۱۰؍کی نشاندہی،۴؍ملزمین گرفتار۔ ایک کروڑ ۶۲؍ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سونا برآمد۔
ٹرین میں زیورات چوری کرنے والے گروہ کا کلیدی ملزم- تصویر:آئی این این
میل اور ایکسپریس ٹرینوں میں سوئے ہوئے مسافروں کے سونے کے زیورات چوری کرنے والے گینگ کا پردہ فاش کرنے اور ملزمین کو گرفتار کرنے میں ریلوے پولیس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ملزمین کے قبضے سے ایک کلو ۹۸؍گرام ۵۰۰؍ ملی گرام سونے کی سلاخیں ضبط کی گئی ہیں ۔ان کی قیمت ایک کروڑ ۶۲؍ لاکھ ۲۷؍ہزار ۵۰۰؍ روپے ہے۔
ٹرین میں ہونے والی چوری کی شکایت ۷؍دسمبر ۲۰۲۵ء کوابھے کمار مدن لال جین (۵۲)نے کی تھی جوپیشے سے سونار ہے۔ چوری کی یہ واردات شولا پور سے کلیان سفر کے درمیان انجام دی گئی تھی ۔ سونے کی یہ سلاخیں شکایت کنندہ نے اپنے دو ٹرالی بیگز میں رکھی تھیں ۔
شکایت درج کرائے جانے کے بعد ریلوے پولیس کمشنر ایم راکیش کلاساگراور سینٹرل زون کی ڈپٹی کمشنرپرگیہ جاگے نے لوکل کرائم برانچ کو تحقیقات کا حکم دیا اور سینئر پولیس انسپکٹر وجے کھیڈکر، (کرائم برانچ)کو ذمہ داری سونپی گئی ۔انہوں نے کرائم برانچ کے عملے کی مدد سے فوری طور پر ریلوے اسٹیشن کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا معائنہ کیا جہاں سدھیشور ایکسپریس شولاپور اور کلیان ریلوے اسٹیشن کے درمیان رکتی ہے۔ ساتھ ہی شولاپور صرافہ مارکیٹ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی معائنہ کیاگیا۔ اس دوران یہ پایاگیا کہ ۱۰؍ملزمین سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں موجود مشتبہ ملزم کی تصاویر صحافیوں کو دکھائی گئیں۔ ان ۱۰؍ ملزمین کی شناخت بالوڈکولے، پھول چند عرف پرمیشور عرف سرپنچ چھگن گنجال، دلیپ صاحب راؤ گنجال، دھنراج عرف دھننجے عرف دھنیا صاحب راؤ گنجال، دیپالی شنکر، شیوکراس، لالیا شنکر گنجال، پونےکر عرف شیونیا سیتارام ڈیکولے،ساگر گوپال ڈکولے، وکاس شیش راؤ ششی کانت ڈیکولے اور بھارت رما کالے کے طورپر کی گئی۔
پولیس کے مطابق شکایت درج کرانے کے بعد سے متعدد مرتبہ الگ الگ جگہو ں پرچھاپہ مارنے کے بعد ان میں سے رمیش بالو ڈکولے، پھول چند عرف پرمیشور عرف سرپنچ چھگن گنجال، دھنراج عرف دھننجے عرف دھنیا صاحب راؤ گنجال اور پنیکر عرف شیونیا سیتارام ڈیکولےکو گرفتار کیا گیااورعدالت سے ایک سےزائد مرتبہ ریمانڈ حاصل کرکے ملزمین سے پوچھ تاچھ کرنے پریہ کامیابی حاصل ہوئی۔