• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پارلیمانی حد بندی بل کابینہ میں منظو، اپوزیشن الرٹ

Updated: November 28, 2026, 11:21 AM IST | Agency | New Delhi

مشترکہ حکمت عملی کیلئے آج ’انڈیا‘ اتحاد کی ہنگامی میٹنگ، آئینی ترمیم کو روکنے کا عزم مگر مشکلات کا سامنا، این سی پی (شردپوار) نے پالابدل لیا، ڈی ایم کےکا موقف بھی غیر واضح۔

Prime Minister Modi, Amit Shah, and Rajnath Singh can be seen in the cabinet meeting. Photo: INN
کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم مودی،امیت شاہ اور راج ناتھ کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

 لوک سبھا کی سیٹوں میں  ۵۰؍ فیصد اضافہ کیلئے آئینی ترمیم کے بل کو جمعہ کو مودی کابینہ نے منظوری دیدی۔ یہ بل  پیر (۳۰؍ نومبر) کو لوک سبھا میں اور  ۲؍ دسمبر کو راجیہ سبھا میں پیش کیا جائےگا۔   لوک سبھا میں اس وقت  ۵۴۳؍ سیٹیں ہیں جو اضافہ کے بعد ۸۱۵؍ ہو جائیں گی۔ یعنی ۲۷۲؍ سیٹوں کا اضافہ  ہوگا۔ نشستوں کی تعداد کا تعین ۱۹۷۱ء کی مردم شماری کی بنیاد پر کیا جائے گا جبکہ پارلیمانی حلقوں کی حدود کا ازسرنو تعین ۲۰۱۱ء کی مردم شماری کے مطابق ہوگا۔کئی ریاستوں میں ۵۰؍  فیصد اضافے کے حساب سے نشستوں کی تعداد میں نصف نشست کا اضافہ بن رہا ہے۔ ایسے میں اگلے مکمل عدد کو شمار کیا جائے تو بڑھنےوالی سیٹوں کی تعداد ۲۸۱؍ اور لوک سبھا کی مجموعی نشستیں ۸۲۴؍ ہو جائیں گی۔مودی سرکار نے خواتین ریزرویشن کو سیٹوں  میں اضافہ سے مشروط کردیا ہے اور نئی حد بندی کو خواتین ریزرویشن کے طور پر پیش کررہی ہے۔ قیاس ہے کہ جن سیٹوں کا اضافہ ہوگا وہ تمام سیٹیں خواتین کیلئے مختص کر دی جائیں گی۔  نئی حد بندی ۲۵؍ برسوں کیلئے کی جارہی ہے۔ 

اپوزیشن الرٹ، آج ہنگامی میٹنگ

اپوزیشن جس کے لیڈروں کا الزام ہے کہ نئی حد بندی بی جےپی کو مستقل اقدار میں رکھنے کی سازش ہے،  الرٹ ہوگیا ہے۔ ملکارجن کھرگے  نے سنیچر کو (آج) اپوزیشن اتحاد (انڈیا) کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جو ان کی سرکاری رہائش گاہ۱۰، راجا جی مارگ پر ساڑھے ۱۱؍ بجے ہوگا۔ سیٹوں میں اضافہ کیلئے آئین میں ترمیم کے بل کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں منظور نہ ہونے دینے کیلئے کھرگے  انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے علاوہ عام آدمی پارٹی، ڈی ایم کے اور بی جےڈی کو بھی مدعو کیا ہے۔ کانگریس  جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نےکہاکہ ’’وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ ہندوستان کے عوام کے خلاف ایک بڑا جال بچھانا چاہتے ہیں۔ اس پورے معاملے کے پیچھے یہی منصوبہ ہے۔‘‘ اس سوال پر کہ کیا ڈی ایم کے سے بھی رابطہ کیا جا  رہا ہے، وینوگوپال نے کہا، ’’ہم سب سے رابطہ کر رہے ہیں۔ ڈی ایم کے ہمیشہ آئین کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ میرا خیال ہے کہ جو بھی آئین سے محبت کرتا ہے، وہ اس طرح کے تقسیم کرنے والے ایجنڈے کی حمایت نہیں کر سکتا۔‘‘

اپریل میں ناکامی کے بعد اب مودی سرکار کی تیاری

اپریل میں خصوصی اجلاس طلب کر کےمودی سرکار نے اس  بل کو پاس کرانے کی کوشش کی تھی مگر  ۵۴؍ ووٹوں کے فرق سے یہ  نامنظور ہوگیا تھا ۔بل کے حق میں ۲۹۸؍ اراکین  پارلیمان نے ووٹ دیا جبکہ ۲۳۰؍  نے  مخالفت کی۔ ووٹنگ کے وقت ایوان میں مجموعی طور پر ۵۲۸ ارکان موجود تھے۔آئینی ترمیمی بل منظور کرانے کیلئے ووٹنگ میں حصہ لینے والے اراکین کی دو تہائی حمایت درکار ہوتی ہے۔ اس حساب سے بل کو کم از کم ۳۵۲؍ ووٹ ملنے چاہیے تھے۔ اس طرح یہ بل ۵۴؍ ووٹوں سے منظوری حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ 

یہ بھی پڑھئے: جیف بیزوس جاوا کے نایاب گینڈوں کی منتقلی کے منصوبے کیلئے مالی مدد کرنا چاہتے ہیں

  این سی پی (شرد پوار) کا حمایت کا اعلان
سپریہ سُلے کے ان کی گول مول باتوں کے بیچ کہ مسودہ  دیکھ کر حمایت یا مخالفت کافیصلہ کیا جائےگا، ہر بل کی مخالفت ضروری نہیں ہے،  جمعہ کی شام  پارٹی کے ترجمان  جتیندر اوہاڑ نے اعلان کیاکہ شرد پوار کی قیادت والی پارٹی نے اس بل کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’شرد پوار کا فیصلہ میرے لیے اور پارٹی کے ہر فرد کے لیے حتمی ہے۔‘‘
 اسٹالن کا نمائندگی کے فیصد پر زور
ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن نے جمعہ کو کہا کہ ان کی پارٹی  پارلیمنٹ میں تمل ناڈو کی نشستوں کے حصے اور نمائندگی کے تناسب سے متعلق اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔  انہوں نے کہا، ’’اگر پارلیمانی حلقوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاتا ہے تو کسی بھی صورت میں لوک سبھا میں تمل ناڈو کا موجودہ ۷ء۱۸؍ فیصد نشستوں کا حصہ کم نہیں ہونا چاہیے۔ ‘‘   اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جارہاہےکہ اگر نئی حد بندی بل میں تمل ناڈو سے تجویز کردہ پارلیمانی سیٹوں  کا فیصد۷؍ سے زیادہ رہا تو ڈی ایم کے تائید کرسکتی ہے۔ 

 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK