Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کلیان۔تلوجہ میٹرو ۱۲؍کیساتھ فلائی اوور بھی تیز رفتاری سے مکمل کیا جائیگا‘‘

Updated: August 20, 2026, 2:26 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Dombivli

ایم ایم آر ڈی اے ہیڈکوارٹر میں رکن پارلیمنٹ شری کانت شندے کی موجودگی میں اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔

A photo of the meeting between Shrikant Shinde and municipal officials. Picture: INN
شری کانت شندے اور میونسپل افسران کی میٹنگ کی تصویر۔ تصویر: آئی این این
کلیان اور ڈومبیولی میں بڑھتی آبادی، گاڑیوں کی تعداد اور مسلسل سنگین ہوتی ٹریفک کی صورتحال نے زیر تعمیر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ناگزیر بنا دیا ہے۔ شہریوں کو ٹریفک جام سے راحت دلانے اور آمدورفت کے بہتر متبادل فراہم کرنے کے لئے  میٹرو کے ساتھ فلائی اوور اور رِنگ روڈ جیسے پروجیکٹس کو تیزی سے مکمل کرنے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔  اس سلسلے میں رکن پارلیمنٹ شری کانت شندے نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ میٹرو ۱۲؍ کے ڈبل ڈیکر ڈھانچے کے تحت تعمیر ہونے والے فلائی اوور کا کام بھی میٹرو کے ساتھ ہی تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ دونوں سہولتیں بیک وقت شہریوں کے لیے دستیاب ہوسکیں۔
 
 
ایم ایم آر ڈی اے ہیڈکوارٹر میں رکن پارلیمنٹ شری کانت شندے کی موجودگی میں منعقدہ اہم میٹنگ میں کلیان لوک سبھا حلقے کے ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ایم ایم آر ڈی اے کے کمشنر ڈاکٹر سنجے مکھرجی اور ایڈیشنل کمشنر پی ویلاراسو سمیت مختلف انتظامی و میونسپل اداروں کے اعلیٰ افسران اور انجینئر نے اجلاس میں شرکت کی۔اس میٹنگ میں مختلف منصوبوں کی موجودہ صورتحال، اراضی کے حصول، انتظامی منظوری، مختلف اجازت ناموں، تکنیکی رکاوٹوں اور منصوبوں کی تکمیل کے لئے  درکار آئندہ کارروائی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔کلیان۔تلوجہ میٹرو ۱۲ کا کام اس وقت تیزی سے جاری ہے۔ اس میٹرو روٹ پر ڈبل ڈیکر طرز کا ٹرانسپورٹ نظام تیار کیا جارہا ہے جس کے نیچے فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔ شری کانت شندے نے واضح کیا کہ فلائی اوور کا کام میٹرو کے کام سے الگ رفتار سے نہیں چلنا چاہیے بلکہ دونوں منصوبوں کو باہمی تال میل کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو فلائی اوور کے لیے درکار تمام اجازت نامے اور انتظامی کارروائیاں فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی میٹرو اسٹیشنوں کے لیے درکار اراضی اور دیگراجازتوں کا عمل بھی بروقت مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ مستقبل میں اسٹیشنوں کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔عیاں رہے کہ میٹرو کے نیچے تعمیر ہونے والے فلائی اوور سے شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اورشہریوں کو آمدورفت کا ایک نیا اور تیز متبادل حاصل ہوگا۔میٹنگ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فلائی اوور کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اسے ٹریفک کے لیے کھولنے میں مزید وقت ضائع نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے فلائی اوور پر چڑھنے اور اترنے والی رابطہ سڑکوں اور ٹریفک انتظامات کی منصوبہ بندی ابھی سے مکمل کرکے ضروری کام شروع کئے جائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK