وزارت خارجہ نے کہا کہ روس سے گزارش کی گئی ہے کہ ہندوستانیوں کو فوج میں شامل نہ کیا جائے اور انہیں واپس کر دیا جائے۔
EPAPER
Updated: September 12, 2025, 10:36 AM IST | New Delhi
وزارت خارجہ نے کہا کہ روس سے گزارش کی گئی ہے کہ ہندوستانیوں کو فوج میں شامل نہ کیا جائے اور انہیں واپس کر دیا جائے۔
؎روس اور یوکرین میں جاری جنگ کے درمیان دو ہندوستانی نوجوانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں دھوکے سے روسی فوج میں بھرتی کرکے جنگ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ان نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ کم سے کم ۱۳؍ہندوستانی پھنسے ہوئے ہیں جس کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی معلومات حاصل کر رہے ہیں اور روس سے اس سلسلے میں رابطے میں ہیں۔اس طرح کی خبریں آنے کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ کی طرف سے بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔ ہندوستانی نوجوانوں کو الرٹ کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی حال میں روسی فوج میں بھرتی ہونے کی پیشکش قبول نہ کریں۔’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق جموں کے۲۲؍سالہ سُمت شرما اور پنجاب کے گُر سیوک سنگھ ان ہندوستانیوں میں شامل ہیں جو روس کے راستے یوکرین کے ڈونیٹسک علاقے میں پہنچے۔ سمت شرما جو ماسکو اسٹیٹ لنگوسٹک یونیورسٹی میں لسانی کورس کر رہے تھے، نے بتایا کہ انہوں نے کچھ اضافی پیسے کمانے کے لیے پارٹ ٹائم کام ڈھونڈنا شروع کیا۔ ایک خاتون ایجنٹ نے انہیں تعمیراتی کام دلانے کا یقین دلایا، لیکن بعد میں ان سے دستخط کروا کر سیدھے روسی فوج میں بھرتی کر دیا گیا۔بغیر کسی فوجی تربیت کے انہیں یوکرین کے سیلیڈوب علاقے میں بھیج دیا گیا۔ شرما کا کہنا ہے کہ ہم پر نگرانی رکھی جا رہی ہے، کئی ساتھی غائب ہو گئے ہیں، ہمیں سننے میں آیا کہ کچھ جنگ میں مارے گئے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ انہیں یہاں سے باہر نکالا جائے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اگست۲۰۲۴ء میں روسی سفارت خانہ نے سرکاری بیان جاری کرکے کہا تھا کہ اب ہندوستانیوں کو فوج میں بھرتی نہیں کیا جائے گا۔