ایئرپورٹ پر اترتے وقت ہندوستانی فضائیہ کے طیارے کے ٹائرجام ہو گئےجس کے سبب رن وے کو کئی گھنٹوں کیلئے بند کرنا پڑا۔
EPAPER
Updated: April 19, 2026, 11:48 AM IST | Mumbai
ایئرپورٹ پر اترتے وقت ہندوستانی فضائیہ کے طیارے کے ٹائرجام ہو گئےجس کے سبب رن وے کو کئی گھنٹوں کیلئے بند کرنا پڑا۔
جمعہ کی رات پونے ایئر پورٹ پر اترنے والے ہندوستانی فضائیہ کے ایک جہاز کے ساتھ ایک حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے ایئر پورٹ کے رن وے کو بند کر دیا گیا اور تقریباً ۹۹؍ پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا۔ اس کی وجہ سے رات بھر مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع کے ہے کہ سنیچر کی صبح کسی طرح پروازوں کی خدمات دوبارہ شروع کر دی گئی۔
اطلاع کے مطابق جمعہ کی رات ساڑھے ۱۰؍ بجے ہندوستانی فضائیہ کا ایک جنگجو جہاز پونے ایئر پورٹ پر اتر رہا تھا مگر اس کے ٹائر کھل نہیں پائے اور وہ رن وے پرگھسٹنے لگا۔ حالانکہ جہاز کو کوئی خاص نقصان نہیں ہوا لیکن اسے وہاں سے ہٹانے کیلئے اس کے ٹائروں کا درست ہونا ضروری تھا۔ لہٰذا رن وے کو دیگر جہازوں کیلئے بند کر دیا گیا ۔ ایسی صورت میں پیچھے سے آنے والے جہازوں کو ہوا ہی میں اڑتے رہنا پڑا۔ ان طیاروں کا تیل ختم ہونے کا خدشہ تھا جس کی وجہ سے مسافروں کی جان خطرے میں پڑ سکتی تھی لہٰذا انہیں گجرات، گوا اور دیگر مقامات کے ایئر پورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔ اور جو جہاز اپنے اپنے مقام سے اڑے نہیں تھے انہیں وہیں رکنا پڑا۔اس کی وجہ سے نہ صرف پونے بلکہ کئی دیگر ایئرپورٹ پر بھی مسافروں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اکیلے پونے ایئر پورٹ پر ۹۹؍ پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ان میں سب سے زیادہ ٹاٹا انڈیگو کی ۷۳؍ پروازیں منسوخ ہوئیں جن میں ۳۵؍ آنے والے اور ۳۸؍ جانے والے جہاز تھے۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کی ۱۰؍ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جن میں ۵؍ آنے والے جہاز تھے اور ۵؍ جانے والے جبکہ ایئر انڈیا کی ۶؍ پروازوں کو منسوخ کیا گیا جن میں ۳؍ آنے والے اور ۳؍ والے جہاز تھے۔ اسپا ئس جیٹ کی بھی ۵؍ پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا جن میں ۲؍ آنے والے اور ۳؍ جانے والے جہاز تھے۔ جبکہ عکاسہ ایئر کی بھی اتنی ہی پروازیں منسوخ ہوئیں جن میں ۲؍ آنے والے اور ۳؍ جانے والے جہاز تھے۔
یہ بھی پڑھئے: اب تک صرف ۱۸؍ مسلم خواتین لوک سبھا تک پہنچی ہیں
پروازوں کے بند ہونے کی اطلاع خود وزیر مملکت برائے ہوابازی مرلی دھر موہول نے دی۔ انہوں نے کہا ’’ پونے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہندوستانی فضائیہ کے ساتھ پیش آئے حادثے کے سبب رن وے کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔ خوش قسمتی سے ایئر پورٹ کے ملازمین محفوظ ہیں اور کسی بھی پبلک پراپرٹی کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ تمام متعلقہ کمپنیوں کو اس کی اطلاع دیدی گئی ہے۔ درستی کا کام پورا کرکے رن وے کو دو بارہ شروع کرنے میں تقریباً ۵؍ گھنٹے کا وقت لگے گا۔ ‘‘ اطلاع کے مطابق سنیچر کی صبح ساڑھے سات بجے مرمت کا کام پورا ہوگیا البتہ پروازوں کی آمدورفت بحال نہیں ہوئی ہے۔ اس کی اطلاع پونے ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر سنتوش ڈھوکے نے دی۔ انہوں نے کہا ’’جمعہ کی رات ساڑھے ۱۰؍ بجے ہندوستانی فضائیہ کے ایک جہاز کے رن وے پر اترتے وقت اس کے ٹائر تکنیکی خرابی کے سبب جام ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ رن وے پر ہی گھسٹ کر ٹھہر گیا۔ اس کی مرمت کا کام پورا ہو چکا ہے اور اب دن بھر میں ایئر پورٹ کی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔