اس کلینک میں ایسے افراد کا علاج کیا جارہا ہے ، شوگر کے سبب جن کے پیر کاٹنے کی نوبت آجاتی ہے ۔گزشتہ۳؍ہفتوںمیںمتعددمریضوں کوپیر کاٹنے سے بچایا گیا۔
یہ تصویر جے جے اسپتال میں ’ڈائبیٹک فُٹ کیئر کلینک‘ کے افتتاح کے موقع کی ہے۔ تصویر:آئی این این
ذیابیطس کے اوسطاً۲۰، ۲۵؍ فیصد مریض پیروںکے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں۔اس کا وقت پر علاج نہ ہونے سے پیر کاٹنے کی نوبت آجاتی ہے۔ اس پر قابو پانے کیلئے جے جے اسپتال میں ’ڈائبیٹک فُٹ کیئر کلینک‘ شروع کیا گیا ہے۔یہ پہلا سرکاری اسپتال ہے جہاں اس طرح کی سہولت مفت میں فراہم کی گئی ہے۔
ذیابیطس (شوگر) کے مریضوں کے پیروں میں احساس کا کم ہونا، خون کی سپلائی میں کمی اور انفیکشن کا بڑھتا ہوا خطرہ ،یہ تینوں عوامل کی وجہ سے معمولی زخم بھی تشویشناک صورت اختیار کرلیتا ہے، علاوہ ازیں علاج میں تاخیر سے پائوںکاٹنے کی نوبت آجاتی ہے۔ اس کی روک تھام کیلئےجے جے اسپتال کے شعبہ سرجری نے ایک علاحدہ ’ڈائبیٹک فٹ کیئر کلینک‘ شروع کیا ہے۔ اس یونٹ کی انچارج ڈاکٹر شردھا ابھیجیت ڈھینڈے، اسوسی ایٹ پروفیسر، شعبہ سرجری کر رہی ہیں۔ شعبہ سرجری کے پروفیسر ڈاکٹر گریش بخشی اور ڈین ڈاکٹر اجے بھنڈاروار کی رہنمائی میںذیابیطس کے مریضوں کو جدید ترین علاج اور خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر گریش بخشی نے اس بارے میں بتایا کہ ’’ جے جے اسپتال میں ذیابیطس کے مریضوںکا علاج پہلے سے جاری ہے لیکن ذیابیطس کی وجہ سے جن مریضوںکےپیروںکی حرکت یا خون کی روانی کم ہوجاتی ہے ، عموماً ایسے مریضوں کے پیروں میں زخم ہونےپر و ہ جلد ٹھیک نہیں ہوتا ہے، ایسے مریضوں کے علاج میں تاخیر ہونے سے ان کے پیروںکوکاٹنےکی نوبت آجاتی ہے۔ان مریضوںکیلئے ہم نے ۱۹؍نومبر ۲۰۲۵ء سےمذکورہ یونٹ شروع کیا ۔ ہر بدھ اور جمعہ کو اس کی اوپی ڈی ہوتی ہے۔ یہاں مریضوںکو ضروری معلومات اور کچھ طبی اشیاء دی جاتی ہیں جن سے مرض پرقابوپانےمیں آسانی ہوتی ہے۔ مریضوں کو احتیاطی اقدامات کے تعلق سے اہم معلومات دی جاتی ہے تاکہ اس پر عمل کرکے وہ اپنے پیروں کی حفاظت کرسکتے ہیں۔‘‘
ایک سوال کےجواب میںانہوںنے بتایا کہ’’ گزشتہ ۳؍ ہفتوںکی اوپی ڈی میں ۵۶؍ مریضوں کی جانچ کی گئی جن میں سے تقریباً ۳۰؍ فیصد ایسے مریض تھے، جن کے وقت پر کلینک آنے سے ان کا علاج شروع ہوگیا اور ان کے پائوں کوکاٹنے سےبچایا جاسکا ۔ ‘‘ڈاکٹر گریش بخشی نے یہ بھی بتایاکہ ’’ اوپی ڈی میں آنے والے مریضوںمیں ، جنہیں اسپتال داخل کرنےکی ضرورت ہوتی ہے،انہیں ہم فوری طورپر ایڈمٹ کرلیتےہیں۔گزشتہ۳؍ہفتوںمیں تقریباً ۱۵، ۲۰؍ مریضوںکو اسپتال داخل کرکے ان کاعلاج کیاگیاہے۔ ‘‘
جے جے اسپتال کے ڈین ڈاکٹراجے بھنڈاروار نے اس تعلق سے انقلاب کوبتایاکہ ’’ذیابیطس کے مریضوںکے پیروںمیں زخم ہونے پر ان کےعلاج میں دشواری آتی ہے اور وقت پر علاج نہ ہونے سے ان کے پیروںکو کاٹنا پڑتاہے ۔ اسی وجہ سے ایسے مریضوں کے علاج کیلئے ہم نے علاحدہ یونٹ شروع کی ہے تاکہ ان مریضوںکاعلاج خصوصی اوپی ڈی کے ذریعے کیاجاسکے۔‘‘