Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ جنگ بندی مذاکرات: امریکہ اور اسرائیل نے اپنے وفود واپس بلالئے

Updated: July 26, 2025, 1:24 PM IST | Agency | Washington

امریکہ کے نمائندۂ خصوصی نےکہا کہ اب ہم یرغمالوں کو واپس لانے اور غزہ کے عوام کیلئے مستحکم حالات پیدا کرنے کیلئےمتبادل طریقوں پر غور کریں گے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

امریکہ اور اسرائیل نے مصر اور قطر کی ثالثی میں دوحہ میں ہونے والے غزہ جنگ بندی مذاکرات سے  اپنے وفود واپس بلالئے۔یہ خبرایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے دی ہے  ۔اسرائیل وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق گزشتہ روز حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر اپنا جواب جمع کرانے کے بعد مذاکرات کار مشاورت کیلئے واپس بلائے گئے ہیں۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی نمائندۂ خصوصی اسٹیو وٹکوف کا کہنا  ہے کہ ثالثوں نے بہت کوشش کی لیکن حماس کی نیک نیتی اور غزہ جنگ بندی کی خواہش نظر نہیں آئی، اب ہم یرغمالوں کو واپس لانے اور غزہ کے عوام کیلئے مستحکم ماحول لانے کےمتبادل طریقوں پر غور کریں گے۔
 اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی الزام لگایاتھا کہ حماس جنگ کے خاتمے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔یاد رہے کہ ثالثین گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے سے دوحہ میں اسرائیل اور حماس کے وفود کے درمیان مذاکرات میں مصروف رہے لیکن اس میں کوئی بڑی پیش رفت حاصل نہیں ہو سکی۔
  خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ایک فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ حماس نے اپنے جواب میں امداد کی رسائی، ان علاقوں کے نقشوں جہاں سے اسرائیلی فوج کو انخلا کرنا ہے اور جنگ کے مستقل خاتمے کی ضمانتوں سے متعلق شقوں میں ترامیم کی تجاویز پیش کی تھیں۔
حماس کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کا اعتراف
 دریں اثناء امریکی محکمہ خارجہ  کے نائب ترجمان ٹامی پگٹ نے حماس کےساتھ مذاکرات ناکام ہونے کا اعتراف کیا ہے، کہا کہ مغویوں کی رہائی کیلئے کوئی اور طریقہ اپنایا جائے گا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ دوحہ میں مذاکرات کے دوران حماس کا رویہ شرمناک رہا، اس کی جانب سے مذاکرات کی کامیابی کیلئے سنجیدگی نہیں دکھائی گئی۔ غزہ کے مکین حماس کی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں، غزہ میں متاثرین تک امداد پہنچانے کیلئے پُرعزم ہیں۔ غزہ کی موجودہ صورتحال سے اچھی طرح واقف ہیں، یقینی بنانا ہے کہ غزہ میں جانے والی امداد حماس کے ہاتھ نہ آئے۔  نئی پالیسی کے تحت امداد شراکت دار ممالک کو دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ  امریکہ کو تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان کشیدگی پرتشویش ہے۔  
اسرائیلی آباد کاروں کیلئے اسمارٹ سٹی  کا منصوبہ
 دریں اثناءغیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ میں دائیں بازوں کے سیاستدانوں اور آباد کاروں نے تباہ حال غزہ سے وہاں کے مقامی آباد کو زبردستی بےدخل کرکے آباد کاروں کیلئے اسمارٹ سٹی کا منصوبہ بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ 

مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی امید
’ القاہرہ نیوز ٹی وی‘ نے جمعہ کو مصری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل حماس کے جواب کا جائزہ لے رہا ہے جس کے بعدغزہ جنگ بندی مذاکرات اگلے ہفتے دوبارہ شروع ہونے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK