• Mon, 03 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ جنگ بندی: حماس نے مزید ۳؍لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں، وصول ہونے کی تصدیق

Updated: November 03, 2025, 12:00 PM IST | Tal Aviv

حماس نے مزید۳؍ یرغمالوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں۔ اسرائیلی وزیرِاعظم بنجامن نیتن یاہو کے دفتر نے ان لاشوں کے وصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔

Israel will now have to hand over the bodies of 15 Palestinian prisoners in exchange for the body of one Israeli. Photo: INN
اسرائیل کو اب ایک اسرائیلی کی لاش کے بدلے ۱۵؍فلسطینی قیدیوں کی لاشیں حوالے کرنا ہوں گی۔ تصویر: آئی این این

حماس نے مزید۳؍ یرغمالوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں جبکہ امریکی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی افواج نے غزہ میں ایک اور فلسطینی کو شہید کردیا جس کے بعد جنگ بندی کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد۲۳۶؍تک پہنچ گئی ہے۔ قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق حماس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے۳؍ اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں بین الاقوامی ادارہ برائے ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے ذریعے اسرائیل کے حوالے کر دی ہیں، اسرائیلی وزیرِاعظم بنجامن نیتن یاہو کے دفتر نے ان لاشوں کے وصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ 
اسرائیلی اخبار’ ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق، ان باقیات کا معائنہ تل ابیب کے ابو کبیر فرانزک انسٹیٹیوٹ میں کیا جائے گا اور شناختی عمل میں دو دن تک لگ سکتے ہیں۔ معاہدے کے مطابق، اسرائیل کو اب ایک اسرائیلی کی لاش کے بدلے ۱۵؍فلسطینی قیدیوں کی لاشیں حوالے کرنا ہوں گی اور مجموعی طور پر۴۵؍ فلسطینی قیدیوں کی لاشیں واپس کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی تباہی کا سلسلہ ان علاقوں میں اب بھی جاری ہے، چاہے وہ بنی سہیلہ ہو، جہاں اتوار کو تین اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں ملی تھیں، یا پھر غزہ شہر کے مشرق میں واقع الشجاعیہ محلہ، جہاں مزید اسرائیلی قیدیوں کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوج نے ۱۰؍اکتوبر سے غزہ میں جنگ بندی کی ۱۹۴؍ خلاف ورزیاں کیں: حکام

ماہرین اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ باقی۸؍ لاشوں کی تلاش مزید پیچیدہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ایک تجزیہ کار نے کہا کہ ’غزہ میں سیکڑوں ٹن ملبہ موجود ہے، اور یہ واضح نہیں کہ حماس تمام لاشوں کو تلاش کر پائے گی یا نہیں ‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ اب صدر ڈنالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر منحصر ہے کہ وہ جنگ بندی کے عمل کو آگے بڑھائے، کیونکہ اسرائیل نے جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کی پیش رفت کو تمام اسرائیلی قیدیوں کی لاشوں کی واپسی سے مشروط کر دیا ہے‘۔ دوسری جانب میں اسرائیلی فوج نے زرد لکیر عبور کرنے پر ایک اور فلسطینی کو شہید کردیا، طبی ذرائع کے مطابق فلسطینی شہری کو اتوار کو غزہ شہر کے علاقے الشجاعیہ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا، جہاں اسرائیلی فوج صبح سے عمارتوں کو مسمار کرنے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکہ شٹ ڈاؤن: ایس این اے پی کا فائدہ بند، خوراک تقسیم کے مراکز پر لمبی قطاریں

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والا شخص جنگ بندی کی حدِ فاصل کے طور پر مقرر ’زرد لکیر‘ عبور کر کے ان کے اہلکاروں کے قریب پہنچ گیا تھا، تاہم اس الزام کے ثبوت پیش نہیں کئے گئے۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی افواج نے کم از کم۲۳۶؍ فلسطینیوں کو شہید اور ۶۰۰؍کو زخمی کیا ہے، وزارت نے بتایا کہ تباہ شدہ گھروں اور عمارتوں کے ملبے سے مزید۵۰۲؍ لاشیں بھی نکالی گئی ہیں جس سے اسرائیلی جنگ میں مجموعی اموات کی تعداد۶۸؍ ہزار۸۵۶؍ ہو گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK