وزیرِ اعظم نریندر مودی نے غزہ امن اجلاس میں شرکت کے بجائے اپنے خصوصی سفیر کیرتی وردھن سنگھ کو مصر بھیجا۔ یہ فیصلہ پاکستان کے وزیرِ اعظم کی ممکنہ موجودگی اور سفارتی حساسیت کے پیشِ نظر کیا گیا۔
EPAPER
Updated: October 13, 2025, 1:09 PM IST | New Delhi
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے غزہ امن اجلاس میں شرکت کے بجائے اپنے خصوصی سفیر کیرتی وردھن سنگھ کو مصر بھیجا۔ یہ فیصلہ پاکستان کے وزیرِ اعظم کی ممکنہ موجودگی اور سفارتی حساسیت کے پیشِ نظر کیا گیا۔
ہندوستان نے وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ، کیرتی وردھن سنگھ کو وزیرِ اعظم نریندر مودی کے خصوصی سفیر کے طور پر غزہ امن سربراہی اجلاس میں ملک کی نمائندگی کیلئے بھیجا ہے، جو پیر کو شرم الشیخ، مصر میں منعقد ہو رہا ہے۔ سنگھ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ مودی کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے اس اجلاس میں شرکت کیلئے قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم مودی نے غزہ اجلاس میں شرکت کیوں نہیں کی؟
یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب وزیرِ اعظم مودی کو سنیچر کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے اجلاس میں شرکت کی آخری لمحات میں دعوت موصول ہوئی۔ مودی ان ۲۰؍ سے زائد عالمی لیڈران میں شامل تھے جنہیں صدر ٹرمپ اور صدر السیسی نے اس اجلاس میں مدعو کیا تھا۔ روزنامہ انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، حکومت نے مودی کے بجائے کیرتی وردھن سنگھ کو بھیجنے کا فیصلہ اس لئے کیا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی بھی شرکت متوقع ہے۔ نئی دہلی کے حکام کسی ایسے غیر متوقع سفارتی لمحے سے بچنا چاہتے تھے جو اس اجلاس میں ٹرمپ اور شریف دونوں کی موجودگی میں پیدا ہو سکتا تھا۔ اگرچہ بہت سے لوگوں کو توقع تھی کہ مودی ذاتی طور پر اجلاس میں جائیں گے اور ممکنہ طور پر ٹرمپ سے ملاقات بھی کریں گے، لیکن حکومت نے اس بار ایک احتیاط پسندانہ اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ہرشا بھوگلے کی عوام سے کبوتروں کو دانہ نہ ڈالنے کی اپیل
اجلاس میں کون شریک ہو رہا ہے؟
یہ اجلاس پیر کی دوپہر کو منعقد ہوگا اور اس کی صدارت صدر السیسی اور صدر ٹرمپ مشترکہ طور پر کریں گے۔ ۲۰؍ سے زائد ممالک کے لیڈران کی شرکت متوقع ہے، جن میں جرمن چانسلر فریڈرش مرٹز، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، ہسپانوی وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس شامل ہیں۔ مصری صدراتی دفتر کے مطابق، اجلاس کا بنیادی مقصد غزہ میں جاری تنازع کا خاتمہ، مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن و استحکام کو فروغ دینا، اور علاقائی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کرنا ہے۔ یہ اجلاس صدر ٹرمپ کے مشرقِ وسطیٰ کے امن منصوبے کو آگے بڑھانے اور عالمی تناؤ کو کم کرنے کی ایک کوشش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مسلم آبادی سے متعلق امیت شاہ کے بیان پر ہنگامہ، نفرت کی آگ بھڑکانے کا الزام
ہندوستان کیلئے ایک اسٹریٹجک موقع
صدر ٹرمپ اتوار کو اسرائیل اور مصر کے دورے پر پہنچے تاکہ امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے کو نشان زد کر سکیں۔ وہ علاقائی لیڈران پر زور دینے والے ہیں کہ وہ اس موقع کو استعمال کر کے پائیدار امن کی بنیاد رکھیں۔ ہندوستان کیلئے اس اجلاس میں شرکت ایک موقع ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فعال موجودگی ظاہر کرے، فلسطینی عوام کی حمایت کا اعادہ کرے، اور مصر کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنائے۔ یاد رہےکہ ۹؍ اکتوبر کو جب جنگ بندی اور یرغمالی معاہدے کا اعلان ہوا، تو وزیرِ اعظم مودی نے ٹرمپ سے بات کی اور اسے غزہ میں امن کیلئے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا۔ یہ معاہدہ مصر میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کا نتیجہ تھا، جو ٹرمپ کے فلسطینی علاقوں کیلئے ۲۰؍ نکاتی امن فریم ورک کا حصہ تھے۔