• Thu, 09 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ: فریڈم فلوٹیلا کا نیا قافلہ ۵۴۵؍ کلومیٹر دور، عالمی کارکنوں کی تحفظ کی اپیل

Updated: October 06, 2025, 12:05 PM IST | Gaza

غزہ کا طویل اسرائیلی محاصرہ توڑنے کیلئے بین الاقوامی رضاکاروں پر مشتمل ۱۱؍جہازوں کا نیا بیڑہ فریڈم فلوٹیلا کے تحت غزہ کی سمت روانہ ہے۔ یہ مشن اسرائیل کی غیر قانونی ناکہ بندی ختم کرنے، انسانی امداد براہِ راست پہنچانے اور فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے خاتمے کیلئے عالمی آواز بن چکا ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

غزہ کا محاصرہ توڑنے کیلئے قائم بین الاقوامی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی جانب روانہ ایک بیڑہ (فلوٹیلا) جس میں ۱۱؍جہاز شامل ہیں اور جن پر بین الاقوامی رضاکار سوار ہیں، اس وقت غزہ کے ساحل سے تقریباً۵۴۵؍ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ کمیٹی کے مطابق، اس مشن کا مقصد اسرائیل کی غیر قانونی ناکہ بندی کو توڑنا، فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کو ختم کرنا اور غزہ تک انسانی امداد براہِ راست پہنچانے کیلئے ایک محفوظ سمندری راستہ قائم کرنا ہے۔ اس سے قبل امدادی قافلے میں شامل کارکنوں نے، جب ان کا مشن غزہ کے قریب پہنچنے والا تھا، بین الاقوامی تحفظ کی اپیل کی تھی۔ سنیچر کو کمیٹی نے اعلان کیا کہ دو مزید کشتیوں نے فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے تازہ مشن میں شمولیت اختیار کرلی ہے جس کے بعد غزہ کی جانب جانے والے جہازوں کی مجموعی تعداد۱۱؍ ہوگئی ہے۔ یہ اضافہ اس وقت ہوا جب پچھلے ہفتے اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر بین الاقوامی پانی میں حملہ کیا تھا۔ 
یاد رہے کہ بدھ کی شب اسرائیلی بحری افواج نے فلوٹیلا کے جہازوں پر حملہ کرکے قبضہ کر لیا اور۵۰؍ سے زائد ممالک کے۴۷۰؍ سے زیادہ کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ یہ فلوٹیلا غزہ کیلئے انسانی امداد لے جا رہی تھی اور اسرائیلی ناکہ بندی کو چیلنج کر رہی تھی۔ فریڈم فلوٹیلا کولیشن ایک عالمی عوامی یکجہتی تحریک ہے جو شہری قیادت میں سمندری راستے سے امدادی مشن منظم کرتی ہے۔ ۲۰۱۰ءسے یہ تنظیم اسرائیلی ناکہ بندی کو توڑنے اور غزہ کے انسانی بحران کو اجاگر کرنے کی کئی کوششیں کر چکی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK