Inquilab Logo

گھاٹکوپر: پیٹرول پمپ پر گرنے والی ہورڈنگ غیرقانونی تھی، مالک پر کیس درج

Updated: May 15, 2024, 7:00 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

پولیس کمشنر نے سخت کارروائی کا یقین دلایا ۔ اس سے قبل بی ایم سی ملزم سے غیر قانونی ہورڈنگز لگانے پر ۲۱؍ مرتبہ جرمانہ وصول کرچکی ہے۔ حادثہ کے بعد میونسپل کمشنر کے حکم پر۴؍غیرقانونی ہورڈنگز کو ہٹادیا گیا۔

Attempts are being made to remove the fallen hoarding at Chedangar petrol pump. Photo: INN
چھیڈانگر پیٹرول پمپ پر گر جانے والی ہورڈنگ کوہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تصویر : آئی این این

یہاں پیر کوطوفانی ہواؤں کی وجہ سے قوی ہیکل ہورڈنگ گرنے  کے حادثہ میں مہلوکین کی تعداد ۱۴؍ ہوگئی ہے۔ اس تعلق سے  پنت نگر پولیس نے ہورڈنگ لگانے والی کمپنی کے مالک کے خلاف کیس درج کر لیا ہے ۔ ممبئی پولیس کمشنر نے تفتیشی افسران کو ملزم کو جلد سے جلد تلاش کرکے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ملزم اور اس حادثہ کے تمام خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا یقین بھی دلایا ہے۔
پیر کو دیر رات گھاٹکوپر مشرق میں پنت نگر پولیس نے ہورڈنگ لگانے کا ٹھیکہ لینے والی کمپنی ایم  ایس ایگو میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک  اور ڈائریکٹر بھاویش پربھو داس بھینڈے ( ۵۱) کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ملزم کی کمپنی نے بی ایم سی اور دیگر کمپنیوں کی تشہیر کیلئے شہرو مضافات میں ہورڈنگز لگانے کیلئے ۱۰؍ سال کا ٹھیکہ لیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ مذکورہ کمپنی کے ڈائریکٹر کے خلاف بی ایم سی نے طے شدہ سائز سے بڑی سائز میں ہوڈنگز لگانے یا بغیراجازت ہورڈنگز لگانے پر ایک دو نہیں بلکہ ۲۱؍ مرتبہ کارروائی کی اور جرمانہ وصول کیا ہے۔ ملزم بھاویش بھینڈے جس نے ۲۰۱۹ء میں آزاد امیدوار کے طورپر اسمبلی الیکشن لڑا تھا، کے خلاف امسال ۲۴؍ جنوری کو ملنڈ پولیس اسٹیشن میں دست درازی اور آبرو ریزی کا کیس بھی درج کیا گیا تھا جس میں چارج شیٹ بھی داخل کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آندھی اور تیز بارش سے بچنے کیلئے لوگ پیٹرول پمپ پر جمع ہوگئے تھے

ملزم نے مذکورہ معاملات میں بامبے ہائی کورٹ سے پیشگی ضمانت بھی حاصل کر لی تھی۔ پیر کو گھاٹکوپر میں ہورڈنگ گرنے کے حادثہ میں پنت نگر پولیس نے ملزم بھاویش کے خلاف غیر قانونی طور پر ہورڈنگ لگانے اور کئی افراد کی ہلاکت کا سبب بننے، غیر ارادتاً قتل، دوسروں کی زندگی سے کھلواڑ کرنے اور بی ایم سی ایکٹ کے تحت کیس درج کیا ہے۔واضح رہے کہ گھاٹکوپر مشرق میں  چھیڈا نگر پیٹرول پمپ کے قریب ۱۰۰x۴۰؍فٹ کی غیر قانونی ہورڈنگ( بل بورڈ) گرنے سے ۱۴؍ افراد کی موت پر پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور مہلوکین اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا  اظہار کیا۔ انہوں نے اس حادثہ پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسران کو ملزم کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنے اور اس کے تمام مجرمانہ ریکارڈ کو اکٹھا کرنے کی ہدایت دی ہے ساتھ ہی پولیس کمشنر نے ملزم کو جلد تلاش کر لینے کا دعویٰ کرتے ہوئے نہ صرف ملزم بلکہ اس حادثہ کے تمام خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا ہے۔
پیٹرول پمپ پر ہورڈنگ گرنے کے حادثہ کے بعد میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے بھی جائے حادثہ کادورہ کیا اور وہاں جاری راحت کاری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پیٹرول پمپ پر گرنے والی ہورڈنگ غیرقانونی تھی۔ یہ بھی بتایا تھا کہ جہاں یہ حادثہ پیش آیا ہے، وہ ریلوے کی ملکیت ہے۔ انہوں نے حادثہ کے بعد اسی علاقے میں لگائی گئی دیگر ۴؍ ہورڈنگز کو نکالنے کا حکم جاری کیا جس پر فوری طو رپر عمل کیا گیا۔ یاد رہے کہ اس حادثہ میں ۷۴؍ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK