Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی: ’ڈوم اسکرولرز‘ کیلئے ملازمت؛ انسٹاگرام، یوٹیوب کا اسکرین ٹائم ۶ گھنٹے سے زیادہ ہونا ضروری

Updated: August 25, 2025, 9:11 PM IST | Mumbai

سوشل میڈیا پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کئی صارفین نے نشان دہی کی کہ کس طرح ڈجیٹل دور میں ”وقت ضائع کرنے“ اور ”کریئر بنانے“ کے درمیان کی لکیر دھندلا رہی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ممبئی کی ایک کمپنی نے اب تک کی سب سے غیر معمولی ملازمت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت وہ ”ڈوم اسکرولرز“ کی خدمات حاصل کر رہی ہے۔ جی ہاں، اس کردار کیلئے درخواست دہندگان کا انسٹاگرام اور یوٹیوب پر ۶ گھنٹوں سے زائد وقت گزارنا ضروری ہے۔ ویراج شیٹھ، جو ’مونک-ای‘ (Monk-E) کے شریک بانی اور سی ای او ہیں، نے لنکڈ اِن پر اس ملازمت کا اعلان کیا جس نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ہلچل مچادی۔

اپنی پوسٹ میں، شیٹھ نے اس ملازمت کیلئے ۶ اہم ضروریات بیان کیں، جن میں سے ایک خاص طور پر توجہ طلب شرط تھی: انسٹاگرام اور یوٹیوب کا مشترکہ اسکرین ٹائم روزانہ ۶ گھنٹے سے زیادہ ہونا چاہئے۔ امیدواروں کو اپنی آن لائن سرگرمی کے ثبوت کے طور پر اسکرین شاٹس فراہم کرنا ہوں گے۔ دیگر صلاحیتوں میں ”کونٹینٹ کریئٹرز اور ان کے کلچر کے بارے میں جنون“، انٹرنیٹ پر موجود ہر نئے کونٹینٹ کریئٹر کو جاننا اور صبح کے اخبار پڑھنے کی طرح ریڈٹ پر subreddit r/ICG کو مذہبی طور پر فالو کرنا شامل ہے۔ درخواست دہندگان کیلئے انگریزی اور ہندی پر مہارت رکھنا ضروری ہے اور ان میں اسپریڈ شیٹس کو سنبھالنے کی قابلیت بھی ہونی چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: روس میں مزدوروں کی قلت، ہندوستانیوں کی مانگ میں اضافہ

ملازمت کا کردار: پیشہ ورانہ ڈوم اسکرولنگ

ملازمت کی تفصیلات سے واضح ہوتا ہے کہ یہ ایک کل وقتی کردار ہے جو سوشل میڈیا پر تازہ ترین رجحانات، کونٹینٹ کریئٹرز اور آن لائن کلچر کو ٹریک کرنے پر مرکوز ہے۔ بنیادی طور پر، منتخب امیدوار کو وہ کام کرنے کیلئے تنخواہ دی جائے گی جو لاکھوں سوشل میڈیا صارفین روزانہ کرتے ہیں: لامتناہی اسکرولنگ۔

شیٹھ نے درخواست دہندگان کو اپنی درخواستوں میں مزاح اور شخصیت دکھانے کی ترغیب دی اور واضح طور پر انہیں ای میلز لکھتے وقت چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی چیٹ بوٹس کا استعمال نہ کرنے کی ہدایت دی۔ دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ای میل کے عنوان میں ”doomscroller“ لکھ کر careers@monk-e.in کے ذریعے درخواست دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کوکا کولا کوسٹا کافی کو فروخت کرنےکی کوشش کررہا ہے

سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل

سوشل میڈیا پر اس غیر روایتی ملازمت کا اشتہار وائرل ہوگیا جس کے بعد ملازمت تلاش کرنے کے مشہور پلیٹ فارم، لنکڈ اِن پر تفریحی اور پرجوش دونوں طرح کے پیغامات کا سیلاب آگیا۔ کچھ صارفین نے اس کردار میں حقیقی دلچسپی ظاہر کی جبکہ دوسروں نے اسے مزاحیہ انداز میں لیا۔ ایک صارف نے پوچھا، ”کیا یہ حقیقت ہے؟“ کسی نے لکھا، ”آخر کار، میں اپنی ماں کو بتا سکتا ہوں کہ میری اسکرولنگ کی عادت مجھے پیسے کما کر دے سکتی ہے۔“ مزید ایک صارف نے کہا، ”اس سے ثابت ہو جاتا ہے کہ دنیا میں ہر کسی کیلئے ایک نوکری ہے۔“ کئی صارفین نے نشان دہی کی کہ کس طرح ڈجیٹل دور میں ”وقت ضائع کرنے“ اور ”کریئر بنانے“ کے درمیان کی لکیر دھندلا رہی ہے۔ ہندوستان میں کونٹینٹ کریئٹرز کے کلچر میں تیزی کے ساتھ، ایک پیشہ ور ڈوم اسکرولر کی نوکری ابھی تک ۲۰۲۵ء کی سب سے انوکھی چیز ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK