ایک بار پھر گنگا نے مشکلات میں اضافہ کر دیا، انتظامیہ کی سستی سے حادثات کا خطرہ،باشندوں میں افرا تفری کا ماحول۔
EPAPER
Updated: September 11, 2025, 12:20 PM IST | Inquilab News Network | Begusarai/Siwan
ایک بار پھر گنگا نے مشکلات میں اضافہ کر دیا، انتظامیہ کی سستی سے حادثات کا خطرہ،باشندوں میں افرا تفری کا ماحول۔
گنگاندی کی سطح میں تیزی سے اضافے سے ایک بار پھر شامہو میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ یہ رواں سال کا تیسرا سیلاب ہے، اس نے مقامی لوگوں کی زندگی مکمل طور پر درہم برہم کر دی ہے۔ منگل کی دیر رات شامہو-سورج گڑھا مین روڈ سمیت تمام رابطہ سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ اس کے باوجود سیلاب سے متاثرہ افراد کو ضروری اشیاء خریدنے اور باہر جانے کے لیے تیز بہنے والے پانی سے گزرنا پڑتا ہے۔خطرناک سڑکوں پر مجبوری کا سفر:شامہو سے سورج گڑھا پل تک تقریباً چار کلومیٹر کی سڑک ایک سے ڈیڑھ فٹ پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ لوگ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پیدل اور موٹر سائیکل سے اس سڑک کوپار کر رہے ہیں۔ اس پرخطر سڑک پر سبز چارہ اور دودھ بھی ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے پہنچایا جا رہا ہے۔ بدھ کی دوپہر معین ڈھابہ کے قریب ایک ٹریکٹر ٹرالی گہرے پانی میں پھنس گئی، اسے دوسرے ٹریکٹر کی مدد سے باہر نکالا گیا۔
انتظامیہ کی بے حسی، کشتیوں کی کمی
سیلاب کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔ کرہا، جگن سید پور، دھنہا جیسے گائوں کے لوگ سرکاری کشتیوں کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے نجی کشتیوں پر پیسہ خرچ کرکے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ضروری اشیاءلانے کے لئے سڑک پر بھرے سیلاب میں جان خطرے میں ڈال کر جارہے ہیں۔ انتظامیہ کی سستی کے سبب بڑے حادثات کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔
شامہو اور بیگوسرائے کے درمیان چلنے والی بس اب سورج گڑھا پل سے چلائی جارہی ہے۔ مسلسل تیسری بار سیلاب کا سامنا کرنے والے شامہو کے لوگ پریشان ہیں۔ سیلاب نے آمدورفت پر مکمل طور پر بریک لگا دیا ہے، جس کے سبب مقامی لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
سرجو ندی کی سطح مستحکم ہوئی، لوگوںنے راحت کی سانس لی
ضلع کے جنوبی سرے میں بہنے والی سرجو ندی کی سطح ایک بار پھر مستحکم ہو گئی ہے۔ سرجو کی سطح میں گزشتہ ایک مہینے میں کئی بار اتار چڑھاؤ ہوئی ہے۔ دریا کے کنارے رہنے والےباشندے اور محکمہ آفات کے اہلکار اس سے ہر وقت پریشان رہتے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ آفات کی جانب سے بدھ کی دوپہر کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق سرجو کی سطح میں جزوی کمی دیکھی گئی ہے۔ محکمہ آفات سے موصولہ اطلاع کے مطابق درولی میں سرجو کی سطح۶۰ء۹۶؍ میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ یہاں خطرے کا نشان ۶۰ء۸۲ میٹر مقرر کیا گیا ہے، یعنی یہاں دریا کی سطح خطرے کے نشان سے۰ء۱۴؍ میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔