Inquilab Logo

کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ ریاستوں میں پہنچی، ٹیکہ لگانے کی تیاریوں میں تیزی

Updated: January 13, 2021, 11:51 AM IST | Agency | New Delhi

بیشتر ریاستوں میں ۱۶؍ جنوری کو ٹیکے لگائے جائیںگے ۔ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پولیس اور طبی اہلکاروں کو ٹیکے دیئے جائیں گے

Covid19 Vaccine - pic : INN
کووڈ ویکسین ۔ تصویر : آئی این این

 کووڈ ٹیکوں کی پہلی کھیپ منگل کو مختلف ریاستوں میں پہنچ گئی۔اس طرح اب ٹیکہ کاری کی تیاریوں میں ساری ریاستیں مصروف ہوگئی ہیں۔ بیشتر ریاستوں میں ۱۶؍ جنوری کو ویکسین لگائے جائیںگے جبکہ بعض ریاستوں میں ۱۸؍ جنوری سے یہ کام شروع ہوگا۔تلنگانہ میں پہلے مرحلے میں تقریباً تین کروڑ ہیلتھ ورکرس اور فرنٹ لائن ورکرس کو یہ ٹیکے دیئے جائیں گے۔مرکزی حکومت نے پہلے ہی اعلان کیاہے کہ اس ٹیکے کے مصارف ریاستیں نہیں بلکہ مرکزی حکومت برداشت کرے گی۔
 ٹیکوں کے اس لوڈ کو شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ سے دفتر ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ کوٹھی منتقل کیاگیا۔ بعدازاں۱۶؍ جنوری تک اس ویکسین کو ریاست کے مختلف مقامات منتقل کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے مجموعی طور پر۵؍ کروڑ ویکسین کی خوراک کو اسٹاک کرنے کی سہولت فراہم کی ہے جن میں صرف حیدرآباد شہر ہی میں مختلف مقامات پر۳؍ کروڑ ویکسین اور ریاست  کے سابقہ۹؍ اضلاع میں ۲؍ کروڑ ویکسین کے خوراک کو اسٹاک کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ اس کیلئے فریزرس اور واک ان کولرس دستیاب رکھے گئے ہیں۔تلنگانہ حکومت نے۱۲۱۳؍مراکز اور۸۶۶؍کولڈ چین پوائنٹس بنائے ہیں۔ حکومت نے ریاست کے پبلک ہیلتھ سنٹرس میں ان ٹیکوں کو دینے کیلئے مناسب انتظامات کئے ہیں۔
 مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں بھی ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچ گئی ہے۔  یہاں  وزیر برائے طبی تعلیم وشواس سارنگ نے گاندھی میڈیکل کالج کے حمیدیہ اسپتال میں کورونا ویکسین سینٹر کا دورہ کر کے ٹیکہ کاری کے انتظامات اور طریقہ کار کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے اس دوران ڈین اور سپرنٹنڈنٹ کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں۱۶؍ جنوری سے کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع ہورہا ہے۔ ریاست میں۳۰۲؍ مقامات پر کورونا ویکسین لگائی جائے گی  اور پہلے مرحلے میں  تقریباً ساڑھے ۴؍ لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوگا۔اس دوران گجرات حکومت نے اطلاع دی ہے کہ وہاں ٹیکہ کاری کیلئے ۲۸۷؍ مراکز بنائے گئے ہیں جہاں ۱۶؍ جنوری سے اس مہم کا آغاز ہوگا۔ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت نتن پٹیل احمدآبادکے سردارولبھ  بھائی  پٹیل  بین  الاقوامی ہوائی  اڈے  پر پونے گیارہ  بجے اُس وقت موجود تھے، جب پونے میں واقع  دنیا  کے سب سے بڑے ٹیکہ بنانے والی  نجی  ادارہ سیرم انسٹی  ٹیوٹ  سے ۲؍ لاکھ۷۶؍ ہزار کووی شیلڈ  ویکسین  کے ٹیکے کی  پہلی  کھیپ   لے کر  ایئر انڈیا کی پرواز  وہاں پہنچی۔
  انتخابی ریاست مغربی بنگال میں بھی کورونا ویکسین کووی شیلڈپہنچ گیا ہے ۔ یہاں پر سہ پہر۲؍ بجکر۴۵؍ منٹ پر خصوصی طیارے کے ذریعہ پر کلکتہ ایئرپورٹ پہنچا ہے۔یہ اسٹاک کلکتہ ہوائی اڈے پر پہنچتے ہی اسے دیکھنے والوں کافی بھیڑ جمع ہوگئی۔ ان ویکسین کو باغ بازارسینٹرل میڈیکل اسٹور پہنچانے کیلئے پہلے ہی سے خصوصی ٹرک تیار کھڑی تھی۔ویکسین کی کل۶؍ لاکھ۸۹؍ہزار خوراکیں۶۳؍ خانوں میں کولکاتا پہنچی ہیں۔یہ ویکسین دو خاص فریزر میں۲؍ سے۵؍ ڈگری درجہ حرارت پر رکھے جائیں گے۔یہ ویکسین ریاست کے ۹۴۱؍ مراکز کو انسیلیٹڈ وینوں میں ویکسین مغربی بردوان ، بیربھوم اور شمالی بنگال کے اضلاع میں بھیجے جائیں گے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ بدھ  تک یہ ویکسین ریاست کے تمام اضلاع میں پہنچ جائیں گے۔ اس کے بعد اس فہرست میں پولیس اہلکار ، کلینر اور دیگر شامل ہوں گے۔ اگلے چند مہینوں میں ، ملک بھر میں۳۰؍ ملین کورونا واریئررکو ترجیحی بنیادوں پر مفت کورونا ویکسین فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK