Inquilab Logo

جے جے اسپتال کے۱۴؍ریسیڈنٹ ڈاکٹر اور طلبہ ڈینگو اور ملیریا میں مبتلا

Updated: October 07, 2023, 9:29 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

اسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کی وجہ سے مچھروں کی بہتات ہے۔ اگست کےمقابلے ستمبر میں ڈینگو اور ملیریا کے مریضوں کی تعدادبڑھ گئی۔ شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل۔

Abundance of mosquitoes in JJ Hospital is causing problems for the health of resident doctors. Photo. INN
جے جے اسپتال میں مچھروں کی بہتات سےریسیڈنٹ ڈاکٹروں کی صحت کیلئے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ تصویر:آئی این این

موسمی بیماریوں سے متعلق بی ایم سی محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ڈینگو اور ملیریا کے معاملات میں اضافہ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جس کی وجہ سے شہری انتظامیہ نے عوام سے ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کرنےکی اپیل کی ہے ساتھ ہی تمام بی ایم سی اسپتالوں میں ان بیماریوں کے مریضوں کا علاج ترجیحی بنیاد پر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگست کےمقابلے ستمبر میں ڈینگو اور ملیریا کے معاملات میں زیادہ اضافہ ہوا تھا۔ جے جے اسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں سے مچھروں کی بہتات کے سبب ۱۴؍ڈاکٹر ڈینگواور ملیریا میں مبتلا پائے گئے جن میں سے ایم بی بی ایس کے ۲؍طلبہ اسپتال میں زیر علاج اور دیگر ڈاکٹروں کا نجی طور پر علاج جاری ہے۔
اسپتال انتظامیہ پر معاملہ کی پردہ پوشی کا الزام
ان دنوں جے جے اسپتال کے احاطہ میں تعمیراتی کام جنگی پیمانے پر جاری  ہےجس کی وجہ سے یہاں مچھروں کی بہتات ہے جن سے یہاں کے ہوسٹلوں اور اسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹراور طلبہ براہ راست متاثر ہورہے ہیں۔ ۱۴؍ ڈاکٹروں اور طلبہ کے ملیریا اور ڈینگو میں مبتلا ہونے کی اطلاع ہے جبکہ اسپتال انتظامیہ مبینہ طورپر اس معاملہ کی پردہ پوشی کررہا ہے۔
یہاں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کیلئے ۶؍ ہوسٹل کے علاوہ دیگر فیکلٹی کے ہوسٹل میں تقریباً ایک ہزار طلبہ رہائش پزیر ہیں۔مچھروں کی تعداد بڑھنے سے ان طلبہ کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔اطلاع کےمطابق کچھ دنوں پہلے یہاں کی گٹر لائن پھٹ جانے سے پھیلنے والی گندگی اور غلاظت کے علاوہ تعمیراتی کام جاری ہونے سے مچھروں کو بہتات ہوگئی ہے جس سے ملیریا اور ڈینگو کے معاملات بڑھ رہے ہیں۔
اطلاع کے مطابق یہاں سے ایم بی بی ایس کورس کرنےوالے طالب علم میور باونکر اورنناد کامبلے کو ڈینگومیں مبتلاہونے کی وجہ سے علاج کیلئے وارڈ نمبر ۷؍میں داخل کیا گیا ہے جبکہ دیگر ۱۲؍ ریسیڈنٹ ڈاکٹروں اور طلبہ کا علاج نجی طورپر جاری ہے۔
بی ایم سی کےمحکمہ صحت کے مطابق موسم ِباراں جاری  ہے جس سے پوری ممبئی میں موسمی بیماریوں کے مریض پائے جارہے ہیں۔ حال ہی میں اس سے متعلق محکمہ صحت نےاگست اور ستمبر کے جو اعداد وشمار جاری کئے ہیں اس کےمطابق ڈینگواورملیریا کے مریضوں کی تعداداگست کے مقابلے ستمبر میں بڑھی ہے۔ 
ایسا کچھ نہیں ہے :ڈین
اس تعلق سے جے جے اسپتال کی ڈین ڈاکٹر پلوی ساپلے سے استفسار کرنے پرانہوں نے کہا کہ ’’  ۲؍ طالب علموں کو بخار کی شکایت ہے لیکن ۱۴؍ طلبہ کی جو بات کی جارہی ہے، ایسانہیں ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK