سُنّی دعوت اسلامی کےاجتماع میں مولاناشاکرنوری کااظہار خیال، اجتماع کےدوسرے دن علمی،اصلاحی اور تربیتی نشستوںکاانعقاد، تربیتی کیمپ میں طلبہ کی رہنمائی کی گئی۔ آج اجتماع کاآخری دن۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 11:09 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
سُنّی دعوت اسلامی کےاجتماع میں مولاناشاکرنوری کااظہار خیال، اجتماع کےدوسرے دن علمی،اصلاحی اور تربیتی نشستوںکاانعقاد، تربیتی کیمپ میں طلبہ کی رہنمائی کی گئی۔ آج اجتماع کاآخری دن۔
یہاں کے آزاد میدان (وادئ نور) میں سُنّی دعوت اسلامی ( ایس ڈی آئی) کے سہ روزہ اجتماع کے دوسرے دن بھی دینی ، علمی اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں ۔ اجتماع کا آغاز نمازِ تہجد، وظائف اور فجرکی نماز کی ادائیگی کے ساتھ ہوا ۔ صبح ۹؍ بجے تلاوتِ قرآن کریم اور نعت خوانی سے پروگرام کے دوسرے سیشن کا آغاز ہوا جس کے بعد علمائےکرام نے مختلف دینی عنوان پر ا پنے زریں خیالات کا اظہار کیا ۔ممبئی اور قرب وجوارکےہزاروں مسلمانوں نے اجتماع میں شرکت کی ۔ مولانا ابوالحسن نوری(بھیونڈی) نے اپنے خطاب میں اسلام کا دامن مضبوطی سے تھامنے اور عشق رسول میں زندگی گزارنے کی ترغیب دی ۔ایس ڈی آئی کے مبلغ امتیاز رضوی نے تربیتی خطاب کیا اور دینی و اخلاقی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ مفتی ثناء المصطفیٰ نجمی، مولانا ظہیر مصباحی اور مولانا مجاہد حسین حبیبی نے بھی اپنے بیانات کے ذریعے شرکائے اجتماع کی رہنمائی کی۔
یہ بھی پڑھئے: اُترا کھنڈ میں ۱۴؍ مدرسوں کو نوٹس، معیار پر کھرا نہ اُترنے کا الزام
’’ایس ڈی آئی اُمید‘‘ کے زیر نگرانی طلبہ کے تعلیمی گائیڈنس کیلئے ایک اہم سیشن کا انعقاد کیا گیاجس میں دوپہر ۲؍بجے سے شام ۴؍ بجے تک جدید ٹیکنالوجی، سائنس، تعلیم اور روزگار کے بدلتے ہوئے امکانات کے عنوان پر معلومات فراہم کی گئیں۔ اس دوران فین ٹیک میں مستقبل کے مواقع، شمسی توانائی، کوانٹم کمپیوٹنگ، روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کے دور میں انسانی روزگار کے امکانات جیسے اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ بالخصوص مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے بڑھتے ہوئے اثرات کے تناظر میں انسانی صلاحیتوں، ملازمتوں کے مستقبل اور نئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت کو اُجاگر کیا گیا۔
نمازِ عصر کے بعد خصوصی نشست میں مفتی محمد نظام الدین رضوی نے شرکائے اجتماع کے سوالات کے جوابات دیئے اور مختلف شرعی و معاشرتی مسائل سے متعلق رہنمائی فرمائی۔
یہ بھی پڑھئے: صدارتی الیکشن میں جموں کشمیر کے اراکین اسمبلی کا ووٹنگ کا حق بحال کرنے کی تجویز
مغرب کی نماز کے بعد ختمِ بخاری شریف کی بابرکت تقریب منعقد کی گئی، ساتھ ہی ایس ڈی آئی کے مختلف اداروں کے شعبوںسے فراغت حاصل کرنے والے ۲۰؍ طلبہ کی دستار بندی کی گئی۔ ایس ڈی آئی کے امیر مولانا محمد شاکر نوری نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ’’ موجودہ دور میں مسلمانوں کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ دین پر استقامت اور عملی زندگی میں اسلامی تعلیمات کو اختیار کرکےکیاجاسکتاہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے ،ہمیں ان کی قدر کرنی چاہئے۔ساتھ ہی حضورؐ کی سچی محبت، عقیدت اور نسبت کو اپنے دلوں میں اُتار لیں۔‘‘
اجتماع کے دوسرے دن بھی مختلف اوقات میں تلاوتِ قرآن کریم، نعت خوانی، نماز و اذکار، دروسِ سنت اور تربیتی پروگراموں کا سلسلہ جاری رہا۔ ایک طرف علمائے کرام کے خطابات اور ختمِ بخاری شریف جیسی علمی و روحانی تقریبات منعقد ہوئیں تو دوسری طرف جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے مستقبل سے متعلق خصوصی سیشن کے ذریعے نوجوانوں کی تعلیمی و پیشہ ورانہ رہنمائی کا بھی اہتمام کیا گیا۔اتوارکو ایس ڈی آئی کے تیسرے اور آخری دن کااجتماع ہوگا۔ منتظمین کی جانب سے تمام اہلِ اسلام سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔