Updated: November 29, 2026, 11:21 AM IST
| Mumbai
پارلیمانی حد بندی بل (ڈی لمیٹیشن بل)پر جاری سیاسی ہلچل کے درمیان ملک کے معروف صنعتکار اور اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے سنیچر کی صبح جنوبی ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال پہنچ کر وہاں زیرِ علاج این سی (شرد) کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی اور ان کی مزاج پرسی کی۔
گوتم اڈانی۔ تصویر: آئی این این
پارلیمانی حد بندی بل (ڈی لمیٹیشن بل)پر جاری سیاسی ہلچل کے درمیان ملک کے معروف صنعتکار اور اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے سنیچر کی صبح جنوبی ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال پہنچ کر وہاں زیرِ علاج این سی (شرد) کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی اور ان کی مزاج پرسی کی۔
ذرائع کے مطابق اڈانی صبح تقریباً ۱۱؍ بجے اسپتال پہنچے اور دوپہر ایک بجے تک وہاں موجود رہے۔ دونوں شخصیات کے درمیان تقریباً ۲؍گھنٹے تک بند کمرے میں گفتگو ہوئی جس نے مہاراشٹر کے سیاسی حلقوں میں نئی قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’چیلنجز کا مقابلہ دین پر استقامت اور اسلامی تعلیمات کو اختیار کرکےکریں‘‘
۸۵؍سالہ شرد پوار کو ۲؍ روز قبل (۲۶؍نومبر کو)پانی کی کمی(ڈی ہائیڈریشن) کی شکایت کے باعث بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جمعہ کی شب انہیں معمول کے چیک اپ کیلئے مجگاؤں کے کینسر انسٹی ٹیوٹ بھی لے جایا گیا تھا جس کے بعد وہ واپس بریچ کینڈی اسپتال آ گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ان کی حالت مستحکم ہے اور اتوار تک انہیں اسپتال سے چھٹی ملنے کا امکان ہے۔ رواں ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب گوتم اڈانی نے اسپتال جا کر شرد پوار کی عیادت کی ہے ۔اس سے قبل۶؍ نومبر کو بھی انہوں نے اسپتال میں ملاقات کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اگرچہ قریبی ذرائع اسے محض ایک ذاتی اور خیرسگالی ملاقات قرار دے رہے ہیں لیکن یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ۳۰؍ نومبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میںپارلیمانی حد بندی بل پر این سی پی (شرد) کے ممکنہ موقف اور ’انڈیا‘ اتحاد کے اندرونی اختلافات پر زبردست سیاسی بحث جاری ہے۔ دونوں شخصیات کے درمیان کن موضوعات پر بات چیت ہوئی؟ اس بارے میں کوئی باضابطہ تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔خبر لکھے جانے تک اس ملاقات کی تصویر بھی منظر عام پر نہیں آئی تھی۔