Inquilab Logo Happiest Places to Work

امن نہ ہونے پر روس اور یوکرین پر تباہ کن پابندیاں، ٹرمپ کا انتباہ

Updated: August 27, 2025, 8:14 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین اور روس امن کی طرف پیش رفت کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو ان دونوں کو تباہ کن پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Trump and Zelensky. Photo: INN.
ٹرمپ اور زیلنسکی۔ تصویر: آئی این این۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین اور روس امن کی طرف پیش رفت کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو ان دونوں کو تباہ کن پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ منگل کو واشنگٹن سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے زور دیا کہ کیف بھی الزام سے مبرا نہیں ہے اور دونوں فریق چار سال سے زیادہ عرصے سے تباہ کن تنازع کے ذمہ دار ہیں۔ ٹرمپ نے کہا:’’زیلنسکی بھی بالکل بے گناہ نہیں ہے۔ میں اس کے ساتھ اب ٹھیک تعلقات رکھتا ہوں، لیکن ہمارا رشتہ اب بہت مختلف ہے کیونکہ ہم اب یوکرین کو کوئی پیسہ نہیں دے رہے، ‘‘ ٹرمپ نے اس معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جس کے تحت نیٹو کے رکن ممالک کیف کے استعمال کے لیے امریکی ہتھیار خریدتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا:زیادہ تر نوجوان لوگ ہر ہفتے مر رہے ہیں۔ اگر میں اس کو روک سکوں، پابندیاں لگا کر، یا صرف اپنی شخصیت کے ذریعے، یا ایک مضبوط اور مہنگا ٹیرف سسٹم لاگو کرکے جو روس یا یوکرین یا جس پر بھی بھاری پڑے، تو میں ایسا کروں گا۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل میں لاکھوں افراد کا احتجاج، غزہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا مطالبہ

ٹرمپ نے اپنے پیش رو جو بائیڈن پر بھی الزام عائد کیا کہ انہوں نے یوکرین کو روس کے ساتھ جنگ میں ملوث ہونے دیا۔ انہوں نے کہا:’’کوئی بھی جنگ میں یہ سوچ کر نہیں جاتا کہ وہ ہار جائے گا۔ وہ جاتے ہیں – مجھے یقین ہے کہ یوکرین نے سوچا ہوگا کہ وہ جیت جائیں گے۔ لیکن وہ ایسے ملک سے لڑنے جا رہے تھے جو ان سے ۱۵؍گنا بڑا ہے۔ بائیڈن کو یہ ہونے نہیں دینا چاہئے تھا۔ ‘‘امریکی صدر نے ایک بار پھر ’معاشی جنگ ‘شروع کرنے کی دھمکی دی اور خبردار کیا کہ ماسکو کی بے عملی کی صورت میں نئی اور تباہ کن تجارتی پابندیاں لگ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا:’’ہم خاتمہ چاہتے ہیں۔ ہمارے پاس معاشی پابندیاں ہیں۔ میں معاشی بات کر رہا ہوں کیونکہ ہم کسی عالمی جنگ میں نہیں جائیں گے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: روس کی سلامتی کونسل پر تنقید، امریکہ پر غزہ میں پیش رفت روکنے کا الزام

سلامتی کی ضمانتیں 
ہفتوں سے صدر ٹرمپ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی پر زور دے رہے ہیں کہ وہ امریکہ کے الگ الگ دوروں کے دوران آمنے سامنے ملاقات کریں تاکہ براہ راست مذاکرات ہو سکیں۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے زیلنسکی کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا، جسے ٹرمپ نے ’بکواس‘ اور ’ڈھونگ‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ روسی حکام کی جانب سے سمجھوتہ کرنے سے انکار ہے۔ علاوہ ازیں، امریکہ اور یورپی اتحادی یوکرین کیلئے سلامتی کی ضمانتوں پر کام کر رہے ہیں۔ برطانوی اخبار فائنانشل ٹائمز نے یورپی اور یوکرینی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مغربی اتحادی جنگ بندی کے بعد یوکرین کیلئے تین سطحی سلامتی کا منصوبہ تیار کر رہے ہیں۔ ان اقدامات میں فضائی دفاعی تعاون، انٹیلی جنس کی شراکت داری، اور جنگ کے بعد یوکرین کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے یورپی افواج کی ممکنہ تعیناتی شامل ہوگی۔ 
 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK