Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ فوجداری مقدمے کے تمام۳۴؍ الزامات میں قصوروار

Updated: May 31, 2024, 7:56 PM IST | New York

یہ پہلا موقع ہے جب کسی سابق یا موجودہ امریکی صدر کو کسی جرم میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ کو ۱۱ ؍جولائی کو سزا سنائی جائے گی۔ ٹرمپ نے اس فیصلے کو ’’شرمناک‘‘ قرار دیا۔

Donald Trump. Photo: INN.
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این۔

سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو نیویارک میں تاریخی فوجداری مقدمے میں جھوٹے کاروباری ریکارڈ کے تمام ۳۴؍ الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی سابق یا موجودہ امریکی صدر کو کسی جرم میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ کو ۱۱ ؍جولائی کو سزا سنائی جائے گی۔ انہیں جیل کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حالانکہ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے معاملوں میں جرمانے کا زیادہ امکان ہے۔ ٹرمپ نے اس فیصلے کو ’’شرمناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کیس کی صدارت کرنے والے جج پر زبانی حملہ کیا۔ عدالتی پیش رفت کے بعد ہونے والے کاروبار میں ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کے حصص میں ۶؍ فیصد سے زیادہ گراوٹ درج کی گئی، جو۴۸ء۶۶؍ ڈالر فی حصص پر آگئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: کرناٹک جنسی ہراسانی معاملہ: پرجول ریونا کرناٹک پولیس کی گرفت میں

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈونالڈ ٹرمپ آئندہ نومبر کے صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن کو شکست دینے اور وائٹ ہاؤس میں واپسی کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے ۶؍ ہفتوں کے دوران۲۲؍ گواہوں کی سماعت کی۔ ان گواہوں میں اسٹورمی ڈینیئلز بھی شامل ہیں، جو ٹرمپ کے ساتھ اپنے مبینہ جنسی تعلقات کے معاملے میں مقدمے کی سرخیوں میں تھیں۔ ٹرمپ پر الزام تھا کہ انہوں نے۲۰۱۶ء کے انتخابات سے قبل سابق پورن فلم اسٹار کا منہ بند رکھنے کے بدلے میں اپنے سابق وکیل کے ذریعہ ادا کی گئی رقم چھپائی تھی۔ متفقہ فیصلے پر پہنچنے سے پہلے۱۲؍ ججوں نے دو دن تک غور و خوض کیا۔ ٹرمپ کے سرکردہ وکیلوں میں سے ایک ویل شارف کےحوالےسے `فاکس نیوز نے بتایا کہ سابق صدر کی قانونی ٹیم اپیل کیلئے تمام اختیارات پر غور کر رہی ہے۔ اس کیس کا ہر پہلو اپیل کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد از جلد اپیل دائر کرنے جا رہے ہیں۔ دریں اثناء، فیصلہ آنے کے فوراً بعد جو بائیڈن کی مہم کی جانب سے کہا گیا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ فیصلے کے فوراً بعد بھیجے گئے ای میل پیغام کے حوالے گارڈین نے رپورٹ کیا کہ بائیڈن کے کمیو نی کیشن ڈائریکٹر مائیکل ٹائلر نے لکھا ہے’’آج نیویارک میں، ہم نے دیکھا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے ہمیشہ غلطی سے یقین کیا ہے کہ وہ اپنے ذاتی فائدے کیلئے قانون توڑنے کے نتائج کا سامنا نہیں کریں گے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK