• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راہل اور اکھلیش کی ملاقات کے بعد کانگریس، سماجوادی کی میٹنگ ملتوی

Updated: November 18, 2026, 12:13 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow

چندروز بعد دوبارہ بات چیت ہوگی، اُترپردیش اسمبلی کی سیٹوں کی تعداد پر دونوں پارٹیوں میں ابھی اتفاق نہیں، سیٹوں کی تقسیم میں پرینکا گاندھی کا اہم کردار ہوگا۔

The Congress has entrusted Priyanka Gandhi with significant responsibilities regarding talks with the Samajwadi Party in Uttar Pradesh. Photo: INN
اترپردیش میں سماجوادی کے ساتھ گفتگو کیلئے کانگریس نے پرینکا گاندھی کو کافی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ تصویر: آئی این این

اتر پردیش اسمبلی انتخابات ۲۰۲۷ء کے پیش نظر کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں منگل کو ہونے والی مجوزہ میٹنگ فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے۔ اب دونوں جماعتوں کے لیڈروں کے درمیان آئندہ چند روز میں بات چیت ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کے درمیان ملاقات کے دوران سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم، اس مسودے کی تفصیلات ابھی عام نہیں کی گئی ہیں۔

دونوں جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تعدادکے سلسلے میں اب تک اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب دونوں پارٹیوں کے لیڈر تیار کئے گئے مسودے اور اپنی اپنی تجاویز کی بنیاد پر آگے کی بات چیت کریں گے۔ذرائع کے مطابق، پیر کو سونیا گاندھی کی کتاب کی رسمِ اجرا کی تقریب کے دوران راہل گاندھی اور  اکھلیش یادو کے درمیان اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں اتحاد اور سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں گفتگو ہوئی تھی۔ اس کے بعد منگل کو ہونے والی مجوزہ میٹنگ کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق،کانگریس نے ۱۸۱؍ اسمبلی سیٹوں کی خواہش ظاہرکی ہے جن میں  ۱۳۵؍ جنرل،  ۴۵؍ ایس سی اور ایک ایس ٹی ریزرو سیٹ شامل ہے، وہیں سماجوادی پارٹی نے کانگریس کیلئے۵۴؍سیٹوں کاآفر کیا ہے جن میں ۴۳؍جنرل کٹیگری اور ۱۱؍ ایس سی ریزروسیٹیں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: سونیا گاندھی کی کتاب نے منظرعام پرآتے ہی کئی ریکارڈ قائم کئے

بہرحال،دونوں جماعتوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہے کہ سیٹوں کی تقسیم جیتنے کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جانی چاہیے۔ کانگریس کے ایک سینئر لیڈر کے مطابق، بات چیت صرف سیٹوں کی تعداد تک محدود نہیں ہے بلکہ اس بات پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ کس اسمبلی حلقے میں کس پارٹی کی جیت کے امکانات زیادہ ہیں۔اس پیش رفت پر کانگریس کے اتر پردیش انچارج راجندر پال گوتم نے کہا کہ بات چیت ملتوی نہیں ہوئی ہے بلکہ راہل گاندھی اور اکھلیش یادو کی سطح پر شروع ہو چکی ہے۔ دونوں  لیڈروں نے اپنی اپنی جماعتوں کے لیڈروں کو کچھ ہدایات دی ہیں اور اس سلسلے میں تیاری جاری ہے۔اسی طرح کانگریس نے دسمبر کے پہلے ہفتے سے اتر پردیش میں انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت ریاست میں ریلیاں اور یاترائیں منعقد کی جائیں گی۔

سماجوادی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر گفتگو کیلئے قائم کمیٹی میں پرینکا گاندھی کا نام

اتر پردیش اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس اور سماج وادی پارٹی  کے درمیان سیٹوں کی تقسیم میں پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا اہم کردار ہوگا اور اس سلسلے میں تمام فیصلے ان کی رضامندی سے ہی کیے جائیں گے۔اتر پردیش کیلئے کانگریس کے انچارج راجندر پال گوتم نے منگل کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد طے ہے اور جلد ہی سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں مجوزہ میٹنگ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے بیرون ملک دورے کی وجہ سے ان کی واپسی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں پرینکا گاندھی کا اہم کردار ہوگا۔اس تعلق سے قائم کمیٹی میں پرینکا گاندھی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پیر کو کانگریس کی اس تعلق سے ایک اہم میٹنگ ہوئی تھی جس میں میٹنگ میں کانگریس سربراہ  ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی،کے سی وینو گوپال،راجندر پال گوتم،آرادھنا مشرا مونا، عمران مسعود اور کچھ دیگر لیڈر شریک ہوئے تھے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK