Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ حکومت کی امن بورڈنمائندے کے ۶۰۲؍ امدادی ٹرکوں کے داخلے کے دعویٰ کی تردید

Updated: April 10, 2026, 9:03 PM IST | Gaza

غزہ حکومت نے امن بورڈ کے نمائندے کے ۶۰۲؍امدادی ٹرکوں کے داخلے کے دعوے کی تردید کی، میڈیا دفتر کے مطابق جمعرات کو صرف ۲۰۷؍ٹرک داخل ہوئے، جن میں سے محض ۷۹؍ امدادی سامان لا رہے تھے جبکہ بقیہ نجی کمپنیوں کے تھے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

غزہ کی سرکاری میڈیا دفتر نے جمعہ کو بورڈ آف پیس کے نمائندے نیکولائی ملادینوف کے اس دعوے کی تردید کی کہ ایک روز قبل۶۰۲؍ امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے تھے۔ میڈیا دفتر نے کہا کہ صرف ۲۰۷؍ٹرک غزہ میں داخل ہوئے، جن میں سے۷۹؍ انسانی امداد لا رہے تھے۔واضح رہے کہ ملادینوف، جو غزہ کے بورڈ آف پیس کے اعلیٰ نمائندے ہیں، نے جمعرات کو امریکی سوشل میڈیا کمپنی ایکس پر کہا تھا کہ ’’آج۶۰۲؍ ٹرک ان خاندانوں کے لیے ضروری سامان لے کر غزہ میں داخل ہوئے جو طویل انتظار سے گزر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’امداد کی ترسیل میں اضافہ روزانہ کی بنیاد بننی چاہیے، مستثنیٰ نہیں۔‘‘ تاہم اس کے جواب میں غزہ میڈیا دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ملادینوف کے اعداد و شمار جعلی، غلط اور قابل اعتبار نہیں ہیں۔‘‘ بعد ازاں بیان میں کہا گیا،’’ ۹؍ اپریل کے اصل اعداد و شمار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ غزہ کی پٹی میں صرف۲۰۷؍ ٹرک داخل ہوئے، جن میں سے۷۹؍ امدادی ٹرک تھے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: پاکستانی وزیرِ دفاع نے اسرائیل کو سرطانی ریاست کہا، اسرائیل کی مذمت، پوسٹس حذف

انہوں نے مزید کہا  کہ باقی ٹرک نجی کمپنیوں کے لیے تجارتی سامان لے جا رہے تھے۔میڈیا دفترنے کہا کہ ’’غزہ میں داخل ہونے والے ٹرکوں کی تعداد انسانی امداد کی مطلوبہ تعداد کو پورا نہیں کرتی اور کسی بھی طرح اس بڑھتی ہوئی امداد کی عکاسی نہیں کرتی جس کا دعویٰ ملادینوف نے کیا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی شرائط پر ۳۸؍ فیصد سے کم عملدرآمدکیا ہے۔مزید برآں بیان میں کہا گیا، ’’حقائق کو مسخ کرنا تباہی کی شدت کو چھپا نہیں سکتا، نہ ہی یہ کسی بھی فریق کو اس کی قانونی اور انسانی ذمہ داریوں سے بری کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے غزہ میں شہریوں کو بچانے کے لیے بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: لبنان پرغصہ نکالنے والے اسرائیل کی چوطرفہ مذمت

واضح رہے کہ غزہ میڈیا دفتر کے مطابق، اکتوبر میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے انسانی پروٹوکول میں روزانہ۶۰۰؍ امدادی ٹرکوں بشمول۵۰؍ ایندھن ٹرکوں کی غزہ میں داخلے کی شرط رکھی گئی تھی، لیکن اسرائیل کی تعمیل۳۸؍ فیصد سے تجاوز نہیں کر پائی۔تاہم فلسطین کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، اسرائیلی افواج نے۱۰؍ اکتوبر۲۰۲۵ء سے جاری جنگ بندی کے روزانہ خلاف ورزیوں میں۱۸؍ مارچ تک۷۳۶؍ افراد کو شہید اور۲۰۳۵؍ کو زخمی کر دیا ہے۔یہ بھی یاد رہے کہ اسرائیل نے اکتوبر۲۰۲۳ء میں غزہ پر جنگ شروع کی تھی، جس میں۷۲؍ ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور تقریباً ایک لاکھ ۷۲؍ ہزار زخمی ہوئے،اس کے علاوہ غزہ کے۹۰؍ فیصد شہری ڈھانچے کو تباہ کر دیا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK