Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران کے سابق صدر احمدی نژاد نظر بند: امریکی اخبار

Updated: July 14, 2026, 9:50 AM IST | Washington/Tehran

نیویارک ٹائمز کا دعویٰ کہ ان پر ایران میںتختہ پلٹنے کی منصوبہ بندی کا الزام۔

Ahmadinejad. Photo: INN
احمدی نژاد۔ تصویر: آئی این این

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک تحقیقی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے ایران میں اقتدار کی تبدیلی کے ایک خفیہ منصوبے کے تحت سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کو ملک کی نئی قیادت کے طور پر سامنے لانے کی کوشش کی، تاہم یہ منصوبہ ناکام ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق موساد نے کئی برسوں تک احمدی نژاد کے ساتھ مبینہ رابطے استوار کرنے کی کوشش کی۔ امریکی اور ایرانی حکام کے حوالے سے اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ کے دوران یہ منصوبہ عملی جامہ نہ پہن سکا اور بالآخر ناکام ہو گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محمود احمدی نژاد اس وقت ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کے انٹیلی جنس ونگ کی تحویل میں ہیں اور انہیں نظر بند رکھا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس خفیہ آپریشن کا ایک اہم مرحلہ۲۰۲۴ء کے اوائل میں شروع ہوا، جب ہنگری کے دارالحکومت بوداپیسٹ میں واقع لوڈوویکا یونیورسٹی آف پبلک سروس میں موسمیاتی تبدیلی پر ایک کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز سامنے آئی۔ دعویٰ کیا گیا کہ اس کانفرنس کی آڑ میں احمدی نژاد اور اسرائیلی خفیہ اہلکاروں کے درمیان خفیہ ملاقاتوں کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔نیویارک ٹائمز کے مطابق اسرائیل کا مقصد ایران میں ممکنہ سیاسی تبدیلی کی صورت میں کسی ایسے رہنما کو سامنے لانا تھا جو نظام کے اندر رہ چکا ہو اور اقتدار کی منتقلی کو سنبھال سکے۔ تاہم رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات کے باعث یہ منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔رپورٹ کے مطابق، اس منصوبے کے تحت اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکاروں نے بیرونِ ملک، جن میں ہنگری بھی شامل ہے، تعلیمی تقریبات کی آڑ میں احمدی نژاد سے خفیہ ملاقاتیں کیں۔ رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ منصوبہ۲۰۲۶ء کی اسرائیل- ایران جنگ کے دوران اپنے عروج پر پہنچا، جب اسرائیلی فضائی حملے کے بعد موساد کے اہلکار احمدی نژاد کو تہران سے نکال کر ایران کے اندر ہی ایک محفوظ مقام پر لے گئے۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر حکومت کی تبدیلی کے ایک وسیع تر منصوبے کا حصہ تھی۔رپورٹ کے مطابق، یہ آپریشن اس وقت ناکام ہو گیا جب احمدی نژاد غیر واضح حالات میں اس محفوظ مقام سے نکل گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK