• Wed, 28 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مدرسہ محمدیہ اور لبنیٰ پرائمری اسکول کی جانب سے یوم جمہوریہ پر فری میڈیکل کیمپ

Updated: January 28, 2026, 1:29 PM IST | ZA Khan | Nanded

اسی کیمپ میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کیں، ماہر امراضِ چشم نے مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا۔

A large number of people are seen during the free medical camp. Picture: INN
فری میڈیکل کیمپ کے دوران بڑی تعداد میں لوگ نظر آرہےہیں۔ تصویر: آئی این این
اکثر دینی مدارس کو صرف دینی تعلیم تک محدود سمجھا جاتا ہےلیکن مدرسہ محمدیہ اور لبنیٰ پرائمری اسکول، ندیم کالونی نے اس تصور کو عملی خدمت کے ذریعے بدل کر رکھ دیا ہے۔ یومِ جمہوریہ کے موقع پر حسبِ روایت اس سال بھی ان اداروں کی جانب سے ایک شاندار فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا جس کا بنیادی مقصد شہر کے پسماندہ ترین علاقے میں بسنے والے عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا تھا۔اس فری میڈیکل کیمپ میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کیں جن میں ڈاکٹر احسان چودھری، ڈاکٹر عبدالذکی، ڈاکٹر سمینہ ذکی اور ڈاکٹر عبدالباقی شامل تھے۔
کیمپ کے دوران ماہر امراضِ چشم نے بڑی تعداد میں مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا۔ ضرورت مند افراد کو رعایتی داموں پر چشمے فراہم کئے گئے جبکہ دیگر مریضوں میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر سینئر صحافی الطاف ثانی، مولانا ایوب قاسمی اور محمد مقدوم بھائی سمیت  معزز شخصیات بھی موجود رہیں جنہوں نے دینی مدارس کی اس سماجی و طبی خدمت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ادارے کے سربراہ قاضی عبدالرفیق نے تمام ڈاکٹروں اور مہمانوں کی گلپوشی اور شال پوشی کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کا اصل پیغام خدمتِ انسانیت ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ مدرسہ محمدیہ اور لبنی پرائمری اسکول کی کوشش ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ سماج کے بنیادی مسائل، بالخصوص صحت جیسے حساس شعبے میں بھی عملی کردار ادا کیا جائے۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ندیم کالونی شہر کے پسماندہ ترین علاقوں میں شمار ہوتی ہے جہاں آس پاس کوئی بڑا اسپتال یا طبی مرکز موجود نہیں۔ ایسے حالات میں دینی اداروں کے زیرِ اہتمام اس نوعیت کے فری میڈیکل کیمپس مقامی عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ کیمپ میں شریک شہریوں نے مدارس کی اس پہل کو بے حد سراہا اور اسے قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK