صنعت و تجارت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان نے پچھلے چار برسوں میں آٹھ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) پر دستخط کیے ہیں اور چلی کے ساتھ بھی جلد ہی ایف ٹی اے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
EPAPER
Updated: January 31, 2026, 12:18 PM IST | New Delhi
صنعت و تجارت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان نے پچھلے چار برسوں میں آٹھ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) پر دستخط کیے ہیں اور چلی کے ساتھ بھی جلد ہی ایف ٹی اے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
صنعت و تجارت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان نے پچھلے چار برسوں میں آٹھ آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) پر دستخط کیے ہیں اور چلی کے ساتھ بھی جلد ہی ایف ٹی اے کو حتمی شکل دی جائے گی۔گوئل نے کہا ہے کہ یہ معاہدہ تقریباً دنیا کی ایک تہائی آبادی کا احاطہ کرتا ہے، عالمی مجموعی گھریلو پیداوار کے لگ بھگ ۲۵؍فیصد کی نمائندگی کرتا ہے اور عالمی تجارت میں نمایاں حصہ رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات آج گریٹر نوئیڈا میں دی انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کے زیرِ اہتمام منعقدہ عالمی فورم اکاؤنٹنٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی معمولی وجہ سے نہیں تھا کہ یورپی کمیشن کی صدر نے ہندوستان۔ یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کو تمام معاہدوں کی ماں قرار دیا۔
یورپی منڈی کی وسیع صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ صرف یورپی یونین تقریباً ۷؍ ٹریلین ڈالر کی اشیاء اور ۳؍ٹریلین ڈالر کی خدمات درآمد کرتی ہے، جو مجموعی طور پر۱۰؍ ٹریلین ڈالر کی منڈی بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی موجودہ برآمدات اس وسیع صلاحیت کا صرف ایک معمولی حصہ ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے سامنے موجود مواقع بے مثال ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔
مرکزی وزیرِ نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں ہندوستان نے آٹھ آزاد تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جو عالمی معیشت کے ساتھ ہندوستگان کے تعلق میں ایک بنیادی تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے یورپ اور دیگر خطوں کی بڑی معیشتوں کا احاطہ کرتے ہیں، جن میں ۲۷؍ ممالک پر مشتمل یورپی یونین، سوئٹزرلینڈ، لیختن شٹائن، ناروے اور آئس لینڈ پر مشتمل چار ملکی یورپی آزاد تجارتی اتحاد، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور عمان شامل ہیں۔ گوئل نے کہا کہ یہ معاہدے ہندوستانی ہنر، مہارتوں اور نوجوان پیشہ ور افراد کے لیے نئے اور اہم مواقع پیدا کر رہے ہیں، ساتھ ہی ہندوستان کو عالمی قدر کی زنجیروں کے ساتھ مزید مضبوطی سے جوڑ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں : پریہ درشن، بھوت پولیس۲‘ کی ہدایتکاری کریں گے
مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ ہندوستان جلد ہی چِلی کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ مکمل کرے گا، جس سے اہم معدنیات تک رسائی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ یورپی آزاد تجارتی اتحاد کے ممالک کے ساتھ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں ہندوستان میں ۱۰۰؍ ارب ڈالر کی غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری کا عہد شامل ہے، جس کا مقصد بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اختراع اور اعلیٰ معیار کی تیاری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سرمایہ کاری سے تقریباً ۵۰؍ لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نیوزی لینڈ نے آئندہ۱۵؍ برسوں میں ہندوستان میں ۲۰؍ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عہد کیا ہے جبکہ گزشتہ ۲۵؍ برسوں میں اس کی مجموعی سرمایہ کاری صرف ۷۰؍ ملین ڈالر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سدھیش لاڈ کی سنچری، ممبئی نے معمولی برتری حاصل کرلی
گوئل نے کہا کہ یہ عہد و وعدے ہندوستان کی معاشی ترقی کی سمت، نوجوان آبادی کے فائدے، مہارت یافتہ افرادی قوت اور دیانت داری پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پیشہ ور افراد تعلیم یافتہ، بلند حوصلہ، محنتی اور عالمی سطح پر قابلِ اعتماد ہیں۔ اپنے خطاب کے اختتام پر گوئل نے کہا کہ اگر پیشہ ور افراد اجتماعی طور پر ہندوستان کی ترقی کی کہانی میں بڑا رول ادا کرنے کا عزم کریں تو چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کا پیشہ معیشت کو سہارا دینے اور امرت کال کے دوران ہندوستان کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ پیشہ ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ قوم اور عالمی طاقت بنانے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔