سب سے خاص مصر کے عالمی شہرت یافتہ قاری شیخ عبدالناصر الحرک کی تلاوت تھی جس نے سامعین کو متاثر کیا ، ان کی رقت آمیز دعا پر محفل کا اختتام ہوا۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 11:26 AM IST | Cheeta Camp
سب سے خاص مصر کے عالمی شہرت یافتہ قاری شیخ عبدالناصر الحرک کی تلاوت تھی جس نے سامعین کو متاثر کیا ، ان کی رقت آمیز دعا پر محفل کا اختتام ہوا۔
گزشتہ شب الجامعۃ العربیہ معراج العلوم، چیتا کیمپ کے زیرِ اہتمام عالمی محفلِ حسنِ قرأت منعقد ہوئی جس میں ممبئی بھر سے علمائے کرام، ائمہ مساجد، حفاظِ کرام اور عوام الناس شریک ہوئے۔محفل کا آغاز قاری سلمان فرقانی کی پر سوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد جامعہ کے ہونہار طالب علم حافظ عادل نے نعتِ پاک پیش کی۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد زاہد خان قاسمی ( نائب مہتمم جامعہ عربیہ معراج العلوم) نے انجام دیئے۔
اس اہم محفل کی صدارت ملک کی ممتاز دینی درسگاہ جامعۃ العربیہ کفلیتہ کے مہتمم مولانا قاری محمد یوسف اسماعیل بسم اللہ نے فرمائی۔
انہوں نے اپنے صدارتی کلمات میں فرمایا کہ قرآن سے تعلق ہی امت کی کامیابی کی ضمانت ہے اور ایسی محفلیں نئی نسل کو قرآن سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: گوتم اڈانی نے شرد پوار سے ملاقات کی
محفل میں قاری مستقیم ، قاری اسماعیل، قاری سلمان فلائی، قاری محمد عمران ، قاری بدر عالم ، قاری محمد اقرار، قاری عاشق باللہ اور دارالعلوم وقف دیوبند کے استادِ حدیث قاری واصف نے اپنے اپنے مخصوص لب و لہجے اور دلکش انداز میں تلاوت کی۔ محفل کی جان اور آخری روح پرور تلاوت مصر کے عالمی شہرت یافتہ قاری شیخ قاری عبدالناصر الحرک کی تھی۔
محفل میں مہمانانِ خصوصی کے طور پر حافظ ندیم صدیقی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ،مفتی عزیز الرحمٰن فتح پوری، مولانا بدر الدین( شیخ الحدیث دارالعلوم امدادیہ ممبئی) ،قاری اسماعیل صادق بلاس پور، مولانا اشتیاق خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر، مولانا عبدالرشید بھورے ،مولانا طہ بھورے ، مفتی مامون، مولانا ضیاء الدین، مولانا سلمان خوشتر ، مفتی رضوان اللہ، مولانا لیاقت علی، مولانا اسلم غازی، مولانا عبدالقدوس شاگرد حکیمی ، مولانا نوشاد اور مفتی انصار سمیت کثیر تعداد میں علمائے کرام تشریف لائے۔ مولانا یحییٰ نقشبندی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’چیلنجز کا مقابلہ دین پر استقامت اور اسلامی تعلیمات کو اختیار کرکےکریں‘‘
اس موقع پرچیتا کیمپ کے سابق ایم ایل اے نواب ملک بھی تشریف لائے۔ انہوں نے منتظمین کو اس کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ آخر میں شیخ قاری عبدالناصر الحرک کی رقت آمیز دعا پر یہ روح پرور محفل اختتام پذیر ہوئی۔ سامعین نے اس عزم کے ساتھ رخصت لی کہ وہ اپنی اولاد کو قرآن کی تعلیم سے ضرور آراستہ کریں گے۔