• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کوپر ریلوے اسٹیشن پرتھوڑی سی راحت کیلئے’ موت کا کھیل‘!

Updated: November 19, 2026, 12:01 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kopar

میمو ٹرین پکڑنے کے لئے مسافر براہِ راست پٹریوں پر اترنے لگے، بڑا حادثہ ہونے کا اندیشہ۔

People sit on the platform and the tracks in this manner to catch the MEMU train. Photo: INN
میمو ٹرین پکڑنے کےلئے پلیٹ فارم اور پٹری پر اس طرح لوگ بیٹھتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

دیوا۔وسئی ریلوے روٹ پر واقع کوپر ریلوے اسٹیشن پر روزمرہ کے سفر کے دوران مسافروں کی سلامتی ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے۔پنویل سے آنے والی میمو ٹرین میں سوار ہونے کے لئے  مسافر اپنی جان کی پروا کیے بغیر براہ راست ریلوے کی پٹریوں پر اتر کر موت کو دعوت دے رہے ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک چونکا دینے والی ویڈیو نے اسٹیشن پر بدانتظامی اور حفاظتی فقدان کی اصل تصویر بےنقاب کر دی ہے جس کے بعد ریلوے انتظامیہ اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کی کارکردگی پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

کوپر ریلوے اسٹیشن پر میمو ٹرین کی آمد سے قبل ہی مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم کے بجائے مخالف سمت میں ریلوے ٹریک کے کنارے جمع ہو جاتی ہے۔انتہائی تشویشناک پہلو یہ ہے کہ بعض مسافر تو بے خوف ہو کر براہ راست ریلوے کی پٹریوں پر بیٹھ کر ٹرین کا انتظار کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی کو روزانہ۱۰۰؍ملین لیٹر اضافی پانی ملنے کی راہ ہموار

دراصل پنویل سے آنے والی میمو ٹرین میں ہونے والی غیر معمولی بھیڑ اور نشست حاصل کرنے کی دوڑ نے مسافروں کو اس خطرناک راستے پر دھکیل دیا ہے جہاں پل بھر کی غلطی کسی بڑے جانی نقصان کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔

روزانہ سفر کرنے والے مسافروں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ مصروف اوقات میں ریلوے ٹریک پر اس طرح کی کھلے عام آمد و رفت جاری رہنے کے باوجوداسٹیشن پر کوئی روک ٹوک نظر نہیں آتی۔ سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ اگر اس دوران دوسرے ٹریک پر کوئی تیز رفتار ایکسپریس یا مال گاڑی اچانک آ جائے یا بھیڑ کے دھکے سے کسی مسافر کا توازن بگڑ جائے تو اس بڑے سانحے کا ذمہ دار کون ہوگا؟واضح  رہے کہ محض اعلانات یا مسافروں سے احتیاط کی اپیل کرنا اس مسئلہ کا حل نہیں ہے بلکہ زمینی سطح پر سخت حفاظتی حصار قائم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔وہیں اسٹیشن پر بھیڑ کے اوقات میں آر پی ایف اہلکاروں کی مستقل تعیناتی عمل میں لانا بھی بے حد ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK