• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سابق چیف جسٹس نے ججوں کی تقرری پر سوال اُٹھایا

Updated: November 28, 2026, 11:25 AM IST | Agency | New Delhi

جسٹس (سبکدوش) گوَئی نے صدر جمہوریہ کو خط لکھ کر ایس سی ، ایس ٹی ، او بی سی اور اقلیتوں کو کم نمائندگی ملنے کی اور جن کی آبادی ۵ ؍ فیصد ہے انہیں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں ۴۰؍ فیصد نمائندگی ملنے کی شکایت کی۔

Former Chief Justice of India B.R. Gavai. Photo: INN
سابق چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوَئی۔ تصویر: آئی این این

سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں  حالیہ تقرریوں اور تبادلوں پر شدید اختلاف اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان کے سابق چیف جسٹس بی آر گوَئی نے جمعہ کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی)، درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) اور اقلیتوں کی نمائندگی بہت کم ہے، جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

جسٹس گوَئی ہندوستانی عدلیہ کی سربراہی کرنے والے پہلے  بودھ اور کے جی بالاکرشنن کے بعد دوسرے دلت چیف جسٹس تھے۔ وہ ججوں کی تقرری کیلئے ججوں پر مشتمل کالجیم نظام کا بھرپور دفاع کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ عدالتوں میں تقرریوں اور تبادلوں کے دوران ذات پات کی بنیاد پر ترجیحات، شمولیت کے فقدان اور میرٹ کو نظرانداز کیے جانے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش ظاہر کی۔

یہ بھی پڑھئے: اگر آپ مجھے برقع نہ پہننے پر مجبور کریں گے تو میں تین برقع پہن لوں گی: شبانہ اعظمی

انہوں نے لکھاہے کہ ’’جب میں کالجیم کا حصہ تھا اور چیف جسٹس آف انڈیا کے عہدہ پر فائز تھا تو میں نے ہمیشہ تنوع اور شمولیت کے اصولوں پر عمل کیا۔ معاشرے کے مختلف طبقات کو مناسب نمائندگی دی جاتی تھی، جن میں اعلیٰ طبقوں کے ساتھ ساتھ پسماندہ طبقات، درج فہرست ذاتوں، قبائل، دیگر پسماندہ طبقات، اقلیتوں اور خواتین کو بھی شامل کیا جاتا تھا۔‘‘  اپنے جانشین کا نام لیے بغیر سابق چیف جسٹس نے کہاکہ ’’تاہم، حالیہ عرصے میں ایسے تشویش ناک واقعات سامنے آئے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ میرٹ اور شمولیت کے اصولوں کو پوری طرح نظرانداز کیا جا رہا ہے۔‘‘ جسٹس گوَئی ۲۳؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو سبکدوش ہوئے تھے۔ ان کے بعد جسٹس سوریہ کانت  نے عہدہ سنبھالا۔ جسٹس گوَئی نے صدر جمہوریہ کو تین صفحات پر مشتمل خط  میں الزام لگایا کہ معاشرہ کے ’’ایک مخصوص طبقے‘‘ سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔سابق چیف جسٹس نے حکومت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ۲۰۱۸ء سے اب تک ہائی کورٹس میں مقرر کئے  گئے ۷۱۵؍ ججوں میں صرف ۲۲؍ کا تعلق درج فہرست ذاتوں، ۱۶؍ کا درج فہرست قبائل، ۸۹؍ کا دیگر پسماندہ طبقات اور ۳۷؍ کا اقلیتی برادریوں سے تھا۔انہوں نے خط میں کہا  ہےکہ آئینی عدالتوں کے تقریباً ہر ۴؍میں سے ۳ جج جنرل زمرے سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ او بی سی، جن کی آبادی ملک کی مجموعی آبادی کا ممکنہ طور پر ۴۰ ؍سے ۵۰؍ فیصد ہے، کو اعلیٰ عدلیہ میں ۱۴؍ فیصد سے بھی کم نمائندگی ملی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK