معاملہ میڈیا میں آنے کے بعد اے پی سی آر کی جدوجہد سے۲؍ ماہ بعد کامیابی ملی۔
نوزائدہ کے والدعبدالحبیب۔ تصویر: آئی این این
مغربی بنگال میں باپ کا نام ایس آئی آر میں نہ آنے کی وجہ سے ایک خاندان کو نوزائدہ بچی کا پیدائش سرٹیفکیٹ بنانے میں دردر کی ٹھوکریں کھانی پڑیں۔ ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کی کوششوں اور ۲؍ ماہ کی طویل جدوجہد کے بعد جمعہ کوعبدالحبیب کی بیٹی کا سرٹیفکیٹ جاری ہوا۔
’دی ہندو ‘نے ۲۵؍ نومبر کو خبر دی تھی کہ ایس آئی آر کے دوران بچی کے والد عبدالحبیب کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کئے جانے کے باعث اسے پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جارہا تھا۔ عبدالحبیب کی اہلیہ آمنہ خاتون نے ۹؍ ستمبر کو دین ہاٹا سب ڈویژنل اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا تھا۔ اس کے بعد میاں بیوی نے اپنی بیٹی کا پیدائشی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلئے اسپتال اور متعلقہ پنچایت دفتر سے رابطہ کیا۔ ان سے مقامی پنچایت پردھان یا رکن اسمبلی کی جانب سے رہائشی تصدیق نامہ پیش کرنے کو کہا گیا۔ تاہم مقامی بی جے پی رکن اسمبلی کے دفتر نے یہ کہتے ہوئے تصدیق نامہ دینے انکار کردیا کہ ایس آئی آر میں عبدالحبیب کا نام نہیں ہے۔