Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ : مزید ۱۰۰؍ سے زائد شہید،۷۰؍ افراد خان یونس میں امدادی مرکز پر مارے گئے

Updated: June 19, 2025, 1:27 PM IST | Agency | Ramallah

انروا نے شدید تشویش ظاہر کی اور کہا کہ’’غزہ کے بھوکے لوگ اُس وقت قتل کئے جا رہے ہیں جب وہ اپنے خاندان کیلئے خوراک لینے آتے ہیں۔‘‘

Several people have been martyred so far in Israeli attacks on aid centers in Gaza. Photo: INN
غزہ میں امدادی مراکز پر اسرائیلی حملوں میںاب تک متعدد شہید ہوچکے ہیں۔ تصویر: آئی این این

غزہ کے طبی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا ہےکہ منگل کی صبح سے بدھ کی شام تک غزہ پٹی میں تقریباً ۱۰۰؍ فلسطینی قتل ہو چکے ہیں، جن میں سے کم از کم ۷۰؍ افراد خان یونس میں امدادی مرکز کے قریب مارے گئے۔ اسرائیلی فوج نے اس واقعے پر کوئی فوری تبصرہ نہیں کیا، حالاں کہ یہ واقعہ اُن متعدد ہلاکت خیز واقعات کا تسلسل ہے جو گزشتہ مہینوں میں پیش آ چکے ہیں اور عالمی سطح پر مذمت کا باعث بنے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی ریلیف ایجنسی (انروا) نے بھی اس صورت حال پر شدید تشویش ظاہر کی اور کہا کہ’’غزہ کے بھوکے لوگ اُس وقت قتل کئے جا رہے ہیں جب وہ اپنے خاندان کیلئے خوراک لینے آتے ہیں۔ ‘‘ 
 ایجنسی نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کے زیر نگرانی سابقہ محفوظ، مؤثر اور وسیع تر امدادی نظام کو بحال کیا جائے۔ اسی تناظر میں، فلسطینی تنظیم حماس نے بھی بیان دیا کہ امدادی مراکز ’اجتماعی موت کے پھندے‘‘ بن چکے ہیں جنہیں قتل اور ذلت کا ذریعہ بنایا گیا ہے۔ حماس نے مطالبہ کیا کہ ایک محفوظ، آزاد اور بین الاقوامی امدادی نظام فوری طور پر قائم کیا جائے اور ساتھ ہی عرب و اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس ’’قتل عام‘‘ کو روکنے اور محاصرہ ختم کروانے کیلئے فوری مؤثر اقدام کریں۔ مقامی و بین الاقوامی انسانی تنظیمیں پہلے ہی متعدد بار غزہ میں سیکوریٹی اور انسانی صورت حال کی بگڑتی ہوئی حالت پر تشویش ظاہر کر چکی ہیں ۔ اس دوران فلسطینی اراضی میں فلسطین این جی اوز نیٹ ورک ) نے خبردار کیا ہےکہ غزہ پٹی میں امریکی امداد کی تقسیم کا طریقہ کار اُن لاکھوں افراد کی زندگیوں کیلئے براہِ راست خطرہ بن چکا ہے جو بھوک کا شکار ہیں، خاص طور پر جبکہ امدادی مراکز پر عام شہریوں کو منظم طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ نیٹ ورک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خان یونس شہر میں پیش آنے والا خونیں واقعہ اس امر کا ثبوت ہے جہاں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے امریکی تنظیم ’غزہ ہیومن ٹیرین فاؤنڈیشن‘ کے زیر انتظام امدادی مرکز کے قریب درجنوں افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK