Inquilab Logo

پتری پل پر گرڈر کی تنصیب کا پہلا مر حلہ مکمل

Updated: November 22, 2020, 6:20 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

۴؍ گھنٹے تک لوکل اور طویل مسافتی ٹرینوں کی آمد ورفت مکمل طور پر بندرہی، مسافروں کی سہولت کیلئے زائد بسیں روانہ کی گئیں، اس کے باوجود شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ ماحولیات کے وزیرآدتیہ ٹھاکر ے نے تنصیب کے کام کا جائزہ لیا۔تھانے ضلع کے نگراں وزیر نے بھی دورہ کیا

Patri Bridge -  Pic : Inquilab
پتری پل پر گرڈر کی تنصیب کی جارہی ہے۔ ( تصویر:انقلاب

یہاں شہر یوں کیلئے وبال جاں بن چکے پتری پل( حاجی ملنگ بر یج) کی تعمیر کیلئے ۷۶؍ میٹر لمبے گرڈر کی تنصیب کے پہلے مر حلہ کا کام سنیچر کی صبح۱۰؍ بجے شروع ہوا اور دوپہر ۲؍ بجے ختم ہوا۔ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن( ایم ایس آرڈی سی) کے مطابق ونچ کیبل پُش تھرو تکنیک کے سہارے ۴۰؍ میٹر تک گرڈر کی تنصیب کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ دوسری جانب گرڈر کی تنصیب کیلئے ۴؍ گھنٹے تک لوکل اور طویل مسافتی ٹرینوں کی آمد ورفت مکمل بند رہی ۔ اس دوران مسافروں کی سہولت کیلئے  زائد بسیں چلائی گئیں۔ کلیان مغرب اور مشرق کو جوڑ نے والے پتری پل کو مخدوش قرار دیتے ہوئے نومبر ۲۰۱۸ء کو منہد م کردیا گیا تھا ۔ مذکورہ بریج کے تعمیری کام میں ہو نے والی سُست رفتاری کے سبب گزشتہ ۲؍ سال سے عام شہری ٹریفک جام سے پر یشان ہیں۔ بالآخر ایم ایس آرڈی سی اور ریلوے انتظامیہ نے مرحلہ وار ۱۴؍ گھنٹے کا اسپیشل میگا بلاک کا اعلان کرتے ہوئے گردڑ کی تنصیب کا آغاز کیا۔ سنیچر کو ۴۰؍ میٹراور بقیہ ۳۶؍ میٹر گرڈر کی تنصیب  آج(اتوار کو) مکمل ہو گی۔
  ایم ایس آر ڈی سی انتظامیہ کے مطابق ۲؍ ہفتہ میں ۴؍بار ٹریفک اور پاور بلاک لینے کے بعد صحیح معنوں میں پتری پل کے تعمیر ی کو رفتار ملے گی۔ 
   مسافروں کیلئے زائد بسیں چلائی گئیں
 پتری پل پر گرڈر کی تنصیب کے دوران سینٹرل ریلوے انتظامیہ نے ۴؍ گھنٹے کا خصوصی میگا بلاک کیا تھا جس کے تحت ڈومبیولی اور کلیان کے در میان صبح ۱۰؍ بجے سے دوپہر ۲؍ بجے تک ٹرینوں کی آمد ورفت مکمل طور پر بند رہیں۔ اس دوران ایس ٹی مہا منڈل ، کے ڈی ایم سی ، ٹی ایم سی نے کلیان سے تھانے ، ڈومبیولی ، ٹٹوالا ، نوی ممبئی ، ممبرا اور بد لا پور کیلئے خصوصی بسیں چلائی۔ دوسری جانب کلیان ریلوے اسٹیشن کے باہر طویل مسافتی ٹرینوں سے آنے والے مسافروں سے رکشااور ٹیکسی ڈرائیوروں  کے ذریعہ من مانا کرایہ وصول کر نے کی شکایتیں بھی موصول ہوئی ہیں۔ اس دوران مسافروں کو زبردست دقتوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار نے بھی زائد  بسیں چلانے کے باوجود مسافروں کو ہونے والی پریشانی کااعتراف کیا۔
 آدتیہ ٹھاکرے نے گرڈر کی 
تنصیب کے کام کا جائزہ لیا
  زیر تعمیرپتری پل پر گرڈر کی تنصیب کے کام کا جائزہ لینے مہاراشٹر کے وزیر برائے ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے اور تھانے ضلع کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے بھی پہنچے۔ اس موقع پر آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ کلیان اور ڈومبیولی کے شہر یوں کیلئے پتری پل کی تعمیر کافی اہمیت رکھتی ہے۔ مہاراشٹر میں مہا وکاس اگھاڑی کی جانب سے مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں۔ اپوزیشن کو ہمارے ہر تعمیراتی کام میں سیاست نظر آتی ہے جبکہ شیو سینا صرف الیکشن کے وقت سیاست کرتی ہے بقیہ وقت ترقیاتی کام کر نے میں صرف کرتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK