• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دنیا بھر میں ہر گھنٹے ۵؍ خواتین قتل، یو این نے انصاف کے نظام کی ناکامی بھی بے نقاب کی

Updated: November 26, 2026, 11:07 AM IST | New York

اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق ۲۰۲۵ء میں دنیا بھر میں تقریباً ۴۷؍ ہزار خواتین اور لڑکیاں اپنے شوہروں، ساتھیوں یا خاندان کے دیگر افراد کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔ دوسری رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین میں سے صرف ۷؍ فیصد پولیس تک پہنچتی ہیں، جبکہ درج ہونے والے مقدمات کی بڑی تعداد سزا تک نہیں پہنچ پاتی۔ عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ جب شکایت کرنے کے باوجود انصاف نہ ملے تو متاثرہ خواتین کے لیے خاموش رہنا ہی محفوظ راستہ محسوس ہونے لگتا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن، ۲۵؍ نومبر سے قبل اقوام متحدہ نے خواتین کے قتل اور ان کے لیے انصاف کے حصول میں حائل رکاوٹوں سے متعلق دو نئی رپورٹیں جاری کی ہیں، جن میں ایک بار پھر یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ بہت سی خواتین کے لیے گھر بھی محفوظ نہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (UNODC) اور اقوام متحدہ کی خواتین سے متعلق تنظیم ’یو این ویمن‘ (UN Women) کے مطابق ۲۰۲۵ء میں تقریباً ۴۷؍  ہزار خواتین اور لڑکیاں اپنے قریبی ساتھی یا خاندان کے کسی فرد کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔ یہ دنیا بھر میں قتل کی جانے والی خواتین اور لڑکیوں کی مجموعی تعداد، تقریباً ۷۸؍ ہزار، کا ۶۰؍ فیصد ہے۔ یوں اوسطاً ہر روز ۱۲۹؍ اور ہر گھنٹے تقریباً ۵؍ خواتین یا لڑکیاں اپنے ہی قریبی حلقے کے کسی فرد کے ہاتھوں جان سے گئیں۔ یہ اعداد و شمار ۱۲۲؍ ممالک اور علاقوں سے حاصل ہونے والی معلومات کے تجزیے پر مبنی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کے قتل کا سب سے زیادہ خطرہ گھر اور قریبی خاندانی تعلقات میں موجود ہے، جہاں تشدد کرنے والا اکثر کوئی اجنبی نہیں بلکہ شوہر، شریکِ حیات یا خاندان کا فرد ہوتا ہے۔ ۲۰۲۵ء میں قتل کی جانے والی خواتین اور لڑکیوں میں سے تقریباً ۶۰؍ فیصد کو اسی نجی دائرے میں قتل کیا گیا، جب کہ مردوں کے قتل کے واقعات میں یہ تناسب صرف ۱۱؍ فیصد تھا۔ اقوام متحدہ کے نزدیک یہ فرق خواتین کے خلاف تشدد کی اس مخصوص نوعیت کو ظاہر کرتا ہے جس میں گھر اور قریبی رشتے بھی تحفظ کے بجائے خطرے کا سبب بن سکتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹائی ٹینک میں محفوظ رہ جانے والی ہیروں کی انگوٹھی ۵ء۱؍ لاکھ پاؤنڈ میں نیلام

افریقی ممالک میں قریبی ساتھی یا خاندان کے فرد کے ہاتھوں خواتین کے قتل کی شرح سب سے زیادہ رہی، جہاں ہر ایک لاکھ خواتین کی آبادی میں ۹ء۲؍ متاثرین ریکارڈ کیے گئے۔ براعظم امریکہ میں یہ شرح ۴ء۱، اوشیانا میں ۱ء۱، ایشیا میں ۶ء۰؍ اور یورپ میں ۵ء۰؍  رہی۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں مجموعی قتل کی شرح میں کمی آئی ہے، لیکن خواتین کے صنفی بنیاد پر قتل کی شرح اتنی تیزی سے کم نہیں ہوئی۔ ۲۰۱۰ء سے ۲۰۲۵ء کے درمیان امریکہ میں مجموعی قتل کی شرح میں کمی، خواتین کے قتل کی شرح کے مقابلے میں تقریباً دوگنی رفتار سے ہوئی، جبکہ یورپ میں یہ فرق تقریباً ڈیڑھ گنا رہا۔ اقوام متحدہ نے واضح کیا ہے کہ ۲۰۲۵ء میں خواتین اور لڑکیوں کے قتل کی تعداد ۲۰۲۴ء کے تخمینے، تقریباً ۵۰؍ہزار، سے کم ضرور ہے، لیکن اسے حقیقی بہتری یا قتل کے واقعات میں کمی کا ثبوت نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس فرق کی بڑی وجہ مختلف ممالک سے دستیاب اعداد و شمار میں بہتری ہے۔ رپورٹ کے مطابق اصل تعداد اس سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے، کیونکہ تمام واقعات کا اندراج اور درست درجہ بندی ممکن نہیں ہوپاتی۔ 
قتل کے ان اعداد و شمار کے ساتھ جاری ہونے والی دوسری رپورٹ ’تشدد کا شکار خواتین کے لیے انصاف تک رسائی‘ (Access to Justice for Women Survivors of Violence) نے ایک اور سنگین مسئلے کی نشان دہی کی ہے۔ ۵۴؍ ممالک کے اعداد و شمار پر مبنی اس تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً ۸۴؍ کروڑ خواتین اور لڑکیاں اپنی زندگی میں جسمانی یا جنسی تشدد کا سامنا کرچکی ہیں، لیکن ان میں سے صرف ۲۳؍ فیصد نے کسی قسم کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی۔ پولیس میں شکایت درج کرانے والی خواتین کا تناسب محض ۷؍ فیصد ہے۔ یعنی تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کی بھاری اکثریت نہ پولیس تک پہنچتی ہے اور نہ ہی کسی دوسرے ادارے یا فرد سے مدد مانگتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شکایت درج کرانے کے بعد بھی انصاف ملنے کی ضمانت نہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں درج ہونے والے ایسے مقدمات میں سے ۶۳؍ فیصد سے ۹۷؍ فیصد تک میں سزا نہیں ہوپاتی۔ بعض مقدمات تفتیش یا عدالتی کارروائی کے دوران آگے نہیں بڑھتے، متاثرہ خواتین کو بار بار سوالات، دباؤ اور خوف زدہ کرنے کی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بااثر ملزمان اکثر سزا سے بچ نکلتے ہیں۔ اس طرح قانونی کارروائی کا آغاز کرنے والی خواتین کو بھی طویل اور مشکل راستے سے گزرنا پڑتا ہے، جس کے اختتام پر انصاف ملنے کا امکان محدود رہتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ پر نئے اسرائیلی حملے، کم از کم۹؍ فلسطینی جاں بحق

اقوام متحدہ کی رپورٹ نے یہ بھی بتایا کہ مدد حاصل کرنے کے رجحانات خطوں کے لحاظ سے مختلف ہیں۔ ایشیا میں تشدد کا سامنا کرنے والی صرف ۱۶؍ فیصد خواتین مدد طلب کرتی ہیں، افریقہ میں یہ تناسب ۳۱؍ فیصد اور لاطینی امریکہ و کیریبین میں ۴۰؍ فیصد ہے۔ یورپی یونین کے ممالک میں ۶۴؍ فیصد متاثرہ خواتین اپنے قریبی افراد کو اپنے تجربات بتاتی ہیں، لیکن پولیس سے رجوع کرنے والی خواتین صرف ۱۴؍ فیصد ہیں۔ یہ فرق ظاہر کرتا ہے کہ کسی قابلِ اعتماد شخص سے بات کرنا اور باضابطہ قانونی شکایت درج کرانا دو الگ مراحل ہیں، اور دوسرے مرحلے تک پہنچنے میں خواتین کو زیادہ رکاوٹوں کا سامنا ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خاموشی کی وجہ صرف خوف یا سماجی دباؤ نہیں، بلکہ اس کے ساتھ معاشی اور خاندانی خطرات بھی جڑے ہیں۔ تشدد کی شکایت کرنے والی خواتین کو گھر، بچوں کی سرپرستی اور آمدنی سے محروم ہونے کا خدشہ ہوسکتا ہے۔ بعض کو خاندان چھوڑ دیتا ہے یا برادری سے الگ کردیا جاتا ہے، جبکہ بعض کو اسی شخص کی جانب سے مزید دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے خلاف وہ شکایت کرتی ہیں۔ کچھ خواتین کو شکایت کرنے میں تاخیر پر بھی موردِ الزام ٹھہرایا جاتا ہے، حالانکہ وہ برسوں بعد ہمت کرکے سامنے آتی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق بعض واقعات میں مدد طلب کرنے والی خواتین کو ان کے تشدد کرنے والے ہی قتل کردیتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’ایران کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت نہیں‘‘

یو این ویمن کی ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیارادزائی گومبونزوانڈا نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’جن بیشتر ممالک میں ہم نے وقت کے ساتھ صورتِ حال کا جائزہ لیا ہے، وہاں خاموشی مزید گہری ہوتی جارہی ہے۔ پہلے کے مقابلے میں اب کم خواتین مدد طلب کررہی ہیں۔ ہم پیچھے کی جانب جارہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمارے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ دنیا بھر کے نظامِ انصاف میں خاموش رہنا ایک خاتون کے لیے سب سے محفوظ انتخاب بن گیا ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین پر یقین کرنا ضروری ہے، خواہ وہ جسمانی ثبوت فراہم نہ کرسکیں یا اپنے ساتھ پیش آنے والے ہر واقعے کی تفصیل یاد نہ رکھ پائیں۔ خواتین کے خلاف تشدد اب صرف گھروں اور عوامی مقامات تک محدود نہیں رہا بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی پھیل رہا ہے۔ یو این ویمن کے مطابق عوامی زندگی میں سرگرم خواتین، جن میں صحافی، انسانی حقوق کے کارکن اور سماجی رہنما شامل ہیں، آن لائن تشدد کا سامنا کررہی ہیں۔ تنظیم کے ایک جائزے میں ایسی ۷۰؍ فیصد خواتین نے آن لائن تشدد کا تجربہ بیان کیا۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی اور توہین آمیز تصاویر تیار کرنے کی سہولت نے بھی اس مسئلے کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق ایسے حملوں کے نتیجے میں خواتین کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور عوامی مباحثے سے پیچھے ہٹنا پڑتا ہے، جبکہ حملہ آوروں کے خلاف کارروائی اکثر ناکافی رہتی ہے۔ 
اقوام متحدہ کی یہ رپورٹیں ۲۵؍ نومبر کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر جاری کی گئی ہیں۔ اس دن سے ۱۰؍ دسمبر، انسانی حقوق کے عالمی دن، تک صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف ۱۶؍ روزہ عالمی مہم بھی چلائی جائے گی۔ اس سال مہم کا موضوع ہے: ’’خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد ختم کریں، انصاف یقینی بنائیں، متاثرین کا تحفظ کریں اور مجرموں کو سزا سے بچنے نہ دیں۔‘‘ یو این ویمن اور UNODC نے حکومتوں، پولیس، عدالتی اداروں، میڈیا، نجی شعبے اور سماجی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کی شکایات محفوظ طریقے سے درج کی جائیں، متاثرین کو فوری تحفظ اور معاونت فراہم ہو اور ملزمان کو جواب دہ بنایا جائے۔ ان اعداد و شمار کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ خواتین کے قتل کو اکثر ایک الگ اور اچانک پیش آنے والا جرم سمجھ لیا جاتا ہے، حالانکہ بہت سے واقعات سے پہلے دھمکیوں، کنٹرول کرنے، ہراساں کرنے اور مسلسل تشدد کا سلسلہ موجود ہوتا ہے۔ اگر ابتدائی شکایت پر کارروائی نہ ہو، تحفظ کے احکامات نافذ نہ کیے جائیں اور متاثرہ خاتون کو محفوظ پناہ، مالی مدد اور قانونی معاونت نہ ملے تو تشدد جان لیوا مرحلے تک پہنچ سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹیں اسی نظامی ناکامی کی جانب توجہ دلاتی ہیں: مسئلہ صرف یہ نہیں کہ کتنی خواتین قتل ہوئیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ ان میں سے کتنی کو بروقت بچایا جاسکتا تھا، کتنی نے مدد مانگنے کی کوشش کی اور کتنی کو انصاف ملا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK