۳۷؍کروڑروپےکی لاگت سےبی ایم سی نے اپنے اسکولوں کےایک ہزار۳۰۰؍کلاس رومز میں ڈجیٹل پروجیکٹ شروع کیامگر ای موادکی عدم دستیابی سے طلبہ اس سےاستفادہ نہیں کرپارہےہیں۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 11:52 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
۳۷؍کروڑروپےکی لاگت سےبی ایم سی نے اپنے اسکولوں کےایک ہزار۳۰۰؍کلاس رومز میں ڈجیٹل پروجیکٹ شروع کیامگر ای موادکی عدم دستیابی سے طلبہ اس سےاستفادہ نہیں کرپارہےہیں۔
شہری انتظامیہ نے اپنے اسکولوں میں طلبہ کو ڈجیٹل تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تقریباً ۳۷؍کروڑ روپے کی لاگت سے ڈجیٹل کلاس روم پروجیکٹ شروع کیاہے لیکن اس کیلئے درکار تعلیمی مواد( ای مواد) دستیاب نہ کرائے جانے سے طلبہ اس سے استفادہ نہیں کرپارہےہیں جس کی وجہ سے شیوسینا(یوبی ٹی) کی کارپوریٹر انکت پربھو نے میونسپل کمشنر اشوینی بھیڈے سے تحریری طورپر اس معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات اور متعلقہ ٹھیکیدار وںکے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔خیال رہے کہ بی ایم سی نے تقریباً ۳۷؍ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ہزار ۳۰۰؍ کلاس رومز میں ۶۵؍انچ کے انٹر ایکٹیو فلیٹ پینل نصب کئے ہیں لیکن ان کیلئے درکار ای-موادنہ ہونے سے یہ سسٹم طلبہ کے استعمال میں نہیں آ ر ہے ہیں ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ پروجیکٹ کی کل لاگت کا ۷۶؍ فیصد یعنی ۱۸ء۲۸؍کروڑ روپے ٹھیکیداروں کو ادا کئے جاچکے ہیں۔
پروجیکٹ کے ٹینڈر کی شرائط کے مطابق مراٹھی، ہندی، اردو اور انگریزی میڈیم کے پہلی سے دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے ریاستی بورڈ کے نصاب پر مبنی ای- مواد فراہم کرنا ضروری تھا ۔علاوہ ازیں سی بی ایس ای، آئی بی، آئی سی ایس ای اور آئی جی سی ایس ای بورڈز کے نصاب کے مطابق بھی ای -مواد فراہم کرناضروری قرار دیا گیا تھالیکن ورک آرڈر جاری کرنے کے ایک سال بعد بھی کئی اسکولوں میں مطلوبہ ای- مواد اپ لوڈ نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر میں توسیع، حتمی لسٹ ۲۲؍ دسمبر کوجاری ہوگی
انکت پربھو نے خط میں کہا ہے کہ یہ مسئلہ خاص طور پر سی بی ایس ای اسکولوں میں زیادہ سنگین ہے۔ یہ الزام لگایا گیا ہے کہ نہ صرف دیگر بورڈز کے اسکولوں میں بلکہ ریاستی بورڈ کے اسکولوں میں بھی دستیاب تعلیمی مواد اپ ڈیٹ شدہ نصاب کے مطابق نہیں ہے ۔اس سلسلے میں اسکولوں کی جانب سے مسلسل شکایات کے باوجود متعلقہ سپلائر کمپنیوں نے ای- مواد اپ لوڈ کرنے کا کام مکمل نہیں کیاہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے اس سے قبل کمپنیوں کو خطوط بھیجنے کے بعد بھی صورتحال بہتر نہیں ہوئی ہے۔
’’ٹھیکیداروں کی بقیہ ادائیگیاں روک دی جانی چاہئیں‘‘
شیوسینا کارپوریٹر انکت پربھو نے الزام لگایا ہے کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے نصب ڈجیٹل آلات کو حقیقی تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مجموعی لاگت کا ۷۶؍ فیصد ٹھیکیداروں کو ادا کر دیا گیا ہے حالانکہ پورا منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔ اس لئے اس پروجیکٹ میں آلات کے معیار، مینوفیکچرنگ کمپنیوں اور سپلائی میں بے قاعدگیوں کی آزادانہ تحقیقات اور ٹینڈر کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر تعزیری کارروائی کی جانی چاہئے۔ جب تک پورا ای- مواد اپ لوڈ نہیں ہو جاتا ٹھیکیداروں کی بقیہ ادائیگیاں روک دی جانی چاہئیں۔ انہوں نے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ آیا اساتذہ کو ڈجیٹل آلات کے موثر استعمال کیلئے ضروری تکنیکی تربیت فراہم کی گئی ہے یا نہیں۔