مدھیہ پردیش: کار نالے میں بہہ گئی، ۹؍لوگوں کی موت، راجستھان: اسکول میں پانی داخل ہوگیا،۳۰؍ بچوں کو بچایا گیا۔
EPAPER
Updated: August 11, 2026, 1:33 PM IST | Agency | Golaghat/ Bhopal
مدھیہ پردیش: کار نالے میں بہہ گئی، ۹؍لوگوں کی موت، راجستھان: اسکول میں پانی داخل ہوگیا،۳۰؍ بچوں کو بچایا گیا۔
آسام کے گولاگھاٹ ضلع میں سیلاب کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔ دھانسیری ندی کے پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث کئی نئے علاقے زیر آب ہیں، جبکہ متعدد رہائشی علاقوں میں بھی سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔ خومتائی اسمبلی حلقے میں سیلاب سے تقریباً ۱۴؍ ہزار خاندان اور ۵۲؍ہزار افراد متاثر ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے متاثرین کیلئے ۳۲؍راحتی کیمپ قائم کیے ہیں، جہاں تقریباً۱۳۰۰؍افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔ مرَانگی موضع کے دوسوتی مکھ علاقے میں سیلابی پانی کئی گھروں کے صحن تک پہنچ گیا ہے۔ پانی کی سطح مسلسل بڑھنے سے قریبی دیہات کے رہائشیوں میں خوف اور تشویش پائی جارہی ہے۔ آسام کے دیگر علاقوں میں بھی سیلاب نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ نازیرا، سیوا ساگر، چرائیدیو اور منگلدئی سمیت دھانسیری ندی کے آس پاس کے علاقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ متاثرہ دیہات کے متعدد خاندان اپنے گھر چھوڑ کر انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے راحتی کیمپوں میں منتقل ہوگئے ہیں۔ تاہم کچھ خاندان اپنے گھروں میں ہی موجود ہیں تاکہ اپنے ضروری سامان اور مویشیوں کی حفاظت کرسکیں۔ سیلاب سے متاثرہ کئی خاندانوں نے اپنے گھروں کی بالائی منزلوں یا نسبتاً اونچی جگہوں پر پناہ لے رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اداکار پرکاش راج کا دعویٰ، ایس آئی آر کے دوران بنگلورو کی ووٹر لسٹ سے نام حذف
دریں اثناءمدھیہ پردیش کے راج گڑھ میں زیر تعمیر پل پر موسلادھار بارش کے دوران ایکو وین نالے میں بہہ گئی۔ وین میں ۱۱؍افراد سوار تھے۔ حادثے میں ۹؍ افراد کی موت ہوگئی، جبکہ دو تیر کر باہر نکل آئے۔ تیز بارش کے باعث نالے کا پانی پل کے اوپر سے بہہ رہا تھا۔ ڈرائیور ادھورا پل دکھائی نہیں دیا، جس سے وین نالے میں جاگری۔ راجستھان کے جے پور میں کنوتا اور جھالواڑ کا کالی کھاڑ ڈیم اوور فلو ہوگیاہے۔ جھکنی گاؤں کے ایک اسکول میں پانی بھر گیا۔ یہاں پھنسے ۳۰؍ طلبہ کو گاؤں والوں کی مدد سے نکالاگیا۔ بیکانیر کے سری ڈنگر گڑھ میں اتوار کی رات سڑک پر ۲؍سے ۳؍ فٹ تک پانی بھر گیا۔ باڑمیر میں بھی سڑکیں تالاب بن گئی ہیں۔ ریلوے اسٹیشن، سبزی منڈی، اسپتال روڈ سمیت اہم علاقوں میں ۲؍سے ۴؍فٹ تک پانی بھر گیا ہے۔