Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلسطینیوں کی نسل کشی دنیا کی تاریخ کا المناک دور ہے: آئرلینڈ

Updated: August 25, 2025, 2:26 PM IST | Agency | Dublin

اس یورپی ملک کے صدر نے کہا کہ اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم کے احتساب سے بچاناجمہوریت کیلئے خطرہ ہے۔

Michael D. Higgins. Photo: INN
مائیکل ڈی ہیگنز۔ تصویر: آئی این این

آئرلینڈ کے صدر مائیکل ڈی ہیگنز نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی کو ’دنیا کی تاریخ کا ایک المناک دور ‘قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم کے احتساب سے بچانا ہی جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب صرف دو روز قبل اقوام متحدہ نے غزہ میں قحط کا باضابطہ اعلان کیا، جو مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا پہلا اعلان ہے۔ عالمی ادارے نے واضح کیا کہ یہ قحط دراصل قابض اسرائیل کی منظم رکاوٹوں اور دانستہ عداوت کی وجہ سے پیدا ہوا، ورنہ اس المیے کو روکا جا سکتا تھا۔
 اقوام متحدہ کا اعلان ’فوڈ سیکوریٹی کے مربوط تجزیے‘(آئی پی سی) کی رپورٹ پر مبنی ہے جس کا مقصد غذائی سلامتی اور تغذیہ سے متعلق درست فیصلے کرنے کیلئے جامع تحقیق کرنا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ غزہ اس وقت قحط کے بدترین منظرنامے کی طرف بڑھ رہا ہے۔
 صدر ہیگنز نے آئرش ریڈیو آر ٹی ای ون کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’’ہم اس وقت ایسے مرحلے پر ہیں جہاں احتساب کا وجود ہی ختم ہوتا جا رہا ہے۔ یہ ایک غیر معمولی لمحہ ہے جہاں اسرائیلی کابینہ کے تین وزراء کھلے عام غیر قانونی اقدامات کی وکالت کر رہے ہیں مگر انہیں بین الاقوامی قانون کی کوئی پرواہ نہیں ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’ غزہ میں جو نسل کشی ہو رہی ہے ، اسے دنیاوی سیاسی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے کردار کو مضبوطی سے اجاگر کرے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ قابض اسرائیل غزہ میں اجتماعی نسل کشی کر رہا ہے ۔‘‘
 آئرلینڈ کے صدر نے مزید زور دیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب ہفتم کو فعال کیا جائے تاکہ ایک عالمی فورس قائم کی جا سکے جو ہر حال میں غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے، چاہے سلامتی کونسل میں کوئی ملک ویٹو کا استعمال کرے۔
 واضح رہے کہ قابض اسرائیل گزشتہ ۲۲؍ ماہ سے غزہ پر وحشیانہ جنگ مسلط کیے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں اب تک۶۲؍ ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ غزہ میں انسانی صورتحال تباہی کے دہانے پر ہے۔ اسرائیلی محاصرے نے قحط کو جنم دیا ہے اور حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ اس دوران قابض اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ شہریوں اور بے گھر خاندانوں سے بھری غزہ کی گنجان آباد شہر کو بھی براہِ راست قبضے میں لینے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK