فلائٹ کی ٹکٹ بک کرلی گئی۔ ابوظہبی کے راستے لندن سے لاہور پہنچیں گے۔۴؍سال بعد وطن واپس آئیں گے۔
EPAPER
Updated: October 04, 2023, 11:50 AM IST | Agency | Islamabad
فلائٹ کی ٹکٹ بک کرلی گئی۔ ابوظہبی کے راستے لندن سے لاہور پہنچیں گے۔۴؍سال بعد وطن واپس آئیں گے۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف۴؍ سال بعد۲۱؍ اکتوبر کو لندن سے واپس آئیں گے۔ اس کیلئے انہوں نے فلائٹ ٹکٹ بھی بک کروائے ہیں۔ ’ایری نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف سب سے پہلے لندن سے ابوظہبی پہنچیں گے۔ اس کے بعد وہ یہاں سے لاہور کیلئے فلائٹ میں سوار ہوں گے۔ نواز شریف۲۱؍ اکتوبر کو شام۶؍بجکر ۲۵؍ منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ رپورٹ کے مطابق نواز شریف کیلئے اتحاد ایئرویز کی پرواز ۲۴۳؍ کا بزنس کلاس ٹکٹ بک کر لیا گیا ہے۔ نواز شریف اپنے عملے کے اراکین، ذاتی مشیر ڈاکٹر عدنان اور رکن پارلیمان عرفان صدیقی کے ساتھ فلائٹ میں موجود ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوازشریف کی پارٹی مسلم لیگ( ن) کےلیڈر اور اراکین ان کے استقبال کیلئے ابوظہبی ایئرپورٹ جائیں گے۔ اس کے علاوہ لاہور میں بھی کلثوم نواز کے استقبال کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔ دوسری جانب کلثوم نواز کی بیٹی اور مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کے والد پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر پاکستان واپس آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد پاکستان میں امن، ترقی اور روزگار کے میدان میں نئی صدی کا آغاز ہوگا۔ ملک کساد بازاری سے نکلے گا اور پاکستان کی معیشت دوبارہ پٹری پر آجائے گی۔ نواز شریف واپس آکر ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائیں گے۔ مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ۲۱؍ اکتوبر کو پاکستانی عوام ثابت کر دیں گے کہ نواز شریف ان کے حقیقی لیڈر ہیں۔
۳؍ ماہ قبل پاکستان میں شہباز حکومت نے پارلیمنٹ میں `’تاحیات نااہلی ‘ منسوخ کر دی تھی۔ نئے قانون کے تحت اب کوئی رکن اسمبلی۵؍سال سے زیادہ کیلئے نااہل نہیں ہوگا۔ اس فیصلے کا براہ راست فائدہ نواز شریف کو ہوگا۔درحقیقت پاکستان کی سپریم کورٹ نے پناما پیپرز کیس میں ۲۰۱۷ء میں نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد انہیں کسی بھی پارٹی میں شامل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔۲۰۱۹ء میں لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو علاج کیلئے ۴؍ ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔وہ ۱۹؍ نومبر۲۰۱۹ءکو لندن گئے تھے اور اس کے بعد سے وطن واپس نہیں آئے۔