• Fri, 28 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جی ڈی پی گروتھ ۶ء۶؍ فیصد رہنے کا امکان

Updated: November 28, 2025, 3:51 PM IST | Agency | Washington

آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی معیشت دنیا کی تیزی سے بڑھنے والی بڑی معیشتوں میں شامل رہے گی۔

The IMF report is reassuring for investors. Photo: INN
آئی ایم ایف کی رپورٹ سرمایہ کاروں کیلئے اطمینان بخش ہے۔ تصویر:آئی این این
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا کہ عالمی غیر یقینی حالات جیسے بیرونی چیلنجز کے باوجودہندوستان کی معیشت مضبوط رہے گی۔ مالی سال ۲۶-۲۰۲۵ء میں ہندوستان کی جی ڈی پی گروتھ ۶ء۶؍ فیصد رہنے کا امکان ہے۔
اگلے سال (مالی سال۲۷-۲۰۲۶ء) یہ شرح کچھ کم ہو کر۶ء۲؍فیصدتک آسکتی ہے۔ اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے اپنی تازہ ترین ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ ہندوستان میں مہنگائی قابو میں رہے گی۔
 ہندوستان کی گروتھ تیز کیوں رہے گی؟
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی معیشت دنیا کی تیزی سے بڑھنے والی بڑی معیشتوں میں شامل رہے گی۔مالی سال ۲۵-۲۰۲۴ءمیں۶ء۵؍فیصدگروتھ کے بعد ۲۶-۲۰۲۵ءکی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی ۷ء۸؍ فیصد بڑھ چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایسا مضبوط گھریلو ڈیمانڈاور بہتر معاشی حالات کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔
رپورٹ کہتی ہے کہ بیرونی رکاوٹوں کا اثر ہندوستان پر کم پڑے گا۔ گروتھ کو مضبوط بنانے کا کریڈٹ گھریلو عوامل کو دیا گیا ہے جو ہندوستان کی معیشت کو زیادہ لچکدار بناتے ہیں۔
آئی ایم ایف نے کہاکہ مہنگائی کنٹرول میں رہے گی۔ یعنی آنے والے مہینوں میں قیمتیں مستحکم رہیں گی۔ ہندوستان میں مہنگائی پہلے ہی ریزرو بینک آف انڈیا کے ہدف کے قریب ہے جس سے معیشت کو تقویت ملے گی۔ مہنگائی قابو میں ہونے سے صارفین کا اعتماد بڑھے گا اور سرمایہ کاری کو بھی سہارا ملے گا۔
آئی ایم ایف سے پہلے عالمی بینک اور ریزرو بینک آف انڈیا (آربی آئی)بھی  ہندوستان کی جی ڈی پی گروتھ کے تخمینے بڑھا چکے ہیں۔ عالمی بینک نے گزشتہ ہفتے مالی سال ۲۰۲۶ء کے لئے اپنا اندازہ۶ء۳؍فیصدسے بڑھا کر۶ء۵؍فیصدکیا جس کی وجہ مضبوط کھپت اور جی ایس ٹی اصلاحات کو بتایا گیا۔ اسی طرح آر بی آئی نے بھی اپنا تخمینہ۶ء۵؍فیصدسےبڑھا کر ۶ء۸؍ فیصدکر دیا ہے۔
بیرونی رکاوٹیںکیا ہیں اور گروتھ کیسے برقرار رہے گی؟
آئی ایم ایف نے جن بیرونی رکاوٹوں کا ذکر کیا ہے ان میں عالمی تجارتی کشیدگیاں، بلند شرحِ سود اور سپلائی چین جیسےمسائل شامل ہیں لیکن رپورٹ کے مطابق سازگار گھریلو حالات کی وجہ سے ہندوستان کی گروتھ ان چیلنجز کے باوجود مضبوط رہے گی۔
ہندوستان کی مضبوط گھریلو ڈیمانڈ اور پالیسی سپورٹ اس کے لئے اہم سہارا ثابت ہوں گے۔ گزشتہ برسوں کے دوران ہندوستان نے کووڈ اور عالمی بحرانوں پر تیزی سے قابو پایاہے جو اس بار بھی مددگار رہے گا۔
آئی ایم ایف کے ماہر نے کیا کہا؟
آئی ایم ایف کے سینئر اہلکار نے کہا،’’یہ تخمینہ ہندوستان کو چین اور دیگر ابھرتی معیشتوں سے آگے رکھتا ہے۔ گھریلو عوامل گروتھ کو پائیدار بنائیں گے۔‘‘یہ بیان آئی ایم ایف کی تازہ میٹنگز اور ڈیٹا تجزیے پر مبنی ہے۔
ہندوستان کی معیشت کہاں پہنچے گی؟
آئی ایم ایف کی رپورٹ واضح کرتی ہے کہ  ہندوستان اگلے دو برس تک۶؍فیصد سے زیادہ کی گروتھ برقرار رکھے گا۔ یہ عالمی معیشت کے لئے بھی مثبت اشارہ ہے،کیونکہ ہندوستان ایک بڑا  بازار اور مینوفیکچرنگ ہب بن رہا ہے۔اگر مستقبل میں حکومت انفراسٹرکچر اور اسکل ڈیولپمنٹ پر توجہ برقرار رکھے تو گروتھ۷؍فیصد تک جا سکتی ہے لیکن بیرونی خطرات جیسے تیل کی قیمتیں اورماحولیا تی تبدیلیوں پر نظر رکھنی ضروری ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK