یو‘ کے کارکنان سے رابطہ کریں اور دوسروں کو بھی بروقت جانچ و علاج کے لئے بیدار کریں تاکہ بھیونڈی کو ٹی بی سے پاک بنانے کی کوششیں مؤثر ہوسکیں۔