Updated: August 27, 2025, 9:01 PM IST
| Gaza
بارسلونا کے میئر جومے کولبونی نے اعلان کیا ہے کہ غزہ اور دیگر فلسطینی شہروں کو علامتی طور پر شہر کا ۱۱؍واں ضلع قرار دیا جائے گا تاکہ تعاون اور یکجہتی کو ادارہ جاتی شکل دی جا سکے۔ اس اقدام کے تحت ۱۰؍لاکھ یورو کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور انروا فنڈنگ بھی دوگنی کر دی گئی ہے۔
بارسلونا کے میئر جومے کولبونی نے منگل کو اعلان کیا کہ غزہ اور دیگر فلسطینی شہروں کو علامتی طور پر بارسلونا کا ۱۱؍واں ضلع قرار دیا جائے گا تاکہ تعاون اور یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے۔ کولبونی نے اردن کے دورے کے دوران یہ منصوبہ پیش کیا اور کہا کہ نیا ضلع بارسلونا کی بلدیاتی ڈھانچے کے اندر ایک تکنیکی اور بجٹ پر مبنی اکائی ہوگا۔ یہ شہر کے موجودہ ۱۰؍اضلاع کی تکمیل کرے گا اور فلسطینی شہروں اور اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (UNRWA) کے ساتھ تمام تعاون کے منصوبوں کو مربوط کرے گا۔ انہوں نے کہا:’’یہ اب محض دوروں پر مبنی وقتی تعاون نہیں رہا، بلکہ ایک مستقل ڈھانچہ ہے، جسے بلدیاتی ماہرین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا ہی ڈھانچہ فلسطینی سرزمین میں یا ضرورت پڑنے پر اردن میں بھی بنایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امن نہ ہونے پر روس اور یوکرین پر تباہ کن پابندیاں، ٹرمپ کا انتباہ
یہ تصور ۱۹۹۵ءکی اس مثال پر مبنی ہے جب بارسلونا نے سربرینیتسا نسل کشی کے بعد بحالی میں مدد کیلئے سراجیوو کو علامتی طور پر اپنا ۱۱؍واں ضلع قرار دیا تھا۔ یہ اقدام، جس کیلئے ابتدائی طور پر ۱۰؍لاکھ یورو (۱۶ء۱؍ ملین ڈالر) مختص کئے گئے ہیں، اس سال کے آخر میں شروع ہوگا اور اس کا مقصد درمیانی اور طویل مدتی افق پر تعمیر نو کے کام کو شامل کرنا ہے۔ اسی ہفتے، کولبونی نے اعلان کیا کہ وہ انرواکیلئے خوراک اور دوائیوں کی فنڈنگ ۲؍ لاکھ یورو سے بڑھا کر۴؍ لاکھ یوروکریں گے اور کہا کہ وہ غزہ، راملہ اور بیت لحم جیسے شہروں کے ساتھ تکنیکی تعاون کو بلدیاتی عملے، کونسل ڈھانچوں اور شہری وسائل کے ذریعے مستحکم اور وسعت دیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: روس کی سلامتی کونسل پر تنقید، امریکہ پر غزہ میں پیش رفت روکنے کا الزام
اختتامِ ہفتہ پر کولبونی نے بتایا کہ انہوں نے اسرائیل اور فلسطین کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن اسرائیلی حکام نے انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا:’’ہم تعاون اور امن کے ایک مشن کا آغاز کرنے جا رہے تھے، بیت لحم اور رام اللہ کے میئروں پر توجہ دیتے ہوئے۔ مقصد یہ تھا کہ فلسطینی شہروں کی حقیقت کو قریب سے جان سکیں اور اس نازک وقت میں بارسلونا کی جانب سے امداد کے راستے تلاش کریں۔ ‘‘