Inquilab Logo Happiest Places to Work

لبنان پرغصہ نکالنے والے اسرائیل کی چوطرفہ مذمت

Updated: April 10, 2026, 12:11 AM IST | Beirut

اسرائیل کے تباہ کن فضائی حملوں میں۲۵۴؍ افراد جاں بحق،کئی علاقوں میں شدید بمباری، حزب اللہ کا بھرپور جواب دینے کا اعلان، عالمی برادری برہم ، حملے فوراً روکنے کا مطالبہ

This photo depicts the devastation caused in Beirut by Israeli airstrikes.
اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے بیروت میں ہونے والی تباہی یہ تصویر بیان کررہی ہے

 امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے پورے لبنان میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے  کئے سیکڑوں افراد کو شہید کردیا ہے۔  اسرائیل کی اس حرکت پر پوری دنیا میں شدید برہمی پائی جارہی ہے۔کئی ممالک نے تو نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دینے تک کا مطالبہ کیا ہے۔  یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے کئی دنوں میں اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا ہے جس میں۱۰؍ منٹ کے اندر حزب اللہ کے۱۰۰؍ سے زائد کمانڈ سینٹرز اور فوجی مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ۔بیروت کے جنوبی مضافات، جنوبی لبنان اور مشرقی بیقا وادی کو نشانہ بنایا گیا۔ ان فضائی حملوں میں۲۵۴؍ افراد  جاں بحق ہو گئے جن کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ زخمیوں کی تعداد ایک ہزار سے اوپر جاپہنچی ہے جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ بیروت پر ہونے والے اب تک کے سب سے بڑے فضائی حملے کے مقام پر گھنٹوں بعد بھی، امدادی کارکن تباہ شدہ عمارتوں میں لوگوں کی تلاش کا کام کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ یہ حملے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے پاکستان کے اس دعوے کو مسترد کرنے کے بعد ہوئے، جس نے امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کی ثالثی کی تھی اور کہا تھا کہ جنگ بندی میں لبنان کا تنازع بھی شامل ہے۔
 واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے بھی کہا کہ لبنان معاہدے کا حصہ نہیں تھا۔جنگ بندی معاہدہ کے اعلان کے بعد سے کسی بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہ کرنے والے حزب اللہ نے کہا کہ گروپ کو جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے  ۔ لبنانی تنظیم نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر کی گئی بمباری انہیں جوابی کارروائی کا حق دیتی ہے۔ ترکی نے بھی لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ترک وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ لبنان پر بڑھتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیںکیونکہ ان حملوں سے انسانی صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ وزارت کے بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں اعلان کردہ جنگ بندی کے باوجود نیتن یاہو کی حکومت امن و استحکام قائم کرنے کی بین الاقوامی کوششوں کو مسلسل کمزور کر رہی ہے۔ 
  دریں اثناء عرب میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل نے لبنانی دارالحکومت بیروت پر حملے  جاری رکھے ہیں اور جنوبی نواحی علاقوں پر زبردست بمباری کی۔ ان حملوں میں شہید ہونے والوں کیلئے  لبنانی حکومت نے یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ لبنانی وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا کہ آج ملک بھر میں یوم سوگ ہے۔ ہمارا  پرچم سرنگوں رہے گا۔  اقوام متحدہ انسانی حقوق کے سربراہ نے بھی لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ قتل عام اور تباہی خوفناک ہے۔ عالمی برادری لبنان پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں پر چیخ اٹھی ہے، مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور لیڈروں نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ یہ حملے جنگ بندی کی پائیداری کے  لئے براہ راست خطرہ ہیں، انھوں نے لبنان کے صدر جوزف عون اور وزیر اعظم نواف سلام سے گفتگو  بھی کی ۔قطر  نے عالمی برادری سے اسرائیل کے لبنان پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا جبکہ مصر نے  اسرائیلی حملوں کو خطے میں افراتفری پھیلانے کی کوشش قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK