• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگال اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کےعہدہ پر ٹی ایم سی کےباغی کی تقرری کوہائی کورٹ نے رد کردیا

Updated: November 28, 2026, 11:27 AM IST | Agency | Kolkata

چیف وہپ کے طور پر اخترالزماں کے انتخاب کو بھی کالعدم قرار دیاگیا، عدالت  نے اسپیکر کو ۱۰؍ دنوں میں ان عہدوں پر نئی تقرریوں کی ہدایت دی۔

Ritu Brata Banerjee, who was removed from the position of Leader of the Opposition. Photo: INN
ریتو برتا بنرجی جو اپوزیشن لیڈر کے عہدہ سے ہٹائے گئے۔ تصویر: آئی این این

ممتا بنرجی کو جمعہ کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال اسمبلی میں رتو برتا بنرجی کو اپوزیشن لیڈراور اختر الزماں کو چیف وہپ مقرر کرنے کے اسمبلی اسپیکر کے فیصلے کو منسوخ کر دیا۔

 اس فیصلہ سے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے باغی دھڑے کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے اسپیکر کو ہدایت دی ہے کہ وہ۱۰؍ دن کے اندر نئے سرے سے فیصلہ کریں اور اس کے اسباب بھی واضح طور پر بیان کریں۔اسمبلی اسپیکر روندر ناتھ بوس نے باغی ترنمول دھڑے کے لیڈرتو برتا بنرجی کو مغربی بنگال اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کیا تھا۔ اسی فیصلے کی بنیاد پر اختر الزماں کو اپوزیشن کا چیف وہپ بھی تسلیم کر لیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ممبئی کی آرکیٹیکچر فرم کی اندور یونیورسٹی کو ’ورلڈ بلڈنگ آف دی ایئر‘ کا اعزاز

تاہم جسٹس کرشنا راؤ کی بنچ نے جمعہ کو کہا کہ اسپیکر کا یہ فیصلہ قانونی معیار پر پورا نہیں اترتا۔یہ معاملہ ممتا بنرجی کی حمایت کرنے والے ٹی ایم سی دھڑے اور پارٹی سے الگ ہونے والے رتو برتابنرجی کی قیادت میں قائم باغی دھڑے کے درمیان تنازع سے متعلق ہے۔ ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ ممتا بنرجی کے قریبی اور ٹی ایم سی کے سینئر رکن اسمبلی شوبھندو دیو چٹوپادھیائے کی اپیل پر شنوائی کے بعد  آیا ہے۔

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے بعد قائد حزب اختلاف کی تقرری  کے حوالہ سے ٹی ایم سی میں اختلافات شروع ہوئے تھے۔  ممتا بنرجی کی قیادت والے ٹی ایم سی دھڑے کا کہنا تھا کہ پارٹی نے سینئر رکن اسمبلی شوبھندو دیو چٹوپادھیائے کو قائد حزب اختلاف بنانے کا فیصلہ کیا تھا مگر  رتو برتا بنرجی۵۹؍ دیگر ارکان اسمبلی کے ساتھ ٹی ایم سی سے الگ ہو گئے۔ انہوں نے  اپنا الگ دھڑا تشکیل دیا، جسے ڈیموکریٹک ترنمول کانگریس کا نام دیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے اسمبلی اسپیکر کے سامنے دعویٰ پیش کیا اور قائد حزب اختلاف مقرر ہوگئے۔  ان کے ساتھ ہی اختر الزماں اپوزیشن کے چیف وہپ مقرر ہوئے  تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK